بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت

کے وی آئی سی نے مقامی روزگار کو فروغ دینے کےلئے مغربی بنگال میں 2250دستکاروں کو چرخے، کرگھے اور ملبوسا ت کی مشینیں تقسیم کیں

Posted On: 29 JAN 2021 4:30PM by PIB Delhi

 

کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن (کے وی آئی سی) نے  جمعہ کو مغربی بنگال کے مالدا ضلعے میں 2250 دستکاروں کو فائدہ پہنچاتے ہوئے ایک وسیع  روزگار مہم کا آغاز کیا۔ ریاست میں مستقل روزی روٹی کے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے کے وی آئی سی کے چیئرمین جناب ونے کمار سکسینہ نے نئے ماڈل کے 1155 چرخے، 435 سلک چرخے، 235 ریڈی میڈ ملبوسات تیار کرنےکی مشینیں، 230 جدید کرگھے اور دستکاروں کے خاندانوں کو 135 ریلنگ بیسن تقسیم کئے۔ فیض یافتگان میں تقریباً 90 فیصد خاتون دستکار شامل ہیں، جو کتائی اور بنائی کی سرگرمیوں سے جڑی ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/IMG-20210129-WA0006SI09.jpg

ان جدیدسازوسامان کی تقسیم حالیہ برسوں میں مغربی بنگال میں اپنی نوعیت  کی سب سے بڑی مہم میں سے ایک ہے۔ یہ مہم مالدا میں ریشم اور سوتی صنعت میں کتائی، بنائی اور ریلنگ سرگرمیوں کےلئے ایک بڑی حوصلہ افزائی ہوگی۔ کے وی آئی سی میں مالدا کے 22 کھادی انسٹی ٹیوشن کو مضبوط کرنے کے لئے 14 کروڑ روپے تقسیم کئے ہیں۔ یہ مہم اس ضلعے میں ریڈی میڈ ملبوسات کی صنعت کو بھی مضبوط کرے گی، جو مقامی  کاریگروں کے لئے روزی روٹی کا ایک اہم ذریعہ رہا ہے۔

کے وی آئی سی  کے چیئرمین جناب ونے کمار سکسینہ نے کہاکہ مغربی بنگال میں کھادی صنعت کو مضبوط کرنا وزیراعظم کے ہرخاندان میں ایک چرخہ ہونے کے خواب سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ہر ہاتھ کو کام دینے کے بڑے ہدف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

جناب سکسینہ نے کہا کہ ‘‘ مغربی بنگال میں روایتی کپاس اور ریشم صنعت  کو مضبوط کرکے ریاست میں بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر کے وی آئی سی خاص طور سے زور دے رہا ہے۔ بند اکائیوں کو بحال کرنے، موجودہ صنعتوں کو مضبوط کرنے اور مقامی کاریگروں کےلئے مستقل مقامی روزگار پیدا کرنےسے نہ صرف مالی خود انحصاری کو یقینی بنایا جا سکے گا، بلکہ مغربی بنگال کو کپاس ، ریشم اور ملبوسات  کی تیاری کے شعبے میں اور بھی زیادہ مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔’’

کے وی آئی سی کے چیئرمین نے کہا کہ مغربی بنگال میں شروع کی گئی روزگار کی سرگرمیاں ‘‘ آتم نربھر بھارت’’ اور ‘‘ ووکل فار لوکل ’’ کو بڑھاوا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ جدید مشین کے ساتھ کاریگروں کو بااختیار بنانے سے پیداوار کی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور بالآخر ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ یہ مغربی بنگال کی پرانی ہنرمندی کوبحال کرنے میں ایک طویل راستہ طے کرے گا۔

یہ قابل ذکر ہے کہ کئی صدیوں سے ،  مغربی بنگال کچھ بہترین سوتی اور ریشمی کپڑوں کی تیاری کے لئے جانا جاتا ہے۔ ریاست بڑے پیمانے پر اپنے موگا ، شہتوت اور تسر ریشم کے لئے مشہور ہے، جو نسلوں سے  کاریگری کی ایک اہم سرگرمی تھی۔

ریاست عالمی سطح پر  اپنی مسلن کپاس کے لئے بھی جانی جاتی ہے۔ کے وی آئی سی نے پہلی بار اپنے ای- پورٹل کے توسط سے ململ کپڑے کو آن لائن پلیٹ فارم پر مہیا کرایا ہے، جس نے بنگال کےکھادی اداروں کو کافی بڑھاوا دیا ہے۔ جناب سکسینہ نے انسٹی ٹیوشن سے دریوں، کمبل وغیرہ جیسی  نئی اشیا کا پتہ لگانے کی بھی درخواست کی، جس کے لئے کے وی آئی سی کو نیم فوجی دستوں کی طرف سے کافی آرڈر مل رہے ہیں۔

*************

ش ح ۔ف ا۔  ک ا

U. No.3728

 



(Release ID: 1711967) Visitor Counter : 134


Read this release in: English , Hindi , Manipuri , Bengali