وزارتِ تعلیم

انسانی وسائل کے فروغ کے مرکزی وزیر نے 28ویں نئی دلی عالمی کتاب میلہ 2020 کا افتتاح کیا


نئی دلی عالمی کتاب میلہ جلد ہی دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ ہوگا – جناب رمیش پوکھریال ‘نشنک ’

نئی دلی عالمی کتاب میلہ 2020 کا موضوع ہے
گاندھی : مصنفو ں کے مصنف

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 04 JAN 2020 5:31PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 04 جنوری 2020/ انسانی وسائل کے فروغ کے مرکزی  وزیر جناب رمیش پوکھریال ‘نشنک’ نے آج نئی دلی میں پرگتی میدان میں 28ویں نئی دلی عالمی کتاب میلے 2020 (این ڈی ڈبلیو بی ایف) کا افتتاح کیا۔  ممتاز گاندھیائی اسکالر گریشور مشرا ، چیئرمین نیشنل بک ٹرسٹ پروفیسر گووند پرساد شرما اور انسانی وسائل کے فروغ کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب مدن موہن ، آئی ٹی پی او کےایگزیکٹیو  ڈائریکٹر جناب راجیش اگروال اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے جناب پوکھریال نے کہا کہ ہم کتابوں کے ایک سمندر کے درمیان ہیں اور یہ کتابوں کا مہاکنبھ خیالات سے بھرا ہے ایسے خیالات سے جو انسانیت کو تقویت پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ یہ کتاب میلا ایسا مقام ہے جہاں لوگ ایک دوسرے سے ملتے ہیں اور نئے خیالات اور نظریات تخلیق کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو ان سے واقف کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کتابیں ہندوستان کے نوجوانوں کو نئے خیالات سے روشناس کراتی ہیں۔

اِس سال کے میلے کے موضوع ‘گاندھی : مصنفوں   کے مصنف’ کا ذکر کرتے ہوئے فروغ انسانی وسائل کے وزیر نے کہا کہ ہم ایسے وقت میں مہاتما گاندھی کا 150واں یوم پیدائش منا رہے ہیں جب ہمیں ان کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ دنیا آج دہشت گردی سمیت بہت سے چیلنجوں کا سامنا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ، ملک کو ، معاشرے کو او رتمام لوگوں کو گاندھی  جی کے امن اور عدم تشدد کے نظریے اور فلسفے کی وجہ سے اُن کی ضرورت ہے ۔ وزیر موصوف نے  پبلیشروں سے کہا کہ وہ کتابوں اور لوگوں کی پڑھنے کی عادت کو فروغ دیں کیونکہ لوگ کتابوں سے دور جا رہے ہیں اور این ڈی ڈبلیو بی ایف جیسا کتاب میلہ کتابوں اور پڑھنے کی عادت کی حفاظت اور اِس میں اضافے کو یقینی بناتا ہے۔

وزیرموصوف نے اس بات کی تعریف کی کہ نئی دلی عالمی کتاب میلہ ایشیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ ہے اور انہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ یہ میلہ جلد ہی دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ بن جائے گا۔

ممتاز گاندھیائی اسکالر اور مہمان ذی وقار پروفیسر گریشور مشرا  نے اِس موقعے پر مہاتما گاندھی کی زندگی اور ان کی تعلیمات کے بارے میں تفصیل سے تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی صدی کی ایک قداور شخصیت تھے۔ انہوں نے گیتا ، قرآن اور بائبل سمیت کتابوں کے اپنے وسیع مطالعے کی وجہ سے سچائی ، امن اور عدم تشدد کا راستہ دکھایا۔

مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے این بی ٹی کے چیئر مین پروفیسر گووند پرساد مشرا نے حاضرین کو نئی دلی عالمی کتاب میلے کے اس ایڈیشن کے بارے میں مطلع کیا اور کہا کہ اس  کتابوں کی دنیا کے ذریعے کوئی بھی مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ علم حاصل کر سکتا ہے اور ہمیں نئی سمت دکھا سکتا ہے۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

 م ن۔ش س ۔ م ت ح ۔

U-50

 

 


(ریلیز آئی ڈی: 1598465) وزیٹر کاؤنٹر : 84
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , हिन्दी