وزارت دفاع
بحر ہند کا بحری سمپوزیم - بحریہ کی مشق 2022 (آئی ایم ای ایکس 22)
Posted On:
30 MAR 2022 6:20PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 30 مارچ 2022:
بحر ہند کا بحری سمپوزیم (آئی او این ایس) بحریہ کی مشق 2022 (آئی ایم ای ایکس-22) کا پہلا ایڈیشن 26 سے 30 مارچ کے دوران گوا اور بحیرہ عرب میں منعقد کیا گیا۔ اس مشق کا مقصد رکن بحری افواج کے درمیان انسانی امداد اور ریلیف (ایچ اے ڈی آر) کی کارروائیوں میں بین العملیت کو بڑھانا تھا۔ اس مشق میں آئی او این ایس کے 25 رکن ممالک میں سے 16 نے شرکت کی۔
2007 میں قائم ہونے والا بحر ہند کا بحری سمپوزیم (آئی او این ایس) بحر ہند کے خطے کے لیٹورل ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون و اشتراک کا ایک اہم فورم ہے۔ اس فورم نے علاقائی بحری امور پر گفت و شنید کو متحرک کیا ہے، دوستانہ تعلقات کو فروغ دیا ہے اور بحر ہند کے خطے میں بحری سلامتی کے تعاون میں نمایاں بہتری لایا ہے۔
آئی ایم ای ایکس - 22 مارموگاو بندرگاہ، گوا میں 26 سے 27 مارچ کے دوران بندرگاہی مرحلے پر مشتمل تھا اور اس کے بعد 28 سے 30 مارچ کے دوران بحیرہ عرب میں بحری مرحلہ پر مشتمل تھا۔ اس میں بنگلہ دیش، فرانس، بھارت اور ایران کی بحریہ کے جنگی جہاز، بحری جائزے کے طیارے اور ہیلی کاپٹر شامل تھے۔ آئی او این ایس کی 15 رکنی بحری افواج یعنی آسٹریلیا، بنگلہ دیش، فرانس، بھارت، انڈونیشیا، مالدیپ، ماریشس، موزمبیق، عمان، قطر، سنگاپور، سری لنکا، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کے 22 مشاہدین نے بھی اس مشق میں حصہ لیا۔ شرکا نے آئی او این ایس ایچ اے ڈی آر کے رہ نما خطوط کی توثیق کی اور سمندر سے ساحل تک ایچ اے ڈی آر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سمندر میں مصیبت زدہ جہازوں کو مدد فراہم کرنے کے لیے جوابی رسپانس تیار کیا۔ بھارتی اور فرانسیسی بحریہ کے سربراہوں نے آئی ایم ای ایکس -22 کے بحری مرحلے کے دوران مشقوں کا مشاہدہ کیا اور مابعد مشق کارروائی میں بھی شرکت کی۔
اس مشق کو خطے کی بحری افواج کے لیے خطے میں قدرتی آفات کے دوران تعاون اور اجتماعی طور پر رسپانس کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی راہ ہم وار کرتا ہے۔
***
(ش ح - ع ا - ع ر)
U. No. 3533
(Release ID: 1811649)
Visitor Counter : 201