وزارت اطلاعات ونشریات
ڈریم گرل ہیما مالنی کو 52 ویں افی میں سال کی ہندوستانی فلمی شخصیت کے ایوارڈ سے نوازا گیا
کل کے 75 تخلیقی اذہان نوجوان باصلاحیت فلم سازوں کو توجہ کا مرکز بنائیں گے: ہیما مالنی
چاہے بنستی ہو، سیتا اور گیتا ہو یا ڈریم گرل، ہیما مالنی نے بڑے پردے پر جنتے بھی کردار ادا کئے ہر کردار کو غیر فانی بنایا ہے، اپنے لئے ایک مقام بنایا ہے اور فلم شائقین کے دلوں پر حکومت کی ہے۔
سنیما کی دنیا میں ان کی بہت زیادہ خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انٹرنیشنل فلم فیسٹول آف انڈیا، گواکے 52 ویں ایڈیشن میں دو بار کی رکن پارلیمنٹ ، ہندی سنیما کی سینئر اداکارہ ، رقاصہ، پروڈیوسر اور ڈائرکٹر ہیما مالنی کو آج 20 نومبر 2021 کو افتتاحی تقریب میں سال کی ہندوستانی شخصیت کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
ہندی سنیما کے لئے اپنی غیر معمولی خدمات کی وجہ سے ہیما مالنی کو ہندوستانی فلم انڈسٹری کے کامیاب ترین اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے ڈریم گرل نے کہا ’’مجھے سال کی ہندوستانی فلمی شخصیت ایوارڈ 2021 پاکر بہت خوشی ہوئی ہے‘‘۔ کل کے 75 تخلیقی اذہان مقابلے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افی بہت بڑا کام کررہا ہے کیونکہ اس مقابلے سے ایسے پلیٹ فارم کے ذریعہ ملک کے نوجوان اور باصلاحیت فلم سازوں کو شناخت ملے گی۔
اداکارہ ہیما مالنی کی تعریف کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ انہوں نے فلم شائقین کی کئی نسلوں کے دلوں پر حکومت کی ہے۔انہوں نے کہا ’’ہر کسی نے پردے پر ہیما مالنی کو دیکھا ہے لیکن ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر جس طرح انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب متھرا کے مسائل کو پارلیمنٹ کے سامنے رکھا ہے، اس سے سبھی کو سبق حاصل کرنا چاہیے‘‘۔
ہیما مالنی کی پیدائش تمل ناڈو میں ہوئی تھی اور انہوں نے اپنے فلمی کیرئر کی شروعات 1963 میں تمل فلم ادھو ستیم سے کی تھی۔ 1968 میں سپنوں کا سوداگر فلم میں ہیروئن کا رول ادا کرتے ہوئے وہ ہندی سینما میں ایک دھماکے کے ساتھ داخل ہوئیں۔ اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور 150 سے زیادہ فلموں میں اداکاری کی جن میں شعلے، سیتا اور گیتا، ستے پے ستہ اور باغبان شامل ہیں۔
ہندی سنیما میں نمایاں حیثیت رکھنے والی ہیما مالنی کو حکومت ہند نے سال 2000 میں پدم شری سے نوازا تھا۔ انہوں نے نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی چیئرپرسن کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
محترمہ ہیما مالنی ایک تربیت یافتہ بھرٹ ناٹیم رقاصہ بھی ہیں۔ انہیں ہندوستانی رقص کی خدمات کے لئے سال 2006 میں سوپوری اکیڈمی آف میوزک اینڈ پرفامنگ آرٹس (ساماپا) وتاستا ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔ سال 2014 میں لوک سبھا کے عام انتخابات میں محترمہ ہیما مالنی کو متھرا حلقہ انتخاب سے لوک سبھا کا رکن منتخب کیا گیا۔
معروف نغمہ نگار اور سنٹرل بورڈ آف فلم کارپوریشن کے چیئر پرسن جناب پرسون جوشی بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔ ان کو بھی اس سال کی ہندوستانی فلمی شخصیت کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ جناب جوشی فیسٹول کے آخری دن ایوارڈ حاصل کریں گے۔
نغمہ نگار ہونے کے علاوہ جناب پرسون جوشی شاعر، مصنف، اسکرین رائٹر، کمیونی کیشن اسپیشلسٹ اور مارکیٹر بھی ہیں۔اس وقت وہ سی بی ایف سی کے چیئر پرسن، ایشیا کے چیئرمین اور میک کین ورلڈ گروپ انڈیا کے سی ای او ہیں۔ جناب پرسون جوشی کو بہترین نغمہ نگاری کے لئے دو بار نیشنل فلم ایوارڈ مل چکا ہے۔ سال 2015 میں حکومت ہند نے آرٹس ، لٹریچر اور ایڈورٹائزنگ کے شعبے میں ان کی خدمات کے لئے انہیں پدم شری سے نوازا تھا۔ اس سال افی میں ’کل کے 75 تخلیقی اذہان‘ مقابلے کے لئے انہوں نے گرانڈ جیوری کے رکن کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ا گ۔ن ا۔
U-13082
(Release ID: 1773704)
Visitor Counter : 336