سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت

حکومت نے آئندہ دو برسوں میں 15 لاکھ کروڑ روپئے کے بقدر سڑک تعمیرات کا ہدف متعین کیا: گڈکری


جاری مالی سال کے دوران یومیہ 40 کلو میٹر  شاہراہوں کی تعمیر کے ہدف کی حصولیابی کے لئے اعتماد کا اظہار کیا

Posted On: 01 MAY 2021 8:35AM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، یکم مئی 2021: سڑک نقل و حمل اور شاہراہ اور بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کے وزیر جناب نتن گڈکری نے کہا ہے کہ حکومت بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو اعلیٰ ترین ترجیح دے رہی ہے اور اس نے آئندہ دو برسوں میں 15 لاکھ کروڑ روپئے کی لاگت سے سڑک تعمیرات کا ہدف طے کیا ہے۔

جناب گڈکری نے اعتماد جتایا کہ سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت جاری مالی سال کے دوران 40 کلو میٹر یومیہ شاہراہوں کی تعمیر کے ہدف  کو حاصل کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سڑک تعمیر کے شعبے میں 100 فیصد راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اجازت دے رہی ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت میں سال 2019۔2025 کے لئے قومی بنیادی ڈھانچہ پائپ لائن جیسے پروجیکٹس اپنی نوعیت کے لحاظ سے اولین منصوبے ہیں اور حکومت اپنے شہریوں کو عالمی سطح کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرانے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے عہد بستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی پی کے تحت مجموعی طور پر 7300 سے زائد پروجیکٹس نافذ کیے جانے ہیں۔ ان پروجیکٹوں کو پورا کرنے میں سال 2025 تک 111 لاکھ کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ این آئی پی کا مقصد پروجیکٹوں کی تیاری میں بہتری لانا اور شاہراہ، ریلوے، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں، موبیلٹی، توانائی اور زرعی اور دیہی صنعت جیسے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے بھارت ۔ امریکہ شراکت داری ویژن سربراہ ملاقات سے خطاب کرتے ہوئے، جناب نتن گڈکری نے کہا کہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے نئے دور میں بھارت اور امریکہ کے قومی مفاد متحد ہو رہے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کی انتظامیہ کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے نتیجے میں تمام زیر التوا تجارتی مسائل کو  حل کیا جائے گا اور جلد ہی بڑے کاروباری معاہدات پر دستخط عمل میں آئیں گے۔ وزیر موصوف نے امریکی کمپنیوں کو بھارت میں بنیادی ڈھانچہ اور ایم ایس ایم ای شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے مدعو کیا۔

 

مکمل تقریب دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک کریں: https://www.youtube.com/watch?v=73z4Pgax-1Q

*******

ش ح ۔اب ن

U-4105



(Release ID: 1715317) Visitor Counter : 129