وزارات ثقافت
مرکزی وزیر بشویسور ٹوڈو نے اڈیشہ میں پوری کے مقام پر 20 ویں لوک میلے اور 13 ویں کرشی میلے کا افتتاح کیا
پانچ روزہ اِن میلوں میں قبائلی فن، ثقافت اور زراعت کے شعبے میں جدت طرازی کو اُجاگر کیا گیا ہے
Posted On:
20 JUN 2022 9:09PM by PIB Delhi
قبائلی امور اور جل شکتی کے وزیر مملکت جناب بشویسور ٹوڈو آج اڈیشہ کے شہر پوری میں سردھابالی کے مقام پر 20 ویں لوک میلے (قومی قبائلی / لوک گیتوں اور رقص کا تہوار) اور 13 کرشی میلے 2022 کا افتتاح کیا۔ ان دونوں میلوں کا مقصد قبائلی ثقافت کو محفوظ کرنا اور زراعت کے شعبے میں جدت طرازی کو فروغ دینا ہے۔ یہ میلے 5 روز تک جاری رہیں گے اور 24 جون کو اختتام پذیر ہو جائیں گے۔

میلے کا افتتاح کرتے ہوئے جناب بشویسور ٹوڈو نے اس تقریب کے انعقاد اور گزشتہ دو دہائیوں سے مالا مال قبائلی فن اور ثقافت کو محفوظ رکھنے کی غرض سے گراں قدر کوششوں کے لئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سبھی پر زور دیا کہ وہ کرشی میلے میں اسٹالوں کو دیکھنے جائیں اور زرعی شعبے سے متعلق جدت طرازیوں اور تکنیکیوں کی معلومات حاصل کریں۔ وزیر موصوف نے ریاست میں قبائلی افراد کی فلاح وبہبود کی غرض سے مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا بھی یقین دلایا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اڈیشہ کے زراعت کے وزیر جناب رنیندر پرتاپ سوائن نے کہا کہ اڈیشہ قبائلی ثقافت سے مالا مال ہے اور ریاستی معیشت کے لئے اُن کا تعاون اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اڈیشہ زراعت کے شعبے میں ایک سرکردہ ریاست ہے اور یہ چاول اور دیگر فصلوں کی اضافی پیدا وار میں نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔
20 ویں لوک میلے 2022 کا مقصد قبائلی ثقافت کی اہمیت پر زور دینا ہے اور اس کے اصلیت اور انفرادیت کو برقرار رکھنا ہے۔ میلے کے ذریعہ قبائلی برادریوں کے گروپوں اور افراد کی مدد کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ وہ اپنی ہنر مندیوں کا مظاہرہ کرسکیں اور اپنی ثقافت کو محفوظ رکھ سکیں۔


13 واں کرشی میلہ زراعت سے متعلق جدت طرازیوں ، مصنوعات ، طریقہ کار اور خدمات فراہم کرنے والی سبھی تنظیموں اور کمپنیوں کے لئے ایک پلیٹ فارم ہے۔ اس نمائش میں زراعت اور اس سے وابستہ صنعت ، مینوفیکچررس، متعلقہ کاروباری اداروں ، تاجروں، بر آمد کاروں اور مشیروں کے سبھی پہلوؤں کی نمائندگی موجود ہے۔

آج کی اس افتتاحی تقریب میں کھاندا پارہ کے رکن اسمبلی اور سمواد گروپ کے بانی جناب سمیا رنجن پٹنائک اور پوری کے رکن اسمبلی جناب جینتا کمار سارنگی اور دیگر ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ میلے ایک غیر منافع بخش غیر سرکاری تنظیم (این جی او) شری شری چھیترا سوچانا (ایس ایس ایس) کے زیر اہتمام منعقد کئے جارہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۰۰۰۰۰۰۰۰
(ش ح- ع م- ق ر)
U-6726
(Release ID: 1835857)
Visitor Counter : 179