نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر جمہوریہ نے آئی سی ایم آر سے پولٹری صنعت پر کورونا وائرس کے اثرات سے متعلق خدشے کو دور کرنے کے لئے کہا


پولٹری بریڈرز ایسوسی ایشن نے نائب صدر جمہوریہ سے ملاقات کی

انھیں پولٹری صنعت کو درپیش مسائل سے باخبر کیا

نائب صدر جمہوریہ نے تمام شرکاء سے عوام کو صحیح صحیح معلومات فراہم کرنے کی مشترکہ کوششوں کی اپیل کی

Posted On: 13 MAR 2020 1:27PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی ، 13 مارچ۔ آل انڈیا پولٹری بریڈرس ایسوسی ایشن کے چیئرمین بہادر علی کی قیادت میں ایک وفد نے آج یہاں نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی اور انھیں پولٹری صنعت پر نوول کورونا وائرس کے اثرات کے تعلق سے لوگوں میں بڑے پیمانے پر پھیلے خدشات کے پیش نظر پولٹری کے شعبے کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا۔

انھوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین کو بتایا کہ پولٹری صنعت کو لاحق خطرات سے متعلق غلط خبروں نے عوام میں شک و شبہات پیدا کردیے ہیں، اس کے نتیجے میں پولٹری مصنوعات کی کھپت میں بڑے پیمانے پر کمی آئی ہے۔

امریکی ماہرین حیاتیات ڈاکٹر بروس لپٹن کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ’’کورونا وائرس کا خوف اس وائرس سے بھی زیادہ مہلک ہے۔‘‘

انھوں نے زور دے کر کہا کہ ہر قسم کی افواہوں کو روکنا ہوگا اور صنعت کو معمول پر لانے کے لئے کوششیں کرنی ہوں گی۔

نائب صدر جمہوریہ نے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر بلرام بھارگو سے بات کی اور آئی سی ایم آر کو مرغ اور انڈوں کے استعمال کے تعلق سے عوام میں جو خدشات پیدا ہیں انھیں دور کرنے کے لئے مشاورت جاری کرنے کا مشورہ دیا۔

انھوں نے کہا کہ صارفین اور پولٹری مصنوعات فروخت کرنے والے دونوں کو یقین دلانے کے لئے صحیح صحیح معلومات کی ترسیل ضروری ہے۔

لاکھوں کسان خصوصاً دیہی ہندوستان کے پولٹری صنعت پر انحصار کرتے ہیں، یہ کہتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ شعبہ عوام کو تغذیاتی تحفظ فراہم کرانے کے علاوہ کسانوں کا ثانوی ذریعہ معاش بننے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جناب نائیڈو نے خزانہ اور کارپوریٹ امور کے وزیر مملکت جناب انوراگ ٹھاکر سے جو اس میٹنگ میں موجود تھے، اس معاملے کو دیکھنے کے لئے کہا۔

نائب صدر جمہوریہ نے تمام شراکت داروں سے عوام تک صحیح صحیح معلومات پہنچانے میں مشترکہ کوششیں کرنے کے لئے کہا۔

جناب ٹھاکر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت معاملے کی جانچ کرے گی اور جو بھی مناسب قدم ہوگا اٹھائے گی۔

رکن پارلیمنٹ اور تلنگانہ پولٹری بریڈرس ایسوسی ایشن کےصدر  جناب رنجیت ریڈی اور آل انڈیا پولٹری بریڈرس ایسوسی ایشن (اے آئی پی بی اے) کے نائب صدر جناب سریش چتوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

****

 ( م ن ۔ ش س۔ م ر)

U- 1203


(Release ID: 1606314) Visitor Counter : 191


Read this release in: English , Hindi