وزارت خزانہ
انکم ٹیکس کے محکمہ نے ممبئی میں تلاشی مہم چلائی
Posted On:
17 MAR 2022 5:17PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 17 مارچ 2022:
انکم ٹیکس کے محکمہ نے 08 مارچ 2022 کو ممبئی کے ایک کیبل آپریٹر، ریاستی حکومت کے ایک ملازم اور ان سے جڑے کاروبار کے سلسلے میں ایک تلاشی مہم چلائی۔ اس تلاشی مہم میں ممبئی، پونے، سانگلی اور رتناگری میں واقع مجموعی طور پر 26 مقامات پر احاطہ کیا۔
اس تلاشی مہم کے دوران یہ پایا گیا کہ مہاراشٹر کے ایک مشہور سیاست داں کے ذریعہ 2017 میں داپولی میں ایک قطعہ آراضی کو ایک کروڑ روپئے میں خریدا گیا تھا، تاہم اس کی رجسٹری 2019 میں کرائی گئی تھی۔ بعد میں اس زمین کو 1.10 کروڑ میں ایک ایسے شخص کو فروخت کر دیا گیا جس کے خلاف 2020 میں تلاشی کاروائی کی گئی تھی۔ درمیان کی مدت میں، اسی زمین پر 2017 سے لے کر 2020 کے دوران ایک ریزارٹ بنایا گیا۔ اس زمین کی رجسٹری مذکورہ بالا سیاست داں کے نام ہونے تک اس ریزارٹ کی تعمیر کا خاطر خواہ کام مکمل ہو چکا تھا۔ بعد ازاں، مذکورہ سیاست داں کے ذریعہ 2020 میں اس پراپرٹی کو مذکورہ بالا آپریٹر کو فروخت کرنے تک وہ ریزارٹ تقریباً پوری طرح مکمل ہو چکا تھا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ریزارٹ کی تعمیر سے متعلق حقائق کے بارے میں رجسٹریشن اتھارٹیوں کو مطلع نہیں کیا گیا تھا اور اس کے مطابق دونوں مواقع پر یعنی 2019 اور 2020 میں زمین کی رجسٹری کے لیے صرف اسٹامپ ڈیوٹی کی ادائیگی کی گئی تھی۔ تلاشی کے دوران سامنے آئے حقائق سے پتہ چلا ہے کہ مذکورہ ریزارٹ کی تعمیر کا کام 2017 میں شروع ہوا تھا اور اس کی تعمیر پر چھ کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر نقد رقم خرچ کی گئی۔ اس کی تعمیر کی لاگت کا حاب نہ تو تلاشی لیے گئے شخص اور نہ مذکورہ سیاست داں نے اپنی اکاؤنٹس کی کتابوں میں درج کیا ہے۔
ریاستی حکومت کے ملازم کی تلاشی سے پتہ چلا ہے کہ اس نے ، اس کے کنبہ اراکین اور رشتہ داروں نے گذشتہ دس برسوں کی مدت میں پونے، سانگلی اور بارامتی کے اہم علاقوں میں املاک کی شکل میں بڑی دولت جمع کی ہے۔ اس کنبہ کے پاس پونے میں ایک بنگلہ اور ایک فارم ہاؤس، تسگاؤں میں ایک شاندار فارم ہاؤس ، سانگلی میں دو بنگلے ، تنشک اور کیرٹ لین کے شوروم والے دو کمرشل کامپلیکس، پونے کے مختلف علاقوں میں پانچ فلیٹ، نوی ممبئی میں ایک فلیٹ، سانگلی، بارامتی اور پونے میں خالی پلاٹ ہے اور ان لوگوں نے گذشتہ سات برسوں کے دوران 100 ایکڑ سے زائد کھیتی کی زمین حاصل کی ہے۔ ان پراپرٹیوں کی حصولیابی کے ذرائع اور دوکانوں اور بنگلوں کے بڑے اندرونی حصوں پر خرچ کی گئی رقم کی تفصیلی جانچ کا عمل جاری ہے۔ مذکورہ بالا کنبہ الیکٹرانک سازو سامان کے شوروم، تنشک شوروم، شہری تعمیرات کے کاروبار، ریئل اسٹیٹ او رپائپ مینوفیکچرنگ کے کاروبار سمیت متعدد کاروبار کا مالک ہے۔
یہ پایا گیا ہے کہ اس مذکورہ بالا ملازم کے رشتہ داروں کے ذریعہ چلائے جا رہے تعمیراتی کاروبار کو ریاستی حکومت سے کئی ٹھیکے حاصل ہوئے تھے۔ تلاشی مہم کے دوران مجموعی طور 27 کروڑ روپئے کی فرضی خریداری اور فرضی ذیلی معاہدوں کے توسط سے ٹھیکوں کی لاگت میں ہیراپھیری کرنے سے متعلق شواہد بھی ملے ہیں۔ بارامتی میں زمین کی فروخت میں دو کروڑ کے بقدر نقد حصولیابی، جس کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے، سے متعلق شواہد کا بھی پتہ چلا ہے۔ تعمیراتی کاموں میں ٹیکس چوری سے متعلق آگے کی تفتیش جاری ہے۔
تلاشی کی اس کاروائی کے نتیجہ میں 66 لاکھ روپئے نقد ضبط کیے گئے ہیں۔ اس تلاشی مہم کے دوران ضبط کیے گئے ڈجیٹل اعدادو شمار اور دستاویزی شواہد کا تجزیہ کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں آگے کی تفتیش کا عمل جاری ہے۔
*****
(ش ح –ا ب ن۔ م ف)
U.No:2796
(Release ID: 1807090)
Visitor Counter : 232