سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج ذہنی معذورین کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے واقع سکندرآباد کا معائنہ کیا


نائب صدر جمہوریہ نے معذورین کی خاطر مبنی بر حق جامع معاشرہ سامنے لانے کے لئے معاشرے، نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کے کردار پر زور دیا

انہوں نے سماجی انصاف اور تفویضِ اختیارات کی وزارت کی رہنمائی میں ذہنی معذورین کے حق میں فراہم کی جانے والی مختلف سرگرمیوں اور خدمات کی ستائش کی

بچوں میں خصوصی معذوری کے تعلق سے بیداری پیدا کرنے کی سخت ضرورت ہے: جناب ایم وینکیا نائیڈو

Posted On: 17 APR 2022 8:32PM by PIB Delhi

نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج ذہنی معذورین کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے واقع سکندرآباد کا معائنہ کیا۔  ذہنی معذورین کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے  کے خصوصی بچوں نے ان کا استقبال کیا۔

انہوں نے نئے قائم کردہ کراس ڈسیبیلٹی ارلی انٹروینشن سنٹر اور اسپیشل ایجوکیشن سنٹر کا دورہ کیا جہاں ذہنی معذوری اور دیگر متعلقہ حالات کے شکار بچوں کو جامع باز آبادکاری، طبی اور تعلیمی خدمات فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل کلاس روموں اور ذہنی معذورین کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے کی طرف سے فراہم کردہ مختلف خدمات کا جائزہ لیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے مختلف سرگرمیوں اور خدمات کی تعریف کی جو سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کی وزارت کی رہنمائی کے تحت ذہنی معذور اور نشو نما کی کمی والے لوگوں کے لئے فراہم کی جاتی ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان بچوں کے ساتھ کام کرنے والے اساتذہ اور عملہ اسے محض تنخواہ کی نوکری نہ سمجھیں بلکہ اسے قادرِ مطلق کی عطا کردہ نعمت سمجھیں جو مختلف صلاحیتوں کے حامل ان بچوں کا مستقبل سنوارنے کیلئے دی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان بچوں میں جو خصوصی معذوریاں ہیں ان کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور معذوری سے متعلق غلط فہمیوں اور خفت کو دور کرنے کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی خواہش ظاہر کی کہ ذہنی معذورین کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے کو معذوری کے آغاز میں ہی اس کا جلد پتہ لگانے، شناخت کرنے اور روک تھام کے شعبے میں جدید تحقیق کرنے کیلئے سنٹر فار سیلولر اینڈ مالیکیولر بائیولوجی  جیسی تنظیموں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے معذورین کی خاطر حق پر مبنی جامع معاشرہ سامنے لانے  کے لئے معاشرے، نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کے کردار پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ملک بھر میں سب کیلئےقابل رسائی عوامی عمارات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا تاکہ معذورین آزادانہ زندگی گزار سکیں اور کسی بھی عام شہری کی طرح تمام سہولیات تک ان کی رسائی ہو سکے۔

جناب ایم وینکیا نائیڈو نے اے ڈی آئی پی اسکیم کے تحت شناخت شدہ اہل مستحقین میں امدادی وسائل اور معاون آلات جیسے  ٹیچنگ لرننگ میٹریل کٹس، وہیل چیئرز، سماعت کے آلات اور مصنوعی اعضاء تقسیم کئے۔

نائب صدر جمہوریہ نے ذہنی معذورین کو بااختیار بنانے کے قومی ادارے اور اس کے عملے کو ذہنی طور پرمعذور لوگوں کو شاندار خدمات فراہم کرنے پر مبارکباد دی اور فکلٹی، اساتذہ اور عملے کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال کے لئے نئے جوش اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔

***

ش ح۔ ع س ۔ ک ا



(Release ID: 1817640) Visitor Counter : 118


Read this release in: English , Hindi