کوئلے کی وزارت
کوئلہ سکریٹری ڈاکٹر انیل کمار جین این سی ایل کی کارکردگی کا جائزہ لیا
50 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا
Posted On:
15 JUL 2022 5:01PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 15 جولائی وزارت کوئلہ کے سکریٹری ڈاکٹر انیل کمار جین نے کہا ہے کہ ناردرن کول فیلڈز لمیٹڈ (این سی ایل) پائیدار کوئلے کی کان کنی کو فروغ دینے کا خواہاں ہے جس کی جھلک کول منی رتن کے حالیہ اقدامات سے مل رہی ہے۔ جوائنٹ سکریٹری، محترمہ وسمتا تیج کے ہمراہ ڈاکٹر جین کمپنی کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے این سی ایل کے دورے پر تھے۔

این سی ایل کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، ڈاکٹر جین نے توانائی کے شعبے میں ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے کوئلے کی پیداوار کو بڑھانے اور پائیدار طریقے سے ترسیل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ماحولیات پر اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کان کنی کے عمل میں اختراعی ذرائع اختیار کرنے کی اپیل کی اور ٹیم این سی ایل پر زور دیا کہ وہ کاروباری تنوع کی حکمت عملی اپنائے۔اس موقع پر این سی ایل کے سی ایم ڈی جناب بھولا سنگھ، ڈی ٹی (پی اینڈ پی)، سی وی او اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
ڈاکٹر انیل کمار جین نے نگاہی علاقے میں 50 میگاواٹ کے سولر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ پلانٹ 129.35 ہیکٹر اراضی پر لگایا جائے گا جس کی کل بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت سالانہ 94 ملین یونٹ ہوگی اور اس سے کاربن کے اخراج میں سالانہ 78020 ٹن کمی آئے گی۔ یہاں پیدا ہونے والی بجلی این سی ایل کے ذریعہ آپریشنل اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ کمپنی نیٹ زیرو کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے آنے والے وقت میں قابل تجدید ذرائع سے 273 میگاواٹ بجلی پیداکرے گی۔

ڈاکٹر جین نے نگاہی اوپن کاسٹ کوئلے کی کان کا دورہ کیا اور کان کے آپریشن کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے جینت علاقے میں جاری فرسٹ میل کنیکٹیویٹی پروجیکٹ (کول ہینڈلنگ پلانٹ) کی جگہ کا بھی معائنہ کیا۔ این سی ایل 3100 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ ایسے نو فرسٹ میل کنیکٹیویٹی پروجیکٹوں پر کام کر رہا ہے جن میں سے دو پروجیکٹ پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں۔ 2023-24تک ان ایف ایم سی منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ، این سی ایل ماحول دوست اور مشینی موڈ کے ذریعہ پیدا ہونے والا پورا کوئلہ بھیجنے کے قابل ہو جائے گا۔
ڈاکٹر انیل کمار جین اور جوائنٹ سکریٹری محترمہ وسمیتا تیج نے اس دورے کے دوران کمپنی کے مختلف شراکت داروں بشمول کوئلے کے صارفین یعنی ممتاز بجلی کمپنیوں سے بات چیت کی۔

این سی ایل ، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش کے سنگرولی اور سون بھدرا ضلع میں واقع اپنی 10 انتہائی مشینی اوپن کاسٹ کانوں سے سالانہ 122 ملین ٹن سے زیادہ کوئلہ پیدا کرتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
(15.07.2022)
7648
(Release ID: 1842044)