ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت

باقیماندہ عالمی کاربن بجٹ کم رہ گیا ہے، دنیا کو تیز رفتار اور انقلاب پذیر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے: جناب بھوپیندر یادو نے ایل ایم ڈی سی منسٹیریل میں کہا


تمام ممالک سے 2050 تک نیٹ صفر اہداف کو اپنانے کا مطالبہ کرنا غیر مساوی ہے اور پیرس معاہدے کے برعکس اور ماحولیاتی انصاف کے خلاف ہے: ایل ایم ڈی سی وزارتی بیان

Posted On: 18 OCT 2021 8:49PM by PIB Delhi

 

”موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سی او پی 26 کی تیاری - توقعات اور چیلنجز“ کے عنوان سے لائن مائنڈیڈ ڈیولپنگ کنٹریز (ایل ایم ڈی سی) کے وزارتی سطح کے اجلاس میں ورچوئل طور پر حصہ لیتے ہوئے، ماحولیات، جنگلات اور تبدیلی موسمیات کے مرکزی وزیر، جناب بھوپیندر یادو نے اس دہائی میں ترقی یافتہ ممالک کے ذریعہ اخراج میں تیزی سے کمی لانے کا مطالبہ کیا۔

اس حقیقت کے پیش نظر کہ باقیماندہ عالمی کاربن بجٹ بہت کم ہے اور عالمی اخراج کی موجودہ شرح سے اس دہائی میں ختم ہو جائے گا، جناب یادو نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کو تیز رفتار اور انقلاب پذیر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

 

 

وزیر ماحولیات نے قابل تجدید توانائی، توانائی تک رسائی، اور کارکردگی، پائیدار ٹرانسپورٹ بشمول ای موبلٹی، پائیدار زراعت، گرین کور کو بڑھانے وغیرہ کے حوالے سے ہندوستان کی طرف سے کیے گئے اہم ماحولیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے بتایا کہ ہندوستان نے 2005 اور 2016 کے درمیان اپنے جی ڈی پی اخراج کی شدت میں 24 فیصد کمی حاصل کی ہے، اور اس طرح 2020 سے پہلے کا اپنا رضاکارانہ ہدف حاصل کیا ہے۔

وزیر موصوف نے نشاندہی کی کہ ہندوستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی جانب سے تیز رفتار آب و ہوا کی کارروائی، موسمیاتی فنانس ، ٹیکنالوجی اور عمل درآمد کے دیگر ذرائع کی ہنگامی فراہمی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے عالمی شراکت داری اور تعاون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور ایل ایم ڈی سی ممالک سے درخواست کی کہ وہ ہندوستان کی طرف سے شروع کیے گئے بین الاقوامی شمسی اتحاد (آئی ایس اے) اور کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر (سی ڈی آر آئی) کے اقدامات میں شامل ہوں۔

گلاسگو، برطانیہ میں 31 اکتوبر سے 12 نومبر 2021 تک منعقد ہونے والی اہم 26ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس سے قبل وزارتی سطح کے ہم خیال ترقی پذیر ممالک کے گروپ اجلاس کی میزبانی ریاست بولیویا کی طرف سے کی گئی ہے۔ ایل ایم ڈی سی ایشیا اور دیگر علاقوں کے تقریباً 25 ترقی پذیر ممالک پر مشتمل ہے۔

اجلاس کے دوران ایل ایم ڈی سی کے وزرا کی جانب سے ایک وزارتی بیان کی تائید کی گئی، جس میں COP26 کی صدارت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا گیا اور کثیر جہتی عمل کے ذریعے ایک کامیاب COP26 کے تئیں دیگر تمام فریقوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر قریبی اور تعمیری کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع-ک ا   

U: 11091



(Release ID: 1764841) Visitor Counter : 125


Read this release in: English , Hindi