وزارت دفاع
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 22 زبانوں میں این سی سی کیڈٹ کے ذریعہ تیار کردہ 'راشٹریہ ایکتا گیت' کا اجراء کیا
Posted On:
17 DEC 2021 7:56PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 17 دسمبر وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 17 دسمبر2021کو نئی دہلی میں 'وجے شرانکھلا اور سنسکرتیوں کا مہاسنگم' مہم کے گرامڈ فنالے کے دوران قومی یکجہتی کے موضوع پر 22 زبانوں میں نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹ کے ذریعہ تیار کردہ 'راشٹریہ ایکتا گیت' کااجراء کیا۔
یہ میگا ایونٹ این سی سی کے ذریعہ‘آزادی کا امرت مہوتسو’ کے حصے کے طور پر منعقد کیا گیا تھا، جو اس وقت ہندوستان کی آزادی کے 75 سال کی یاد میں منایا جا رہا ہے۔ اس میں گیلنٹری ایوارڈ پورٹل پر لائیو سٹریمنگ سمیت این سی سی 'وجے شرانکھلا' کے تحت ملک بھر میں 75 مقامات پر 1971 کی ہند-پاک جنگ کے بہادروں کو اعزاز ا دینا شامل ہے۔ اس مہم کا اختتام آج ‘سنسکرتیوں کا مہا سنگم’ کے ساتھ ہوا جس میں ملک بھر سے منتخب این سی سی کیڈٹ نے دہلی میں جمع ہوکر اپنے مشترکہ ثقافتی ورثے کا مظاہرہ کیا۔
این سی سی کی تابناک تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے، جناب راجناتھ سنگھ نے کہا، "این سی سی نے بہت سے ایسے باوقار لوگ پیدا کیے ہیں جنہوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ نیتا جی سبھاش چندر بوس، پی ایم نریندر مودی، سابق وزیر خارجہ محترمہ سشما سوراج، سابق وزیر دفاع منوہر پاریکر،کھیلوں کی دنیا کی مشہور ہستیاں جیسے ہیما داس، انجلی بھاگوت ، دنیا کے مشہور ماہر امراض قلب ڈاکٹر نریش تریہن اور بہت سے دوسرے این سی سی کے سابق طالب علم ہیں جنہوں نے قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنی خدمات انجام دیں۔ "
وزیر اعظم نریندر مودی کی این سی سی میں گہری دلچسپی کے بارے میں بات کرتے ہوئے،وزیر دفاع نے کہا، "وزیر اعظم نے حال ہی میں این سی سی کے سابق طلباء ایسوسی ایشن کا آغاز کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس طرح کے اقدامات این سی سی کی تربیتی صلاحیت کو کئی گنا بڑھا دیں گے اور اس معزز تنظیم کے تمام سابق طلباء کو متحد کر دیں گے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم این سی سی سابق طلباء ایسوسی ایشن کے پہلے رکن ہیں اور میں دوسرا ہوں۔ میں ملک کے تئیں لگن اور جد و جہد کے ذریعہ آپ کے روشن مستقبل کی توقع کرتا ہوں ۔
این سی سی کے نصب العین، 'اتحاد اور نظم و ضبط' کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ "این سی سی اپنے کیڈٹ میں اتحاد، نظم و ضبط، صبر اور بھائی چارے کی خوبیاں پیدا کرتا ہے اور یہ خوبیاں ہمیشہ ان کے ساتھ رہتی ہیں۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ 'ایک بار کااین سی سی کیڈٹ ہمیشہ این سی سی کیڈٹ ہوتا ہے'۔
این سی سی کے لیے حکومت کے معاون نقطہ نظر کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر دفاع نے کہا، "آپ کی صلاحیت کو دیکھتے ہوئے، حکومت نے این سی سی میں ایک لاکھ نئی آسامیوں کا اعلان کیا ہے۔ ’ڈیجیٹل انڈیا‘، ’اسکل انڈیا‘، ’اسٹارٹ اپ انڈیا‘ ’فٹ انڈیا‘ وغیرہ جیسے اقدامات آپ کے مخصوص شعبوں میں ترقی کرنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ حکومت اس طرح کے مزید اقدامات کر رہی ہے۔ میں چاہوں گا کہ آپ اس طرح کے اقدامات کے بارے میں اپ ڈیٹ رہیں اور اپنی زندگیوں کو بہتر اور کامیاب بنانے کے لیے ان کا استعمال کریں، اور اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی ان کے بارے میں آگاہ کریں۔"
گرانڈ فنالے کا آغاز این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل کے استقبالیہ ویڈیو سے ہوا جس کے بعد مختصر ویڈیو کلپ پیش کی گئی جس میں وجے دیوس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے 1971 کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
وزیر دفاع نے این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل ، ان کی ٹیم اور ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ان تمام کیڈٹ کو بھی مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس شاندار ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے سخت محنت کی۔ فنالے میں وزیر مملکت برائے دفاع جناب اجے بھٹ، سکریٹری دفاع ڈاکٹر اجے کمار، فوج کے نائب سربراہ، این سی سی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل گربیرپال سنگھ، این سی سی سابق طلباء ایسوسی ایشن کے ممتاز ممبران اور دیگر سینئر سول اور فوجی معززین نے بھی شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض ۔ ج ا (
U-14468
(Release ID: 1783112)
Visitor Counter : 160