نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
لوک سبھا اسپیکرجناب اوم برلا نے نئی دہلی میں 75 ہفتوں تک جاری رہنے والے پروگرام" آزادی کا امرت مہوتسو" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا
پچھلے 75 سالوں کے دوران ہندوستان نے زبردست ترقی کی ہے جس نے جمہوری استحکام کے نئے باب کھولے ہیں: جناب اوم برلا
Posted On:
12 MAR 2021 9:39PM by PIB Delhi
نئی دہلی۔ 12 مارچ لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج نئی دہلی کے قلعہ رائے پتھورا میں 75 ویں سال آزادی کے موقع پر75 ہفتہ تک جاری رہنے والے پروگرام " آزادی کا امرت مہوتسو" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر جناب نریندر سنگھ تومر ، وزیر تعلیم جناب رمیش پوکھریال ‘نشنک‘ ، نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے وزیر مملکت جناب کیرن رجیجو ، وزارت خزانہ میں وزیر مملکت جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر ، قبائلی امورکی وزیر محترمہ رینوکا سنگھ سروتا اور رکن پارلیمنٹ محترمہ میناکشی لیکھی نے بھی پروگرام سے خطاب کیا۔
محکمہ آثار قدیمہ ، نوجوانوں کے امور کی وزارت کے ساتھ وزارت ثقافت نے بھی قلعہ رائے پتھورا میں داستان گوئی (کہانی سنانے) اور کتھک کی پیش کش کا اہتمام کیا۔ یہ پروگرام 15 اگست 2022 سے ٹھیک 75 ہفتہ پہلے شروع ہونے والی تقریبات میں سے ایک ہے۔ اس سے پہلے صبح وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے احمد آباد کے سابرمتی آشرم سے گجرات کے نوساری ضلع کے دانڈی تک 241 میل کے مارچ کو ہری جھنڈی دکھا کر "آزادی کا امرت مہوتسو" تقریب کا افتتاح کیا ۔
مہاراجہ پرتھوی راج چوہان کو یاد کرتے ہوئے ، لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ رائے پتھورا قلعہ دشمنوں کے خلاف ہندوستان کی جدوجہد کے بڑے مرکزوں میں سے ایک تھا۔ لہذا ، یہ ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں سال پر"آزادی کا امرت مہوتسو" کے انعقاد کے لئے یہ بہترین مقام ہے۔ ہندوستان کے جمہوری ورثے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، جناب اوم برلا نے کہا کہ اگرچہ غیر ملکی حکمرانوں سے اپنی آزادی کا 75 واں سال منا رہے ہیں ، تاہم ہندوستان کے پاس ہزاروں سالوں کی بھر پور جمہوری اور ثقافتی وراثت ہے۔ اس سلسلے میں ، جناب برلا نے ان مجاہدین آزادی کو یاد کیا جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناقابل یقین تنوع کے باوجود ہندوستان نے ہمیشہ اقتدار کی ہموار منتقلی دیکھی ہے جو جمہوریت میں ہمارے گہرے اعتقاد کی علامت ہے۔
پچھلے 75 سالوں میں ہندوستان کی ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ، جناب اوم برلا نے کہا کہ ہندوستان نے تیز رفتاری زبردست ترقی کی ہے اور اس نے جمہوری طور پر بااختیار بنانے کے نئے باب کھولے ہیں۔ جنہوں نے آزادی کے وقت ہمارے جمہوری اصولوں پر شک کیا تھا ، ہندوستان نے ان کو غلط ثابت کردیاہے۔ جناب برلا نے زور دے کر کہا کہ ہم نے اپنی وابستگی ، لگن ، جد و جہد اور اجتماعی کوششوں کے ذریعہ چیلنجوں پر قابو پالیا ہے اور اپنی جمہوریت کو کامیاب بنایا ہے۔
جناب برلا نے کہا کہ پچھلے 75 سالوں کے دوران ، ہندوستان میں سترہ عام انتخابات ہوئے ہیں اور چار سو سے زیادہ اسمبلی انتخابات ہوئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران ، بہت ساری جماعتوں نے حکومتیں بنائیں اور اقتدار سے بے دخل بھی ہوئیں لیکن زمینی سطح پر ہماری جمہوریت مضبوط ہوئی ہے۔ انتخابی عمل میں بڑی تعداد میں نوجوانوں اور خواتین کی شرکت نے ہماری جمہوریت کو تقویت بخشا ہے۔ اس سلسلے میں ، انہوں نے ان رہنماؤں کی تعریف کی جنہوں نے ہندوستان کو ایک اچھا آئین دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل کو یاد کرتے ہوئےجناب اسپیکر نے کہا کہ تنوع میں اتحاد ہندوستان کی طاقت ہے۔ لسانی ، مذہبی اور علاقائی تنوع کے باوجود ہم اپنی ’ہندوستانیت‘ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔ لوک سبھا اسپیکر نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف “ایک بھارت شریشٹھ بھارت” ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ یہ سبھی کی خاص طور نوجوانوں کی کوشش ہونی چاہئے، ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہماری ہر سوچ اور عمل ہمارے قومی مقصد میں اہم کردار ادا کرے۔
زراعت اور کسانوں کی بہبودکے وزیر نریندر سنگھ تومر نے کہا کہ ہم اگلے 75 ہفتوں کے لئے امرت مہوتسو منانے جارہے ہیں اور اس مہوتسو کے دوران ، ملک کے نوجوانوں کو پتہ چلے گا کہ آزادی پسندوں نے ملک کی آزادی کے لئے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ جناب تومر نے مزید کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو اس مہوتسو کے موقع پر بہت سی چیزیں سیکھنے کا موقع ملے گا ، جس سے شریشٹھ ہندوستان بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے من کی بات کے خطاب کو یاد کرتے ہوئے ، جس میں انہوں نے تمام ہم وطنوں خصوصا نوجوان دوستوں سے مجاہدین آزادی ، ان کی جدوجہد اور ان کی بہادری کے بارے میں لکھنے کی اپیل کی تھی ، وزیر تعلیم جناب پوکھریال نے ایک بار پھر سب کو ان کااحترام کرنے اور لکھنے کی اپیل کی۔ جناب پوکھریال نے آج کے دن کو تاریخی دن قرار دیتے ہوئے کہا ، 12 مارچ 1930 کو مہاتما گاندھی جی نے ملک کی آزادی کی جدوجہد کو ایک نئی سمت دی تھی۔ یہ کہتے ہوئے کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آزادی کے 75 سالوں کے امرت مہوتسو کی تقریبات کی نشاندہی کرنے کے لیے احمد آباد کے سابرمتی آشرم سے پد یاترا کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ یہ یاترا ہر فرد ، ملک کےہر ایک باشندے کی ہے۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ اگلے 100 سالوں کے لئے ‘ہرکام دیش نام‘ کا پختہ عزم کریں اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے ایک مشن موڈ میں کام کریں۔
نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کےوزیر جناب کرن رجیجو نے کہا کہ ہم آئندہ 75 ہفتوں تک امرت مہوتسو منائیں گے اور اس موقع پر میں سبھی ہم وطنوں سے ملک کے ان بہادروں کے بارے میں جاننے کی درخواست کرتا ہوں جنہوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جان دی۔ جناب رجیجو نے مزید کہا کہ اس امرت مہوتسو کے ذریعہ ہم ملک کے حقیقی ہیرو کو اعزاز بخشنا چاہتے ہیں۔ جناب رجیجو نے مزید کہا کہ آج کے ہندوستان اور 10-15 سال پہلے کے ہندوستان کے مابین فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نےبھارت کو ایک شریشٹھ بھارت مہم کے ذریعہ متحد کیا ہے۔ جناب رجیجو نے مزید کہا کہ ملک کے نوجوان ایک نیا ہندوستان تشکیل دیں گے۔
وزارت داخلہ میں وزیر مملکت جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ ہندوستان کا شاندار ماضی ہے اور اس کے امرت مہوتسو کے ذریعہ ملک کے نوجوانوں کو فخر محسوس کرنے کا موقع ملے گا۔ جناب ٹھاکر نے یہ بھی کہا کہ یہ امرت مہوتسو ہماری ان 75 سالوں کی حصولیابیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا اور آئندہ 25 سالوں کے لیے آگے بڑھنے کا ایک فریم ورک بھی فراہم کرے گا۔ وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ 75 سال کے جشن کے لئے 5 ستون طے کیے گئے ہیں۔ یہ ہیں جد و جہد آزادی ، 75 پر غور و خوض، 75 میں کامیابیاں ، 75 میں ایکشن اور 75 میں عزم ۔
قبائلی امور کی وزیر محترمہ رینوکا سنگھ سروتا نے کہا کہ اس امرت مہوتسو کے تحت آئندہ 75 ہفتوں میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا ، جو نوجوانوں کو ترغیب دیں گے۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے محکمہ آثار قدیمہ نے 15 دیگر مقامات کی نشاندہی کی ہے - گوالیار میں گوالیار کا قلعہ ، دہلی میں ہمایوں کا مقبرہ ، آگرہ میں فتح پور سیکری ، حیدرآباد میں گولکنڈہ قلعہ ، آئزول میں بھونیشوری مندر ، ممبئی میں آغا خان پیلس بلڈنگ ، اڈیشہ میں کونارک سوریہ مندر ، ہماچل پردیش میں کانگڑا کا قلعہ ، لکھنؤ میں ریزیڈنسی بلڈنگ ، جھانسی میں جھانسی کا قلعہ ، پٹنہ میں ڈاکٹر راجندر پرساد کا آبائی گھر ، کرناٹک میں چتردرگ کا قلعہ ، وارانسی میں مان محل گھاٹ ، جے پور میں شنکرم، امراوتی اور ا ڈیگ پیلس جہاں ہندوستان کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کی شروعات ہوں گی۔
آزادی کا امرت مہوتسوہندوستان کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر حکومت ہند کے ذریعہ منعقد کیے جانے والے پروگراموں کا ایک سلسلہ ہے ۔ مہوتسو کو عوامی شراکت کے جذبے سےعوامی جشن کے طور پر منایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ رض (
(12.03.2021)
U-2477
(Release ID: 1704618)
Visitor Counter : 286