وزارت خزانہ

مہنگائی پر قابو پانے کے لیے حکومت کے ذریعے اٹھائے گئے قدم

Posted On: 07 DEC 2021 5:42PM by PIB Delhi

وزیر مملکت برائے خزانہ، جناب پنکج چودھری نے آج راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے حکومت نے کئی قدم اٹھائے ہیں۔

مزید تفصیلات پیش کرتے ہوئے، وزیر موصوف نے کہا کہ ان میں سے کچھ مندرجہ ذیل ہیں:

خام تیل/پیٹرولیم مصنوعات: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو چیک کرنے کے لیے، مرکزی حکومت نے 04 نومبر، 2021 سے پیٹرول اور ڈیزل پر سنٹرل ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 روپے اور 10 روپے کی کمی کی ہے۔اس کے جواب میں کئی ریاستوں کی حکومتوں نے بھی پیٹرول اور ڈیزل پر ویلیو ایڈیڈ ٹیکس میں کمی کی ہے۔ ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی خوردہ قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

ضروری اشیاء: حکومت کی جانب سے بڑی اشیائے ضروریہ کی قیمت کی نگرانی باقاعدگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے اور اسے ٹھیک کرنے کے لیے وقتاً فوقتاً کارروائی بھی کی جاتی ہے۔

دالیں: (1) سال 22-2021 کے لیے 23 لاکھ میٹرک ٹن (ایل ایم ٹی) کے بفر اسٹاک کے ہدف کو منظوری دی گئی ہے۔ ریاستوں کو سپلائی کرکے اسٹاک کا استعمال کرنے اور کھلے بازار میں فروخت کے ذریعے قیمتوں کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے (2) ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے جولائی 2021 میں ضروری اشیاء کا قانون، 1955 کے تحت کچھ دالوں پر اسٹا ک کی حد مقرر کی گئی۔ (3) ارہر اور اڑد کو 31 دسمبر، 2021 تک ’آزاد‘ زمرہ میں رکھ کر امپورٹ پالیسی میں تبدیلی کی گئی ہے۔ (4) مسور پر بیسک امپورٹ ڈیوٹی اور زرعی انفراسٹرکچر اور ڈیولپمنٹ سیس کو کم کرکے بالتر تیب صفر اور 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔ (5)میانمار کے ساتھ 2.5 لاکھ میٹرک ٹن اڑد اور 1 لاکھ میٹرک ٹن ارہر کی سالانہ درآمد کے لیے 5 سالہ مفاہمت نامہ پر ، اور ملاوی کے ساتھ 0.50 لاکھ میٹرک ٹن اڑد کی سالانہ درآمد  کے لیے دستخط کیے گئے ہیں، اور موزامبیق کے ساتھ  2 لاکھ میٹرک ٹن ارہر کی سالانہ درآمد کے مفاہمت نامہ کو مزید 5 سالوں کے لیے آگے بڑھا دیا گیا ہے۔

خوردنی تیل: خوردنی تیل کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے، خوردنی تیلوں پر امپورٹ ڈیوٹی کو معقول بنا دیا گیا ہے اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے 31 مارچ، 2022 تک اسٹاک کی حد مقرر کر دی گئی ہے۔خوردنی تیل-کھجور کے تیل کے قومی مشن کو منظوری دے دی گئی ہے اور کھجور کے تیل کی گھریلو پیداوار اور دستیابی کی حوصلہ افزائی کے لیے 11040 کروڑ روپے کا بجٹ طے کیا گیا ہے۔

*****

ش  ح –  ق ت –  ت  ع

U:13905

 



(Release ID: 1779025) Visitor Counter : 223


Read this release in: English , Marathi