سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت

غور و خوض کے اجلاس میں ماہرین نے الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کے نقشہ راہ پر تبادلہ خیال کیا

Posted On: 21 APR 2022 4:44PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 22/اپریل۔ غور و خوض کے ایک اجلاس کے دوران ممتاز ماہرین نے الیکٹرک گاڑیوں کی تحقیق و ترقی کی ضروریات پر تبادلہ خیال کیا اور الیکٹرک گاڑیوں کے لئے مختلف ٹیکنالوجی کی خاطر نقشہ راہ پر غور کیا۔

سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمہ (ڈی ایس ٹی) کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر اکھلیش گپتا نے کہا کہ بھارت میں 2070 تک کاربن کے خاتمے کے حصول کے لئے ہمیں معیشت کے کئی شعبوں میں کاربن کو ختم کرنے کی ضرورت ہوگی۔ ٹرانسپورٹ ان میں سے ایک ایسا شعبہ ہے جس میں گاڑیوں کی الیکٹرک گاڑیوں اور گرین ہائیڈروجن والی گاڑیوں میں تبدیلی بہت اہم ہے۔ اجلاس میں مختلف فریقوں کے گروپوں سے وسیع شرکت کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈی ایس ٹی نے پچھلے چند برسوں میں الیکٹرک گاڑیوں میں تحقیق و ترقی کو فروغ دینے کے لئے قابل قدر کام کیا ہے اور اس طرح کی کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔

ایک دن کے اس غور و خوض کے اجلاس کا انعقاد 20 اپریل 2022 کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے محکمے (ڈی ایس ٹی) نے کیا تھا، جس کی صدارت ڈاکٹر اکھلیش گپتا نے کی۔

image001LLUP.jpg

ایک ایسے جامع ٹیکنالوجی پروگرام کی ضرورت ہے جس میں سالڈ اسٹیٹ بیٹری جیسے مناسب بیٹری نظام کا فروغ شامل ہے جو استوائی خطوں میں بہت زیادہ درجہ حرارت میں بھی کام کرسکے۔ اس کے علاوہ پروگرام مینجمنٹ میں مناسب لچک کی ضرورت اور وسیع سرگرمیوں کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے ایسی خصوصی مقصد والی گاڑیوں کے لئے تحقیقی پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت ہے، جو مختلف صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ تال میل کرسکیں۔ یہ بات این ایف ٹی ڈی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کے بالا سبرامنین نے کہی۔

اے آر سی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ٹاٹا نرسنگھا راؤ نے الیکٹرک گاڑیوں کی بیٹری میں شامل مختلف ذیلی نظاموں کا تجزیہ کیا اور بیٹری سسٹم کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اس کی اسیمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا، تاکہ ان سے آگ پکڑنے کا کوئی بھی واقعہ پیش نہ آسکے۔ انھوں نے اعلیٰ معیاری اور محفوظ بیٹری پیک کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی وضاحت کی۔

آئی آئی ٹی مدراس کے پروفیسر کارتک آتماناتھن نے بنیادی ریسرچ سے اپلائیڈ ریسرچ، اپلی کیشن، انجینئرنگ اور صنعت کاری سے لے کر الیکٹرک گاڑیوں کے مختلف آلات تیار کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کو فروغ دینے سے متعلق ایک جامع نقشہ راہ پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت میں الیکٹرک گاڑیوں کے پلیٹ فارم اور ماڈلوں میں تنوع کو دیکھتے ہوئے ہر سطح پر کام کرنے کا موقع موجود ہے، تاکہ ٹیکنالوجی کی شاندار صلاحیتوں کو حاصل کیا جاسکے۔

ڈی ایس ٹی کے سائنس داں جناب ساجد مبشر  نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کی خاطر حکومت ہند کے ذریعے کئے گئے مختلف اقدامات میں ڈی ایس ٹی کے بڑے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ محکمہ نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ بنیادی ڈھانچے کے لئے انڈین اسٹینڈرڈ کا ایک مکمل سیٹ تیار کرنے میں مدد دی ہے اور حال ہی میں اسکوٹروں اور آٹو رکشہ جیسی ہلکی الیکٹرک گاڑیوں کے لئے بیٹری کی سروس کے معیارات کا مسودہ تیار کرنے میں تعاون کیا ہے۔

وزارتوں، آر اینڈ ڈی لیبس، تعلیمی اداروں اور صنعت کے تقریباً 200 مندوبین نے، جنھوں نے اجلاس میں شرکت کی، بیٹری، موٹر اور بجلی کے الیکٹرانکس جیسے الیکٹرک گاڑیوں کے اہم نظاموں میں صلاحیت کو حاصل کرنے پر توجہ کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا اور سال 2030 تک گاڑیوں کی تعداد میں 30 فیصد تک الیکٹرک گاڑیوں کے تئیں تبدیلی لانے کے حکومت کے ہدف کو پورا کرنے کی خاطر مختلف چیلنجوں پر قابو پانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 (م ن ۔و ا ۔ م ر(

U-4551



(Release ID: 1818936) Visitor Counter : 148


Read this release in: English , Hindi , Tamil