وزارت اطلاعات ونشریات
ویلنٹینا میں برازیل کے ایک مخنث طالب علم کو درپیش سماجی بائیکاٹ سے نمٹنے کی کوشش کی گئی ہے : ڈائریکٹر کیشیو پریرا دوس سانتوس
برازیل کے 80 فی صد مخنث طلباء اسکول چھوڑ دیتے ہیں اور کئی کو عصمت فروشی پر مجبور کیا جاتا ہے
نئی دلّی ، 22 جنوری / ‘‘ اگر ہمیں حقائق کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تو ہمیں اِس مسئلے کو زیادہ اجاگر کرنا چاہیئے ۔ برازیل میں مخنثوں کی حالت درست نہیں ہے ۔ لا علمی کی وجہ سے ، اُن کے خلاف امتیاز ہوتا ہے اور انہیں منافرت پر مبنی جرائم کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ بہت سے تعصب کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اُن کی مختلف شناخت کی وجہ سے کئی طلباء اسکول چھوڑ دیتے ہیں کیونکہ اسکول کا ماحول اُن کے لئے بہت نا موافق ہوتا ہے ۔ برازیل میں یہ ایک بڑا معاملہ ہے ، جہاں بڑی تعداد میں لوگ تیسری صنف سے تعلق رکھتے ہیں ۔ سماجی بائیکاٹ پر روشنی ڈالنے کی ہماری خواہش نے ہمیں ویلنٹینا بنانے کی ترغیب دی ۔ یہ فلم ، اِس مسئلے کو زیادہ اجاگر کرکے حقائق کو تبدیل کرنے کی ہماری کوشش ہے ۔ ’’ یہ بات ویلنٹینا فلم کے برازیل کے ڈائریکٹر کیسیو پریرا دوس سانتوس نے کہی ، جنہوں نے بتایا کہ اُن کی فلم میں 17 سالہ مخنث برازیلی لڑکی کی کہانی کو پیش کیا گیا ہے ، جس کا واحد مقصد اپنی والدہ کے ساتھ عام زندگی گزارنا ہے ۔ پہلی فلم ڈائریکٹ کرنے والے اور اسکرپٹ رائیٹر ، آج 22 جنوری ، 2021 ء کو گوا کے پناجی میں بھارت کے 51 ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس فلم کو ساؤ پولو کے بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں برازیل کی بہترین فکشن فیچر فلم کے ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے ۔
یہ فلم ایک نو جوان مخنث خاتون کی زندگی میں در پیش مشکلات کی عکاسی کرتی ہے ، جو اُسے دوسروں سے مختلف ہونے کی وجہ سے اٹھانی پڑتی ہیں ۔ اُس نے اپنا نام اسکول میں لکھوانے کی کوشش کی لیکن اسکول نے ، اُس کے والد کے دستخط طلب کئے ، جب کہ وہ صرف ماں کے سائے میں ہی پرورش پا رہی تھی ۔ آخر کار وہ تمام مشکلات کا سامنا کرنے میں کامیاب ہوئی ۔ یہی چیز اس فلم میں دکھائی گئی ہے ۔
جناب سانتوس نے بتایا کہ ‘‘ انہوں نے انتہائی اہم سماجی مسئلے پر یہ فلم بنائی ہے ۔ ویلنٹینا بنانے کا ، اُنہیں سات سال پہلے خیال آیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ 8 مختصر فلمیں بنانے کے بعد ، وہ فیچر فلم بنانے کے لئے ایک موضوع کی تلاش میں تھے ۔ کافی تحقیق کے بعد ہم نے یہ پایا کہ برازیل کے 80 فی صد مخنث طلباء صرف سماجی بائیکاٹ کی وجہ سے ہی اسکول چھوڑ دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ یہ برازیل میں ایک بہت بڑا سماجی مسئلہ ہے ۔ ’’
ویلنٹینا کا رول پہلی مرتبہ کام کرنے والی اداکارہ تھیسا وییون بیک نے ادا کیا ، جو ایک مخنث ہیں ۔ جناب سانتوس نے بتایا کہ ‘‘ ہم نے محسوس کیا کہ فطری جذبات کی عکاسی کے لئے اِن کی ضرورت ہے ۔ یہ ایک اہم فیصلہ تھا کیونکہ یہ فلم ایسے لوگوں کو در پیش محرومی کے بارے میں بتاتی ہے ۔ ’’
ڈائریکٹر سانتوس نے ، اُن کی فلم کی نمائش کرنے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ میری فلم افّی میں ایک بڑی اسکرین پر دکھائی گئی ہے اور یہ میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے ۔ ہم ویلنٹائن کو دیکھنے کے لئے برازیل سے یہاں آئے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ و ا ۔ ع ا ۔ )
U. No. 704
(Release ID: 1691464)
Visitor Counter : 226