وزارت خزانہ

اترپردیش اور مہاراشٹر میں انکم ٹیکس محکمے کے چھاپے

Posted On: 05 JAN 2022 7:26PM by PIB Delhi

 

انکم ٹیکس محکمے نے پرفیوم اور جائدادوں کی خریدو فروخت کے کاروبار میں لگے دو گروپوں کے ٹھکانوں پر 31 دسمبر 2021 کو تلاش اور ضبطی کی کارروائی انجام دی۔ اترپردیش، مہاراشٹر، دلی، تمل ناڈو اور گجرات ریاستوں میں 40 سے زیادہ ٹھکانوں پر تلاشی کی کارروائی کی گئی۔

پہلا گروپ بنیادی طور پر ممبئی اور یوپی میں قائم ہے اور اس  پر چھاپے کی کارروائی سے انکشاف ہوا کہ یہ گروپ پرفیوم کی کم فروخت دکھا کر اسٹاک میں ہیرا پھیری کر کے غلط طریقے سے آمدنی کے قابل ٹیکس زمرے سے ٹیکس کے مستثنیٰ زمرے میں منتقل کر کے اخراجات کو بڑھا چڑھا کر دکھا کر ٹیکس چوری کر رہا تھا۔ سیلس آفس اور مین آفس سے برآمد ثبوت و شواہد سے پتہ چلا ہے کہ یہ گروپ اپنی 35 سے 40 فیصد خردہ سیلس کو کچے بل کے ذریعے نقد میں حاصل کر تا تھا اور نقد کی یہ رسیدیں باقاعدہ کھاتوں میں مندرج نہیں کی جاتی تھیں۔ اس میں کروڑوں روپے کا معاملہ بنتا ہے۔ بوگس فریقوں سے خریداری کے تحت پانچ کروڑ روپے تک کی خرد بردکا  انکشاف ہوا ہے۔

ہیرپھیر کے کاغذات کی جانچ کر کے پتہ چلا ہے کہ اس طرح سے حاصل بنا حساب کتاب کی رقومات کو ممبئی کے ریئل اسٹیٹ پروجیکٹوں میں سرمایہ کاری اور ہندوستان کے اندر اور متحدہ عرب امارات میں جائدادیں خریدنے میں لگایا گیا۔ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ گروپ نے دس کروڑ روپے کا ٹیکس چوری کیا۔ اس گروپ کے ریٹائرنگ پارٹنرز کو ادا کئے گئے فائدوں کی 45 کروڑ روپے کی رقومات کا بھی  حساب نہیں رکھا تھا۔

اس طرح کی بھی شہادتیں ملی ہیں کہ گروپ کے پرموٹر نے بعض بیرونی اکائیوں کے ساتھ بھی گٹھ جوڑ کیا تھا، لیکن ان غیر ملکی اداروں کا ان کے انکم ٹیکس گوشواروں میں کوئی ذکر نہیں کیا گیا تھا۔ یہ غیر ملکی ادارے ہندوستانی پرموٹروں کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔ اس طرح کے دو غیر ملکی اداروں کے یو اے ای میں ایک ایک  وِلا بھی پائے گئے ہیں۔

یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس گروپ کے یو اے ای کے ایک ادارے نے 16 کروڑ روپے گروپ کے ایک ہندوستانی ادارے میں لگائے۔ اس ادارے کو کولکاتہ میں واقع فرضی کمپنیوں کی جانب سے 19 کروڑ روپے کی رقومات حاصل ہوئیں، جو شیئر کیپٹل کی شکل میں تھیں۔ ان فرضی کمپنیوں کے ایک شیئر ہولڈر ڈائرکٹر نے حلف لے کر اعتراف کیا ہے کہ وہ فرضی ڈائرکٹر تھا اور گروپ کے پرموٹروں کی ایماء پر اس نے سرمایہ لگایا تھا۔

یوپی میں قائم ایک اور گرو پ پر چھاپوں کے دوران 10 کروڑ روپے کی بنا حساب کتاب کی رقومات کے لین دین کا پتہ چلا ہے اور اسے ضبط کیا گیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گروپ نے کوئی اسٹاک رجسٹر نہیں رکھا تھا۔

اب تک 9.40 کروڑ روپے نقد اور دو کروڑ روپے سے زیادہ کے زیورات ضبط کئے گئے ہیں۔ کئی بینک لاکروں کو منجمد کیا گیا ہے۔

مزید چھان بین جاری ہے۔

****************************

U NO 140

ش ح-ع س-ک ا



(Release ID: 1787860) Visitor Counter : 137


Read this release in: Hindi , English , Marathi