نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
ہماری آزادی کے لیے لڑنے والے مجاہدین آزادی کی زندگی کا جشن منانا ہماری ذمہ داری ہے – نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے نوجوان نسل کو آمادہ کرنے کے لیے اسکولوں کے نصابوں میں مجاہدین آزادی اور سماجی مصلحین کی زندگی سے جڑی کہانیوں کو شامل کرنے کی اپیل کی
نائب صدر جمہوریہ نے کاریگروں کو وقت پر اور کفایتی قرض کی فراہمی اور مارکیٹنگ کے موقع مہیا کرانے کی اپیل کی
یقینی بنائیں کہ ہمارے فنکاروں اور دستکاروں کو عزت و احترام کے ساتھ زندگی بسر کرنے کے وسائل حاصل ہوں – نائب صدر جمہوریہ
رقص و موسیقی کا ہمارا ثقافتی خزانہ دنیا کے لیے ہندوستان کے سب سے شاندار تحائف میں سے ایک ہے – نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے آج حیدرآباد میں 12ویں راشٹریہ سنسکرتی مہوتسو کا افتتاح کیا
Posted On:
01 APR 2022 8:55PM by PIB Delhi
نائب صدر جمہوریہ، جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ قابل فخر ہندوستانیوں کے طور پر، ہم ملک کو ظالمانہ برطانوی حکومت کے چنگل سے آزاد کرنے کے لیے بے شمار قربانیاں دینے والے مجاہدین آزادی کی زندگی کا جشن منانے کی ذمہ داری سے بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے ان عظیم لیڈروں کی زندگی پر پھر سے غور کرنے اور نوجوانوں کو ان کی قابل تقلید کہانیوں سے واقف کرانے کی اپیل کی۔
آج حیدرآباد میں وزارت ثقافت کے ذریعے منعقد کیے جا رہے 12ویں راشٹریہ سنسکرتی مہوتسو کے افتتاح کے دوران مجمع سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے اس تقریب کے ’دوہرے مقاصد‘ پر روشنی ڈالی– پہلا، مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کرنا اور دوسرا، بیش قیمتی ہندوستانی ثقافتی وراثت اور فنون کی شکلوں کو فروغ دینا اور ان کی حفاظت کرنا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت ہمیشہ ’سرو جن سکھینو بھونتو‘ اور ’وسودھیو کٹمبکم‘ کے جذبے کے مطابق سبھی کی فلاح و بہبود چاہتی ہے۔
ہندوستان میں فنون کے تنوع اور رنگارنگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے سنسکرتی مہوتسو کے ذریعے اس تکثیریت کو منانے کے لیے وزارت ثقافت کی تعریف کی۔
یہ دیکھتے ہوئے کہ ہماری بیش قیمتی اور متنوع زبانیں ہماری قابل فخر تہذیبی وراثت کا ایک اٹوٹ حصہ ہیں، جناب نائیڈو نے زندگی کے ہر شعبے میں ہندوستانی زبانوں کے استعمال کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
نائب صدر نے مشورہ دیا کہ لوگو کو ملک کے ہر ایک شعبے کی ثقافتی خصوصیت اور تکثیریت کو سمجھنے اور اس کی تعریف کرنے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں جانا چاہیے۔ وہ یہ بھی چاہتے تھے کہ لوگ ہمارے مجاہدین آزادی کی قربانیوں کے بارے میں جاننے کے لیے اسٹیچو آف یونٹی اور سیلولر جیل جیسی جگہوں سمیت تاریخی عمارتوں کا دورہ کریں۔ جناب نائیڈو نے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کے لیے ملک کے مختلف حصوں کے مجاہدین آزادی اور سماجی مصلحین کی زندگی سے جڑی کہانیوں کو اسکولی نصابوں میں شامل کرنے کی بھی اپیل کی۔
ہندوستان کی رقص و موسیقی کے ثقافتی خزانے کو دنیا کے سب سے شاندار تحائف میں سے ایک بتاتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے ان فنون کی ان بیش قیمتی شکلوں کو محفوظ اور ان کی تشہیر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں انہو ں نے کاریگروں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانے کے لیے وقت پر اور کفایتی قرض کی فراہمی اور مارکیٹنگ کے مواقع مہیا کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا، ’’ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ہمارے فنکاروں اور دستکاروں کو عزت و احترام کے ساتھ زندگی بسر کرنے کے وسائل حاصل ہوں۔‘‘
ہماری بیش قیمتی اور متنوع ثقافتی وراثت کو فروغ دینے اور محفوظ کرنے کے لیے وزارت ثقافت کی تعریف کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے کہا کہ راشٹریہ سنسکرتی مہوتسو روایتی فنکاروں اور دستکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک چھت کے نیچے آنے کا ایک اچھا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ تہوار ہماری قابل فخر ثقافتی وراثت اور فنون کی بیش قیمتی شکلوں کا جشن ہے جو صدیوں کے دوران تیار ہوئے ہی، جنہیں ہمارے آباء و اجداد نے احتیاط کے ساتھ آگے بڑھایا اور محفوظ کیا ہے۔‘‘
یہ دیکھتے ہوئے کہ راشٹریہ سنسکرتی مہوتسو نایاب اور تقریباً نادر فن و ہنر کی شکلوں کی پیشکش اور نمائش کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر تیار ہو رہا ہے، نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ تہوار لوگو، خاص طور سے نوجوان نسلوں کو ہندوستان کی ثقافت اور روایت کی عظمت کے بارے میں بیدار کرنے میں ایک لمبا سفر طے کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مہوتسو ہمارے کاریگروں کو فنون اور دیگر روایتی سامانوں کی فروخت کے ذریعے اپنا معاش کمانے کے قابل بنائے گا۔
آج سے شروع ہوئے بارہویں سنسکرتی مہوتسو کا انعقاد وزارت ثقافت کے ذریعے حیدرآباد، راجمندری اور وارنگل میں کیا جا رہا ہے۔ اس مہوتسو میں 35 مقامی جماعتوں کے تقریباً 550 فوک آرٹسٹ اور علاقائی ثقافتی مراکز کے تقریباً 150 کاریگر حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ، آندھرا پردیش اور تلنگانہ سے یکساں تعداد میں مقامی فنکار اور کاریگر اس وسیع ثقافتی پروگرام کا حصہ بنیں گے۔
اس موقع پر جناب نائیڈو نے وزارت ثقافت اور علاقائی آؤٹ ریچ بیورو (آر او بی) حیدرآباد کے ذریعے اہم تیلگو مجاہدین آزادی پر مبنی ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے ملک کے مختلف حصوں کی ثقافت کی نمائش کرنے والے دیگر اسٹالوں کا بھی مختصر دورہ کیا اور ابتدائی مرحلہ کے اسٹارٹ اپ کی مدد کرنے کے لیے ایک ایک ’اسٹارٹ اپ زون‘ کا بھی افتتاح کیا۔
اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے 400 مقامی فنکاروں کے ذریعے خاص طور سے تیار کی گئی پیشکش کو دیکھا جس میں 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے فوک ڈانسر شامل کیے گئے تھے۔
اس پروگرام میں ہریانہ کے گورنر، جناب بنڈارو دتا تریہ، سیاحت، ثقافت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے وزیر، جناب جی کشن ریڈی اور دیگر معزز ہستیوں نے شرکت کی۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 3673
(Release ID: 1812830)
Visitor Counter : 179