نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدرجمہوریہ نے میڈیا کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی غیر صحتمندانہ رجحان سے گریز کرے ، جس سے ساکھ متاثرہوتی ہو
نائب صدرجمہوریہ نے خبروں اورنظریات کو ایک ساتھ ملانے پر تشویش کا اظہار کیا
نائب صدرجمہوریہ کا کہنا ہے کہ ماضی میں صحافت کو ایک مشن سمجھاجاتا تھا
نائب صدرجمہوریہ نے تغلق نامی رسالے کی 50سالہ تقریبات میں شرکت کی
نائب صدرجمہوریہ نے آنجہانی جناب چوراماسوامی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا
प्रविष्टि तिथि:
14 JAN 2020 8:35PM by PIB Delhi
نئیدہلی 15 جنوری 2020 ۔نائب صدرجمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج میڈیا سے کہا ہے کہ وہ سنجیدگی سے اپنا احتساب کرے اور کسی بھی ایسے غیرصحتمندانہ رجحان سے گریز کرے، جس سے ساکھ متاثر ہوتی ہو۔
آنجہانی چو راما سوامی کی طرف سے شروع کئے گئے تمل رسالے تغلق کی 50سالہ تقریبات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے خبروں اور نظریات کو ایک ساتھ ملانے کے غیر صحتمندانہ رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی سوچ کے مطابق بعض مسائل کو غیر متوازن طورپر ابھارنا اور بناکر خبریں شائع کرنا ، ان دنوں کا معمول بن گیا ہے ۔
نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ توڑمروڑ کئے بغیر مکمل معلومات فراہم کرنے کی بجائے میڈیا کا ایک طبقہ یہ فیصلہ کررہا ہے کہ ناظرین کو کیا دیکھنا چاہئے اور قارئین کو کیا پڑھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا :’’ اس طرح کا رجحان طویل مدت میں چوتھی ریاست اور بھارتی جمہوریت کے لئے اچھا نہیں ہے ۔‘‘
جناب نائیڈو نے کہا کہ ماضی میں صحافت کو ایک مشن سمجھا جاتا تھا اور آنجہانی چو جیسے بہت سے سرکردہ صحافیوں نے اپنے قلم کا کسی خوف یا حمایت کے بغیر استعمال کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ صحافی کبھی بھی کسی طرح کے دباؤ یا لالچ کے سامنے نہیں جھکے اور نہ ہی انہوں نے اپنی دیانتداری اور اپنی اقدار پر کوئی سمجھوتہ کیا ۔ یہ صحافی ہمیشہ صحافت کے اعلیٰ اصولوں کے پابند رہے اور انہوں نے صداقت اور غیر جانبداری کے اعلی ٰ معیار کو برقراررکھا ۔
چو راما سوامی کو ہمہ جہت ذہین شخص قرار دیتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ انہوں نے صحافت ، سنیما ، ڈرامہ ،سیاست ،قانون اور لٹریچر کی دنیا میں ایک ان مٹ نقش چھوڑا ہے ۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تغلق شہرت کی جس بلندی پر پہنچا ہے وہ جناب چو کی پرجوش اور بے خوف صحافت کا نتیجہ ہے ،جس نے قوم کے مفاد کو ہرچیز سے بالاتررکھا ۔ ایمرجنسی کے دوران انہوں نے جس مزاحمت کا اظہار کیا ، اس کی یاددلاتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ چو ہمیشہ صحافیانہ آزادی میں یقین رکھتے تھے اور انہوں نے ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کا کوئی موقع ضائع نہیں کیا ،جس سے صحافت کی آزادی متاثر ہوتی ہو۔
جناب نائیڈو نے کہا کہ چو کہ صحافت کے انداز سے نہ صرف ہرشخص حیرت میں پڑ گیا بلکہ ان کی جرأ ت مندانہ ، بے خوف ،تیز ،طنزیہ اور نکتہ سنج تحریروں اور نظریات سے بہت سے لوگ دہل کر رہ گئے ۔
اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ چو کی تیز حس مزاح اور اسٹیج پر ان کی موجودگی نے انہیں نہ صرف ایک کامیاب ڈرامہ آرٹسٹ بنادیا بلکہ ایک ہردلعزیز مزاحیہ ایکٹر بھی بنادیا ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا :’’ ان کے چاہنے والوں کا تعلق ہرعمرسے تھا، محبت کرنے والے ہرطبقے سے تھا اور فوری مزاح پسند کرنے والے تمام طبقوں سے تھا۔‘‘
نائب صدر جمہوریہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے نمائندوں کا انتخاب چار ’سیز ‘ کی بنیاد پر کریں یعنی امیدواروں کا کریکٹر ، کیلیبر ، کپیسٹی اور کنڈکٹ ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو مستحکم بنانے کے لئے ایسا کرنا بہت ضروری ہے ۔
نائب صدر جمہوریہ نے تغلق رسالے کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی اشاعت کا اجرا بھی کیا اور اس اشاعت کی پہلی کاپی معروف فلم اداکار شری رجنی کانت کو پیش کی گئی ۔
اس موقع پر تغلق کے ایڈیٹر ان چیف جناب ایس گرومورتی ، معروف اداکار جناب رجنی کانت اور آنجہانی چو راماسوامی کے افراد خاندان بھی موجود تھے ۔
۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰۰
م ن ۔ج۔رم
U-193
(रिलीज़ आईडी: 1599411)
आगंतुक पटल : 136