صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

تمام ہندوستانیوں کو، ہماچل پردیش کے عوام کے ذریعہ گزشتہ 50 برسوں کے دوران ترقی کی رقم کردہ تاریخ پر فخر ہے: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند


بھارت کے صدر جمہوریہ نے ہماچل پردیش قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا

Posted On: 17 SEP 2021 2:02PM by PIB Delhi

 

بھارت کے  صدر جمہوریہ   جناب رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ تمام ہندوستانیوں کو ہماچل پردیش کے عوام کے ذریعہ گزشتہ 50 برسوں کے دوران ترقی کی رقم کردہ تاریخ پر فخر ہے۔ وہ آج (17 ستمبر 2021) شملہ میں ہماچل پردیش قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ خصوصی اجلاس ہماچل پردیش کو ریاست کا درجہ حاصل ہونے کی گولڈن جوبلی کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا۔

 صدر جمہوریہ  نے کہا کہ ہماچل پردیش کی گزشتہ سبھی حکومتوں نے اس ترقیاتی سفر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے سابق  وزرائے اعلی -  آنجہانی وائی ایس پرمار، آنجہانی جناب ٹھاکر رام لال، جناب شانتا کمار، جناب پریم کمار دھومل اور آنجہانی ویر بھدر سنگھ کے ذریعے کئے گئے گراں قدر تعاون کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش حکومت کے ذریعہ ریاست کے ترقیاتی سفر کو عوام تک لے جانے کی غرض سے کی گئی پہل انتہائی قابل ستائش ہے۔ ہماچل پردیش نے مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے پیمانے مقرر کئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ نیتی آیوگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ، ہماچل پردیش کا ‘‘دیرپا ترقی سے متعلق مقاصد – انڈیا انڈیکس 21-2020’’ میں ملک میں دوسرا نمبر ہے۔ انہوں کہا کہ ہماچل پردیش ، بہت سی خصوصیات کے اعتبار سے ملک کی سرکردہ ریاست ہے۔ انہوں نے ان حصولیابیوں کے لئے ہماچل پردیش کے سرکار کی ستائش کی۔

اس حقیقت کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ ہماچل پردیش کی  دریاؤں کا پانی صاف ستھرا ہے اور اس کی مٹی غذائیت سے بھر پور ہے، صدر جمہوریہ نے ریاستوں کے کسانوں پر زور دیا  کہ وہ زیادہ سے زیادہ قدرتی کاشتکاری کے طریقے کو اختیار کریں اور اپنی زمین کو کیمیائی کھاد سے پاک رکھیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہماچل پردیش میں پائیدار ترقی کے لئے ، ماحولیات کے لئے ساز گار زراعت، باغبانی، سیاحت، تعلیم، روز گار، خاص طور پر خود کار روزگار وغیرہ کے زبردست امکانات موجود ہیں۔ یہ ریاست قدرتی حسن سے مالا مال ہے، اس لئے ہمیں اس کی قدرتی خوبصورتی اور وراثت کو محفوظ رکھتے ہوئے ترقی کے لئے مسلسل کوششیں جاری رکھنی چاہئیں۔

ہماچل پردیش سرکار کے ذریعہ ماحولیات کے تحفظ اور اس کی نگہداشت کی غرض سے کئے گئے سرگرم اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ  یہ ہماچل پردیش کے عوام اور ریاستی سرکار کے لئے ایک فخر کی بات ہے کہ  سال 2014  میں، ہماچل پردیش قانون ساز اسمبلی، ملک کی ایسی  پہلی اسمبلی بن گئی ہے، جہاں برائے نام ہی کاغذ کا استعمال ہوتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی کے با کفایت استعمال، ماحولیات کے تحفظ اور اقتصادی وسائل کی بچت کی ایک بہترین مثال ہے۔ انہوں نے اس بات کو نمایاں کیا کہ ماحولیات کے تحفظ اور نگہداشت کی غرض سے ریاستی سرکار نے بہت سی قابل ستائش کوششیں کی ہیں، جن میں  پلاسٹک کے استعمال پر پابندی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل پردیش قانون ساز اسمبلی کے ذریعہ، حیاتیاتی لحاظ سے مٹی  میں نہ ملنے وال کچرے پر قابو پانے سے متعلق قانون مجریہ  1995 ، تمباکو نوشی پر پابندی اور تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کی صحت کے تحفظ سے متعلق قانون مجریہ 1997  کی منظوری دیئے جانے سے پورے ملک پر ایک اچھا اثر قائم ہوا ہے اور  اس قانون ساز اسمبلی میں اِسی طرح کے کئی قوانین وضع کئے گئے ہیں، جن  سے مستقبل میں ہونے والی تبدیلیوں کے لئے راہ ہموار ہوگئی ہے۔

ہماچل پردیش کے عوام کی فطرت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، صدر جمہوریہ نے  کہا  کہ ہماچل پردیش  کے پر امن لیکن بہادر لوگ، جب بھی ضرورت ہوتی ہے، ناانصافی، دہشت گردی اور ملک کے وقار پر آنے والی کسی بھی  آنچ  کے خلاف جانبازی سے رد عمل ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا خاص  طور پر ذکر کیا کہ  ہماچل پردیش کے تقریباً  ہر گاؤں  کے نوجوان بھارت کی مسلح فورسز  میں خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے  اس بات کو اجاگر کیا کہ ریاست  میں سابق فوجیوں کی تعداد  ایک لاکھ 20000 سے زیادہ ہے۔ انہوں نے  کہا کہ رام سنگھ پٹھانیا، جنہوں  نے  برطانیہ  کی حکمرانی  کے خلاف جدو جہد  میں اپنی جان قربان کردی، پرم ویر چکر سے سرفراز  میجر سوم ناتھ شرما، کیپٹن وکرم  بترا، صوبے دار سنجے کمار اور  کیپٹن سوربھ کالیا جیسے  بہت سے دیگر سور ماؤں نے پورے ملک اور ہماچل پردیش کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ مسلح فورسز  کے سپریم کمانڈر  کی حیثیت سے، شکر گزار قوم کی جانب سے، وہ  ان بہادر ہستیوں کی مقدس یاد میں اپنا سر  خم کرتے ہیں۔

 صدر جمہوریہ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ آج صبح  وزیراعظم جناب نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے، انہوں نے  وزیراعظم کو اس تقریب کے بارے میں مطلع کیا۔ اور اس موقع پر وزیراعظم جناب نریندر مودی نے ہماچل پردیش کو ریاست کا درجہ حاصل ہونے کے 50  سال مکمل ہونے کے موقع پر ہماچل پردیش کے عوام اور ریاستی سرکار کے لئے مبارک باد پیش کی۔

ہندی میں صدر جمہوریہ کی تقریر کے لئے یہاں کلک کریں۔

 

۰۰۰۰۰۰۰۰

(ش ح- ع م-  ق ر)

U-9106



(Release ID: 1755738) Visitor Counter : 232


Read this release in: English , Hindi , Punjabi , Tamil