وزارتِ تعلیم
نائب صدر جمہوریہ نے آج نئی دہلی میں ماتر بھاشا دِوس تقریبات میں شرکت کی
ہندوستانی زبانوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کیلئے قومی تحریک چھیڑنے پر زور دیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 FEB 2020 5:56PM by PIB Delhi
نئی دہلی،20؍فروری،فروغ انسانی وسائل کی وزارت 21 فروری 2020 کو ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ماتر بھاشا دِوس منا رہی ہے۔ اس کے تحت آج نئی دلی میں منعقدہ ایک اہم تقریب منعقد کی گئی، جس میں مہمان خصوصی نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم وینکیا نائیڈو تھے۔ اس موقع پر فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب رمیش پوکھریال (نشنک) مہمان اعزازی تھے۔ ثقافت اور سیاحت کے وزیر مملکت جناب پرہلاد سنگھ پٹیل اور فروغ انسانی وسائل کے وزیر مملکت جناب سنجے دھوترے بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ پروگرام کا مرکزی موضوع ‘‘ ہماری کثیر لسانی وراثت کا جشن منانا’’ ہے، جو ایک بھارت شریشٹھ بھارت کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔
پروگرام کے دوران آج نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو ہندوستانی زبانوں کے تحفظ اور فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے 22زبانوں میں بات کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے مادری زبان کو فروغ دینے کا عہد لینے اور دیگر زبانوں کو بھی سیکھنے پر زور دیا۔ نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستانی زبانوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کے لئے قومی تحریک چھیڑنے پر زور دیا اور کہا کہ‘‘ جب ہم مادری زبانوں کی حفاظت کرتے ہیں اور مادری زبانوں کو فروغ دیتے ہیں، تو ہم اپنی لسانی اور ثقافتی تنوع کو بھی فروغ دیتے ہیں’’۔

زبان کو روزگار سے جوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سرکاری نوکریوں میں ایک مخصوص سطح تک تقرریوں کے لئے ہندوستانی زبانوں کی جانکاری لازمی کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمہ جہت ترقی کے لئے مادری زبان کو محرک بننا چاہئے۔ نائب صدر جمہوریہ نے ایڈمنسٹریشن میں مقامی زبان کو استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب نائیڈو نے کہا کہ ہائی اسکول کی سطح تک ذریعہ تعلیم مادری زبان ہونی چاہئے۔
نائب صدرجمہوریہ ہند کی پوری تقریر کے لئے یہاں کلک کریں۔
https://pib.gov.in/PressReleseDetail.aspx?PRID=1603859
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر جناب رمیش پوکھریال نشنک نے کہا کہ مادری زبان وہ زبان ہے، جسے کوئی شخص بغیر کسی کوشش کے سیکھتا ہے اور جس کے تئیں اس شخص کا گہرا جذباتی لگاؤ ہوتا ہے۔ جناب پوکھریال نے کہا کہ زبان نہ صرف ترسیل کا ایک ذریعہ ہے، بلکہ معاشرے کے لوگوں کے ساتھ ایک مضبوط سماجی ، تہذیبی، جغرافیائی اور اقتصادی رشتہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک وسودھیو کٹم بکم میں یقین رکھتا ہے۔ اس لئے ہم نہ صرف ایک دوسرے کی زبان اور ثقافت کا احترام کرتے ہیں،بلکہ اس میں ہم جذب ہو جاتے ہیں اور زندگی بسر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان جیسے ملک میں، جہاں ہزاروں زبانیں اور بولیاں بولی جاتی ہیں، وہاں ہر ایک زبان کی اہمیت اور اپنی شناخت ہے۔
جناب پوکھریال نے کہا کہ جہاں ہم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ہندوستان میں اتنی بڑی تعداد میں مادری زبانیں موجود ہیں، وہیں دوسری طرف ہندوستان کی 196 زبانوں کو یونیسکو کے ذریعے معدوم ہونے کے خطرات والی زبانوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جو تشویش کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ زبانیں اور بولیاں نہ صرف معدوم ہوتی جا رہی ہیں یا معدومیت کے دہانے پر کھڑی ہیں،بلکہ دکھ کی بات ہے کہ کئی اہم زبانوں کی حالت بھی خستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ کبھی کبھی لوگ اپنی مادری زبان کے تعلق سے احساس کمتری کے شکار ہو جاتے ہیں، جبکہ یہ سمجھنا چاہئے کہ کوئی بھی زبان بڑی یا چھوٹی، امیر یا غریب اور مضبوط یا کمزور نہیں ہوتی ہے۔ جناب نشنک نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی زبانوں کا تحفظ کریں اور اس کے ساتھ ہی ہم انہیں فروغ بھی دیں۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ یوم مادری زبان دنیا بھر میں لسانی اور ثقافتی تنوع اور کثیر لسانیت کو فروغ دینے اور زبانوں کے بارے میں عوامی بیداری پھیلانے کے لئے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال یونیسکو کو ایک نئے موضوع کے ساتھ مادری زبان کا بین الاقوامی دن مناتا ہے۔اس سال 2020 کا مرکزی موضوع ‘‘ لینگویجیز وداؤٹ بارڈرس’’ یعنی جس کا معنیٰ جغرافیائی سرحدوں سے پرے زبانیں ہیں۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے جناب پرہلاد سنگھ پٹیل نے کہا کہ ہمیں سبھی زبانوں پر فخر ہے۔ تاہم اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ مادری زبان کسی فرد کی شخصیت کو سنوارنے میں ایک اہم رول ادا کرتی ہے۔ کوئی شخص اپنی ضرورتوں کے مطابق کئی زبانوں کو سیکھتا ہے،لیکن اس کا قلبی اورجذباتی لگاؤ صرف اس کی مادری زبان سے ہی رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان میں ہر زبان کی ایک عظیم تاریخ اور لسانی معاشرہ اور تہذیبی تناظر ہے۔ انہوں نے پوری دنیا میں مقامی زبانوں کو فروغ دینے پر زور دیا تاکہ حدود سے پرے رابطہ قائم رہ سکے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے فروغ انسانی وسائل کےوزیر مملکت جناب سنجے دھوترے نے کہا کہ مادری زبان ایسی پہلی زبان ہے، جو انسان اپنے ماں باپ اور ماحول سے سیکھتا ہے۔ انسان صرف اپنی مادری زبان میں گفتگو کرتے ہوئے سب سے زیادہ آسانی محسوس کرتا ہے۔ اس لئے مادری زبان کو کلاسوں میں اور خاص طور سے پرائمری درجات میں ذریعہ تعلیم کی حیثیت سے ترجیح دی جانی چاہئے۔ جناب دھوترے نے کہا کہ ہندوستان میں زیادہ ترلوگ ذو لسانی یا کثیر لسانی ہیں۔ یہ انفرادیت اور ہمارے ملک کا کثیر لسانی تنوع ایسا ہے، جس کے لئے ہم فخر کر سکتے ہیں۔
تعلیمی اداروں اور زبان سے متعلق اداروں کے ساتھ فروغ انسانی وسائل کی وزارت ماتر بھاشا دوس منا رہی ہے۔ تعلیمی ادارے تقریری مقابلے ، مذاکرہ، گلوکاری، مضمون نویسی، پینٹنگ کے مقابلے ، موسیقی او ر ڈراما، نمائش ، آن لائن وسائل اور سدیگر رگرمیوں کے ساتھ ساتھ مختلف تقریبات کا انعقاد کریں گے۔ اس کے علاوہ کثیر لسانی معاشرے کیلئے معلوماتی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں سے متعلق پروگراموں نیز کم سے کم دو زبانوں اور زیادہ زبانوں کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہندوستان کی لسانی اور ثقافتی تنوع کو پیش کرنے والی نمائشوں کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔
۰۰۰۰۰۰۰۰
(م ن- م ع -ک ا)
U- 870
(ریلیز آئی ڈی: 1603977)
وزیٹر کاؤنٹر : 150