وزارت آیوش
مرکزی وزیر سربا نند سونووال نے ناگا لینڈ میں آیوش حفظانِ صحت شعبے کے لئے 100 کروڑ روپئے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا
Posted On:
04 MAR 2022 6:14PM by PIB Delhi
- کوہیما میں ایک مربوط آیوش اسپتال کا افتتاح کیا گیا۔
- کیہپیرے ، موکوک چنگ، ناگا لینڈ یونیورسٹی ، دیماپور اور ووکھا میں چار مربوط آیوش اسپتال بنائے جائیں گے۔
- لونگ لینگ میں 70 کروڑ روپئے کی رقم سے ایک آیورویدک کالج تعمیر کیا جائے گا۔
آیوش ، بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال نے ، آج ناگالینڈ میں آیوش حفظانِ صحت شعبے کو ترقی دینے کے لئے 100 کروڑ روپئے سے زیادہ کی بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ اس مختص رقم سے ریاست میں 30 بستروں والا ایک آیوش اسپتال اور 10 بستروں کے تین اسپتالوں کے ساتھ ایک آیورویدک کالج بھی تعمیر کیا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے آج کوہیما کے رضا چیڈیما میں ایک مربوط آیوش اسپتال کا بھی افتتاح کیا۔ 30 بستروں پر مشتمل آیوش اسپتال ، کہپیرے میں تعمیر کیا جائے گا، جب کہ 10 بستروں والا ایک - ایک آیوش اسپتال موکوک چنگ، ناگالینڈ یونیورسٹی دیما پور اور ووکھا میں تیار کیا جائے گا۔ اس خطے میں آیوش کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کے لئے مرکزی وزیر نے لونگ لینگ میں ایک جدید ترین آیورویدک کالج کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ یہ کالج 70 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں جناب سونووال نے کہا کہ شمال مشرق میں آیوش سیکٹر کا ایک بہت بڑا مرکز بننے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک ادویات میں ہمارا خوشحال روایتی علوم اور نبابات کی بکثرت دستیابی کی بدولت ، ہم بھارت کے لوگوں کے ساتھ ساتھ پڑوسی ملکوں کے لئے صحت اور فلاح و بہبود سے متعلق مسائل کے حل دستیاب کرا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ اس سے ہمیں مالی طاقت ملے گی اور ہماری کمیونٹی کے لوگوں کو بیماری کے علاج میں بھی فائدہ ملے گا۔ ’’
مرکزی وزیر نے بتایا کہ وزارت نے ناگا لینڈ اور میزورم میں 172 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ آیوش کی ترقی کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں ریاستوں میں دس نئے آیوش اسپتال اور ایک آیورویدک کالج قائم کیا جائے گا۔
خطے میں لوک ادویات کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے، آیوش کے مرکزی وزیر نے کہا کہ ‘‘لوک ادویات کے بارے میں جاننے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے، آیوش کی وزارت مقامی سطح پر صحت کی صورتِ حال کا سنجیدگی سے جائزہ لینے اور اس کی توثیق کرنے کے لئے شمال مشرق کی نسلی برادریوں کے درمیان مقامی صحت روایات ( ایل ایچ ٹی ) ، زبانی صحت روایات ( او ایچ ٹی ) اور نسلی ادویاتی طور طریقوں ( ای ایم پی ) سے متعلق ایک ملٹی سینٹرک ریسرچ پروجیکٹ چلا رہی ہے۔
میٹنگ میں ناگا لینڈ حکومت کے صحت اور کنبہ بہبود کے وزیر جناب ایس پانگنیو فوم اور ناگا لینڈ حکومت کے شہری ترقیات اور شہری امور کے وزیر ڈاکٹر نیکی سیلی کیرے کے ساتھ ساتھ ناگا لینڈ حکومت اور آیوش کی وزارت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح – م م – ع ا )
U.No. 2299
(Release ID: 1803519)
Visitor Counter : 167