اسٹیل کی وزارت
جناب رام چندر پرساد سنگھ نے کہا کہ ہموار، شفاف اور لچکدار عمل حکومت کا مقصد ہے۔ فولاد کے وزیر نے کہا کہ 2030 تک 300 ملین ٹن اور 2047 تک 500 ملین ٹن کے ہدف تک پہنچنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے
وزارت اسٹیل نے ’’اسٹیل میں بھارت کو آتم نربھر بنانا - ثانوی اسٹیل سیکٹر کا کردار‘‘ پر قومی کانفرنس کا اہتمام کیا
کانفرنس کا مقصد ثانوی اسٹیل کرداروں کو اسٹیل کے شعبے کو درپیش چیلنجوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے
Posted On:
27 MAR 2022 4:36PM by PIB Delhi
نئی دہلی:27؍مارچ2022:
27مارچ 2022 کو پلینری ہال، وگیان بھون، نئی دہلی میں ’’اسٹیل میں بھارت کو آتم نربھر بنانا - ثانوی اسٹیل سیکٹر کا کردار‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹیل کے مرکزی وزیر جناب رام چندر پرساد سنگھ نے کہا کہ صنعت کی تجاویز پر غور کیا جائے گا اور ہموار، شفاف اور لچکدار عمل حکومت ہند کا واضح مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت نے1991 میں 22 ملین ٹن سے 22-2021 میں 120 ملین ٹن کی پیداوار کرنے میں بڑی پیش رفت کی ہے۔
2030 تک 300 ملین ٹن اور 2047 تک 500 ملین ٹن کے ہدف تک پہنچنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ خام لوہے کی پیداوار میں اضافہ اور دیگر درکار خام مال کے لیے مناسب پالیسی سپورٹ کے ساتھ مناسب حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ گرین اسٹیل کی طرف بڑھنے کی فوری ضرورت ہے اور عزت مآب وزیر اعظم ہائیڈروجن کے بارے میں امنگ سے بھرپور وِژن رکھتے ہیں۔ لوہا اور اسٹیل کی صنعت کو بڑا فائدہ ہوگا کیونکہ کوئلے کو ہائیڈروجن سے بدلا جا سکتا ہے اور کوئلے کی درآمد پر ہمارا انحصار بھی کم ہو جائے گا۔
اسٹیل کے وزیر مملکت جناب فگن سنگھ کلستے نے اپنے خطاب میں صنعت پر زور دیا کہ وہ اپنی ضروریات کے بارے میں آواز بلند کریں اور اس اعتماد کے ساتھ صنعت کے خیالات کو آگے رکھیں کہ ان کی بات سنی جائے گی اور حکومت ایک صنعت دوست ماحول کے قیام کی سمت کام کرے گی۔ ہمارے ملک میں ثانوی اسٹیل سیکٹر اپنے آپ میں ایک متنوع صنعت ہے۔ کانفرنس کے ذریعے پیدا ہونے والے خیالات حکومت کے لیے پالیسی ہدایات مرتب کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ایم ایس ایم ای کے وزیر مملکت جناب بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے حکومت کی طرف سے ایم ایس ایم ایز کو فراہم کی جانے والی مختلف امداد کو سامنے لایا اور صنعت سے مزید کہا کہ وہ اپنی تجاویز پیش کریں جس سے ایم ایس ایم ای سیکٹر کو بالعموم اور اسٹیل سیکٹر کو خاص طور پر تقویت مل سکتی ہے۔
اس کانفرنس کا انعقاد ثانوی اسٹیل سیکٹر کے کھلاڑیوں کو اس شعبے کو درپیش چیلنجوں اور ان طریقوں کے بارے میں اپنے خیالات کا اشتراک کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے جن سے وزارت ایک ایکوسسٹم تشکیل دے سکتی ہے جس میں صنعت ترقی کر سکتی ہے۔ حکومت ہندانڈیا 2047 @ کے لیے ایک وژن بنانے کی سمت کام کر رہی ہے۔ اس کے لیے یہ توقع کی جاتی ہے کہ کمپنیاں اپنی معلومات پیش کریں گی جو وِژن 2047 @کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ایکشن پلان کی بنیاد فراہم کرسکتی ہیں۔ صنعت کے نمائندے بھی اسٹیل سیکٹر کے لیے پیداوار سے منسلک ترغیبات (پی ایل آئی) اسکیم پر فیڈ بیک دے سکتے ہیں۔ اس کانفرنس میں اسٹیل کی وزارت اور کوئلہ، کان کنی، ایم ایس ایم ایز کی وزارتوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
’’اسٹیل میں ہندوستان کو آتم نربھر بنانا - ثانوی اسٹیل سیکٹر کا کردار‘‘ کے موضوع پر قومی کانفرنس دو تکنیکی سیشنوں پر مشتمل ہے جس میں دن بھر میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ہندوستان میں ثانوی اسٹیل سیکٹر کے اہم کھلاڑیوں کے نمائندے معزز حاضرین کے سامنے اس شعبے سے متعلق مسائل اور اس شعبے کے اہداف کے حصول میں آگے بڑھنے کا راستہ پیش کر رہے ہیں۔
************
ش ح۔م ع۔ع ن
(U: 3304)
(Release ID: 1810350)
Visitor Counter : 156