جل شکتی وزارت
نوبل انعام یافتہ، پروفیسر مائیکل کریمر نے جل جیون مشن ،ڈی ڈی ڈبلیو ایس کے افسران سے ملاقات کی
‘ہر گھر جل’ پروگرام خاص طور پر بچوں میں صحت کے معیارات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے: پروفیسر کریمر
پانی کی محفوظ ذخیرہ اندوزی، پانی کی صفائی کی نئی اور سستی ٹیکنالوجی اور گاؤں میں نل کے پانی کی دستیابی پر اثرات کے مطالعے کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی
Posted On:
13 JUL 2022 8:41PM by PIB Delhi
نوبل انعام یافتہ پروفیسر مائیکل کریمر نے آج یہاں انتودیا بھون میں محترمہ وینی مہاجن، سکریٹری، پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے محکمے اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے سینئر افسران، یونیسیف اور دیگر سیکٹر پارٹنرز سے بات چیت کی۔
پروفیسر مائیکل کریمر ایک امریکی ترقیاتی ماہر اقتصادیات ہیں جنہیں عالمی غربت کے خاتمے کے لیے تجرباتی انداز میں ابھیجیت بنرجی اور ایستھر ڈوفلو کے ساتھ مشترکہ طور پر 2019 میں اقتصادیات کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔
پروفیسر کریمر نے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطالعے سے ایک اہم نتیجہ یہ نکلا ہے کہ اگر خاندانوں کو پینے کے لیے صاف پانی مہیا کر دیا جائے تو تقریباً 30 فیصد بچوں کی اموات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ اسہال خاص طور پر نوزائیدہ بچوں میں ایک بہت عام بیماری ہے۔ نوزائیدہ بچے پانی کی بیماریوں کے لیے حساس ہوتے ہیں اور ان کی تحقیق کے دوران کیے گئے سروے سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ ہر 4 میں سے 1 موت بچوں سے متعلق ہے جو کہ محفوظ اور صاف پانی کی فراہمی سے روکی جا سکتی ہے۔ اس لیے ’ہر گھر جل‘ پروگرام خاص طور پر بچوں میں صحت کے معیارات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پروفیسر کریمر کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ جل جیون مشن نہ صرف دیہی گھرانوں میں پانی مہیا کر رہا ہے بلکہ اس نے یہ بھی یقینی بنایا ہے کہ فراہم کیا جانے والا پانی مقررہ معیار کا ہو۔ اس سلسلے میں پانی کی جانچ کی لیبارٹری اور فیلڈ ٹیسٹ کٹس (FTKs) کے ذریعے کمیونٹی سرویلنس کے ذریعے پانی کے ذرائع اور اختتامی مقامات کی باقاعدہ جانچ کی گئی۔
محترمہ مہاجن نے پائیداری سے متعلق چیلنجوں پر روشنی ڈالی اور تجویز پیش کی کہ زمینی سطح پر رویے میں تبدیلی کی ضرورت ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پانی کا درست استعمال کیا جائے۔
یونیسیف، انڈیا کے چیف واش جناب نکولس اوسبرٹ نے بچوں کی صحت پر محفوظ پانی کے اثرات پر بات کی۔ دیگر سیکٹر پارٹنرز جیسے واٹر ایڈ اور واش انسٹی ٹیوٹ نے پینے کے صاف پانی کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
جناب وکاس شیل، اے ایس اور ایم ڈی، نیشنل جل جیون مشن نے کہا کہ جے جے ایم آپریشنل ریسرچ کے لیے نئے مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صحیح وقت تھا کہ اس طرح کے مطالعے کا آغاز کیا جائے کیونکہ گاؤں کوریج کے مختلف مراحل میں ہیں، جبکہ کچھ دیہاتوں میں 100 فیصد کوریج ہے، بہت سے دیہاتوں میں نل کے پانی کی جزوی فراہمی ہے جبکہ کچھ ابھی بھی سٹینڈ پوسٹ سے پانی لانے پر منحصر ہیں۔
پروفیسر کریمر نے مستقبل میں پانی کے محفوظ ذخیرے، نئی اور کم لاگت والی واٹر ٹریٹمنٹ ٹیکنالوجیز اور دیہاتوں میں نل کے پانی کی دستیابی پر اثرات کے مطالعے کے حوالے سے تعاون کا یقین دلایا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م ع۔ع ن
(U: 7530)
(Release ID: 1841368)
Visitor Counter : 116