نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے حفظان صحت کو سبھی کے لئے قابل برداشت اور قابل رسائی بنانے پر زور دیا


نائب صدر جمہوریہ  نے صف اول کے کووڈ جاں بازوں کی، اُن کی سخت محنت، عزم اور قربانیوں کی ستائش کی

نائب صدر جمہوریہ نے بڑے اسپتالوں کو دیہی  علاقوں میں  سٹیلائٹ  مراکز شروع کرنے  کا مشورہ دیا

جناب نائیڈو  نے ہر  ایک  سب  ڈویژن میں کم از کم  ایک  میڈیکل کالج  کھولنے پر زور دیا

نائب صدر جمہوریہ نےطبی  پیشے میں اخلاقیات کی ضرورت پر زور دیا

نائب صدر جمہوریہ نے حیدر آباد میں یودا لائف لائن ڈائگنوسٹکس پرائیویٹ لمیٹڈ کا افتتاح کیا

Posted On: 17 NOV 2021 7:42PM by PIB Delhi

 

نائب صدر جمہوریہ جناب  ایم وینکیا نائیڈو نے  آج سبھی کے لئے  حفظان صحت کو  قابل رسائی  اور  قابل برداشت  بنانے کی ضرورت  پر زور دیا ہے اور مشورہ دیا  ہے کہ جدید  ملٹی اسپیشلٹی اسپتال  دیہی  علاقوں میں سٹیلائٹ مراکز بھی  شروع کریں۔

آج حیدر آباد میں یود لائف لائن ڈائگنوسٹکس پرائیویٹ لمیٹڈ کا افتتاح کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ہر ضلع میں کم از کم ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کی ستائش کی۔ اس سلسلے میں انہوں نے مزید مشورہ دیا کہ  حکومتوں کو  مالیئے کے ہر ایک سب ڈویژن میں ایک ایک میڈیکل کالج قائم کرنے کا  منصوبہ بنانا چاہئے۔ اس سے نہ صرف  طبی پیشے میں  تربیت یافتہ افرادی قوت  کی کمی کو پورا کیا جاسکے گا  بلکہ  اس سے  معیاری  حفظان صحت  تک عوام کی رسائی میں اضافہ ہوگا۔

حیدر آباد میں یہ جدید ترین  ڈائگنوسٹکس سینٹر  کے قیام  پر  اپنی خوشی کا اظہا ر کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے  دیہی علاقوں میں بھی لوگوں کو  اس طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے  حفظان  صحت  کو  سبھی کے لئے  قابل رسائی بنانے کی حکومت کی کوششوں  کی  ستائش کی اور  پورے ملک میں طبی مراکز کے لئے  بنیادی ڈھانچے میں  مدد فراہم کرنے  کی کوششوں کو  دوگنا کرنے پر زور دیا۔

کووڈ – 19 وبا کے بارے میں  اظہار خیال کرتے ہوئے جناب نائیڈو  نے  صف اول کے کووڈ  جاں بازوں کی ان کی  سخت محنت  اور عزم  کی ستائش کی اور کہا کہ  اس وبا نے  ہمیں اپنے گھروں  اور دفتروں میں   وینٹی لیشن  کی اہمیت سمیت  کئی  سبق  سکھا ئے ہیں اور  اپنی  قوت مدافعت  کو بڑھانے کے لئے صحت مند روایتی کھانوں کو اپنانے  کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔  ریکارڈ وقت میں کووڈ  ویکسین تیار کرنے کے لئے سائنس دانوں اور تحقیق کاروں کی  تعریف کرتے ہوئے انہوں نے سبھی پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور  ٹیکہ لگوائیں۔ جناب نائڈو نے  لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ  احتیاط کو کم نہ کریں اور کووڈ سے متعلق  پروٹوکول پر عمل کریں۔

بھارت میں غیر متعددی بیماریوں  میں اضافے  کے واقعات پر  تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے  نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ صحت مند اور  ڈسپلن والی طرز زندگی اپنائیں۔ انہوں نے  نوجوانوں سے کہا کہ وہ  بیٹھے رہنے کی عادت  ،غیر صحت مند خوراک  سے گریز کریں اور  یوگا  یا  سائیکلنگ جیسی  جسمانی سرگرمیوں کو اپنائیں۔

جدید ترین  ڈائگنوسٹکس لیباریٹری قائم کرنے میں ، جو  بیماریوں کی گہرائی تک جانچ کرنے کے قابل ہے،  جناب سدھاکر کنچارلا کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے  عوام کے فائدے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی  کے استعمال پر  یودا  کی ستائش کی۔ اس بات کو اجاگر کرتے ہوئے کہ  حیدر آباد  طبی سیاحت کا  ایک بین الاقوامی مرکز بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سہولیات  مریضوں کو  معیاری علاج فراہم کرنے میں مدد کریں گی۔

اس موقع پر  نائب صدر جمہوریہ نے  طبی شعبے میں  اخلاقیات  کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے  کہ چند کالی بھیڑیں اس  عظیم پیشے  کے نام پر  دھبہ  لگاتی ہیں، انہوں نے  غیر ضروری  تشخیصی  جانچوں  کا مشورہ دینے  سے گریز کرنے پر  بھی زور دیا۔

اس موقع پر  تلنگانہ حکومت  کے  مویشی پروری ، ماہی گیری اور سینیماٹو گرافی کے  وزیر مملکت  جناب  ٹی سرینواس یادو ، سابق کرکٹر  اور لوک سبھا  کے سابق  رکن جناب محمد اظہر الدین،  فلم اداکار  اور  تلنگانہ  کے سابق وزیر سیاحت چرنجیوی ، بھارت کی بیڈ منٹن ٹیم کے چیف نیشنل کوچ  جناب پی گوپی  چند، بھارت کے  شطرنج کی ماہر  محترمہ ہریکا درونا ولّی،  یودا لائف لائن  ڈائگنوسٹکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر جناب سدھاکر کنچارلا اور دیگر شخصیات  موجود تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔و ا۔ ق ر

12984U-


(Release ID: 1772847) Visitor Counter : 173


Read this release in: English , Hindi , Tamil