امور داخلہ کی وزارت

مرکزی وزیرجناب امت شاہ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اپنے پارلیمانی حلقہ انتخاب گاندھی نگر میں دو فلائی اوور پل کا افتتاح کیا


جناب امت شاہ نے کہا کہ سرکھیج۔گاندھی نگر۔چلوڈا قومی شاہراہ پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنے کے لئے جلد ہی سات مزید فلائی اوور بنائے جائیں گے

کورونا بحران سے پوری دنیا کی اقتصادیات نیچے آئی ہے لیکن مودی حکومت کی لگاتار کوششوں سے جلد ہی ہندوستانی اقتصادیات دوبارہ پٹری پر لوٹے گی

اب تک کے سب سے بڑے کورونا بحران کے وقت بھی ملک کا ترقیاتی کام رکا نہیں ہے

جناب امت شاہ نے کورونا وبائی مرض کی وجہ سے اقتصادیات کے متاثر ہونے کے باوجود ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے گجرات حکومت کی تعریف کی

Posted On: 30 NOV 2020 8:00PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  30  نومبر 2020: مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعہ اپنے پارلیمانی حلقہ انتخاب  گاندھی نگر میں دو فلائی اوور پل کا افتتاح کیا۔ احمدآباد میں منعقد پروگرام میں گجرات کے وزیراعلیٰ جناب وجے روپانی ، نائب وزیراعلیٰ نتن پٹیل اور دیگر معزز حضرات شامل ہوئے۔پہلا فلائی اوور برج سندھو بھون کراس روڈ پر بنایا گیا ہے جس کی لمبائی 245 میٹر ہے اور اس کی تعمیر پر 35 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں۔ سانند جنکشن پر بنائے گئے 240 میٹر لمبے دوسرے فلائی اوور برج پر 36 کروڑ روپئے خرچ ہوئے۔

اس موقع پر جناب امت شاہ نے کہا کہ سرکھیج۔ گاندھی نگر۔ چلوڈا قومی شاہراہ پر ٹریفک کا بوجھ کم کرنے کے لئے جلد ہی سات مزید فلائی اوور بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکھیج سے چلوڈا کے درمیان 50 کلومیٹر کے راستے پر بلارکاوٹ ٹریفک رہے گا اور یہ ملک میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا راستہ ہوگا۔مرکزی وزیر داخلہ نے وقت سے پہلے پروجیکٹوں کو پورا کرنے کے لئے ریاستی حکومت کے ذریعہ دیئے گئے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔

 

جناب امت شاہ نے کہا کہ ملک کی اقتصادیات میں تیزی سے بہتری آرہی ہے ۔بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر میں گجرات ملک کی قیادت کررہا ہے اور چوطرفہ ترقی کے میدان میں اس نے کئی پہل کی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ گجرات نے گاؤوں میں 24 گھنٹے بجلی ، جدید طبی سہولیات کی تعمیر ، متبادل توانائی کے ذرائع کا فروغ اور پرائیویٹ بندرگاہ جیسے کئی ترقیاتی قدم اٹھائے ہیں۔

وزیرداخلہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب تک کے سب سے بڑے کورونا بحران کے وقت بھی ملک میں ترقیاتی کام رکا نہیں ہے۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ کورونا بحران سے پوری دنیا کی اقتصادیات نیچے آئی ہے لیکن مودی حکومت کی لگاتار کوششوں سے جلد ہی ہندوستانی اقتصادیات دوبارہ پٹری پر لوٹے گی۔ مرکزی حکومت نے کورونا بحران کے وقت کو صنعتی پالیسی ، تعلیمی پالیسی اور سماجی شعبے میں دیگر اہم پالیسی ساز اصلاحات کے لئے استعمال کیا ۔ جناب امت شاہ نے کورونا وبائی مرض کی وجہ سے اقتصادیات کے متاثر ہونے کے باوجود ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لئے گجرات حکومت کی تعریف کی۔

***************

(م  ن  ۔ ق  ت ۔  م ص)

 (2020 30.11.)

U- 7698



(Release ID: 1677330) Visitor Counter : 101


Read this release in: English , Hindi