صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت

ڈاکٹر ہرش وردھن  نے دہلی میں آکسیجن والے  500 اضافی بستروں کا جائزہ لیا


چھترپور میں سردار پٹیل کووڈ کیئر سنٹر اینڈہاسپیٹل میں کل 2000 آکسیجن والے  بیڈ ہوں گے

"مرکز کووڈ 19 کے خلاف اجتماعی لڑائی میں علاج کےبنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کی مسلسل مدد کر رہا ہے"

وزیرموصوف  نے طبی عملے اور آئی ٹی بی پی اہلکاروں کی لگن اور بے لوث خدمت کی ستائش کی

Posted On: 24 APR 2021 8:12PM by PIB Delhi

نئی دہلی۔ 24 اپریل        کووڈ – 19 کے خلاف جنگ میں دہلی کے لئے ایک انتہائی ضروری قدم کے طور پر، صحت و خاندانی بہبودکے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج یہاں نئی دہلی کےچھترپور میں واقع  سردار پٹیل کووڈ کیئر سنٹر (ایس پی سی سی سی) کا دورہ کیا  اور کووڈ کیئر سنٹر کے دوبارہ آغاز اور  آکسیجن والے 500 اضافی بستروں کا جائزہ لیا۔ یہ سہولت دہلی میں موجودصحت کے بنیادی ڈھانچے پر روزانہ نئے کووڈ – 19 معاملوں میں  ہونے والے غیر معمولی اضافے سے نمٹنے کے لئے بہت زیادہ  معاون ہوگی ۔

ڈاکٹر ہرش وردھن نے مرکزی حکومت کے اجتماعی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ، "گذشتہ سال کی طرح ، مرکز بھی" مکمل حکومت "کے نقطہ نظر کے پیش نظر کام کر رہا ہے جہاں ہم کووڈ – 19 کے موثر انتظام کے لئےبنیادی ڈھانچے کے تین زمروں میں بہتری لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ ”

 مرکزی وزیر صحت نے  آکسیجن سے آراستہ 500 بستروں کے ساتھ دوبارہ کام شروع  کرنے کا جائزہ لینے کے لئے کووڈ کیئر سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے سینٹر میں کووڈ – 19 سے نمٹنے کے انتظام کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ آئندہ ایک ہفتے میں اس کی گنجائش 1000 میں بڑھا دی جائے گی اور اس کے بعد تیزی سے 1500 اور بالآخر 2000 بستروں  کی گنجائش ہو جائے گی۔ چھتر پور سینٹر میں طبی سہولیات کی مناسب فراہمی کی جارہی ہے جس میں دس مخصوص بنیادی کیئر لائف سپورٹ ایمبولینس ، ایکس رے ، آکسیجن سلنڈر ، بائی  فاسک ڈیفی بریلیٹر مکمل ، پلس آکسیمیٹر ، سکشن مشینیں اور بی آئی پی اے پی مشین کے ساتھ دیگر طبی آلات شامل ہیں۔ صحت کی دیکھ بھال کی سہولت میں تربیت یافتہ کونسلروں کے ذریعہ ان-ہاؤس نفسیاتی کونسلنگ اور نفسیاتی  علاج کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ٹیلی میڈیسن کی سہولت بھی آئی ٹی بی پی کے ریفرل اسپتال کے ذریعہ فراہم کی جائے گی۔ آئی ٹی بی پی نے پہلے ہی 40 کوالیفائیڈ میڈیکل ڈاکٹروں کی ٹیم روانہ کی ہے جس میں 120 ماہر نیم طبی عملے کی  ایک ٹیم شامل ہوگی۔ توقع ہے کہ یہ سہولت کل سے  شروع ہوجائے گی۔

نئی دہلی میں کووڈ کے علاج کے لیے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی غرض سے  مرکزی حکومت  کی مربوط کوششوں کے حصے کے طور پرڈی آر ڈی او اور آئی ٹی بی پی کے اشتراک سے چھتر پور میں واقع رادھا سوامی ست سنگ بیاس (آر ایس ایس بی) میں "سردار پٹیل کووڈ کیئر سینٹر"تیار کیا گیا ہے ۔ یہ سینٹربند پڑا تھا تاہم  اب اسے دارالحکومت میں معاملات میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر دوبارہ شروع کردیا گیا ہے ۔

مرکزی وزیر صحت نے اس سینٹر کا معائنہ کیا اور ڈی آر ڈی او کے اہلکاروں ، آئی ٹی بی پی کے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کے ساتھ بات چیت کی جو اس  سینٹر کی دیکھ بھال کریں گے۔ ڈاکٹر ہرش وردھن نے کووڈ سینٹر کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کووڈ سنٹر میں مناسب سہولیات کی تیاری  کے لئے طبی عملے اور آئی ٹی بی پی اہلکاروں کی لگن اور بے لوث خدمت کی ستائش کی۔ انہوں نے سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے کہا ، "اس سے ہلکے کووڈ مریضوں کے علاج معالجے کے لئے موجودہ سہولیات کی  کافی حد تک درجہ بندی کی جا سکے گی اور اسپتالوں پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔" انہوں نے مزید کہا کہ ملک ایک انتہائی سنگین دوسری لہر سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ہر ممکن وسائل کے ذریعہ ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو مدد فراہم کر رہی ہے۔

اس موقع پر مرکزی وزیر صحت نے اپنی باری آنے پر ویکسین لینے کی اہمیت کا اعادہ  کرتے ہوئے،کووڈ کے تئیں مناسب طرز عمل  اختیار کرنے اور "سوشل ویکسین" یعنی "دو گز کی دوری " کو اپنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے تمام شہریوں کو یقین دلایا کہ مرکزی حکومت سبھی ریاستوں اور مرکز کے انتظام ریاستوں کو اپنے اسپتال اور علاج معالجے کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کے لئے ہر طرح کی مدد فراہم کر رہی ہے۔

مرکزی وزیر صحت کے دورے کے موقع پر ممبر پارلیمنٹ جناب رمیش بھیدوری ، ڈی آر ڈی او کے اعلی افسران ، اور مقامی انتظامیہ موجود تھے۔   

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

(ش ح ۔ رض (

U-3945

 


(Release ID: 1713918) Visitor Counter : 221


Read this release in: English , Hindi