کامرس اور صنعت کی وزارتہ

کاروبار اور صنعت کے تمام پہلوؤں کے لئے اختراعی حل ضروری ہیں: پیوش گوئل


ہندوستان کی ترقی کی کہانی لکھنے کے لئے حکومت اور صنعت کے درمیان لگاتار بات چیت ضروری ہے: پیوش گوئل

کامرس اور صنعت کے وزیر نے فکّی کی 92ویں سالانہ عام میٹنگ سے خطاب کیا

Posted On: 20 DEC 2019 5:10PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 20/دسمبر۔ کامرس و صنعت اور ریلویز کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے آج نئی دہلی میں کہا کہ صنعت کی رکاوٹیں اور تشویشات دور کرنے کے لئے اختراعی حل نکالنے کے مقصد سے حکومت اور صنعت کے درمیان مسلسل بات چیت ضروری ہے۔

وہ ایف آئی سی سی آئی (فکّی) کی 92ویں سالانہ عام میٹنگ اور سالانہ کاروباری کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔  5 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے مقصد سے ہندوستان کے لئے روڈمیپ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کامرس و صنعت کے وزیر نے کہا کہ اس وقت کی ضرورت نہ صرف علاحدہ علاحدہ صنعتوں کے مسائل اور تشویشات کو حل کرنا ہے بلکہ مسئلے کی جڑ کو ختم کرنا ہے اور ایسا پائیدار حل تلاش کرنا ہے جو پوری صنعت کے پھلنے پھولنے کے لئے ایک بہتر کاروباری ماحول تیار کرے۔ چاہے چھوٹے چھوٹے مسائل ہوں یا ہندوستانی صنعت کی بہت بڑی رکاوٹیں، ہندوستان کی ترقی کی کہانی کو آگے بڑھانے کے لئے ہندوستانی صنعت کو حکومت کی مدد کرنی ہی ہوگی۔

انھوں نے صنعت سے اپیل کی کہ وہ نہ صرف مسائل کے اختراعی حل تلاش کریں بلکہ کاروبار اور صنعت کے تمام پہلوؤں میں اختراع کے لئے سرمایہ کاری بھی کریں، تاکہ صنعت کی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔ دوسرے ملکوں کے مقابلے میں آر اینڈ ڈی میں ہندوستان کی سرمایہ کاری، ہندوستان کی جی ڈی پی کا بہت چھوٹا سا حصہ ہوتی ہے، جو کہ ہندوستان کی جی ڈی پی کا تقریباً 0.6 فیصد سے لے کر 0.7 فیصد تک ہی ہوتا ہے۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ یہ امریکہ (2.8)، چین (2.1)،  اسرائیل (4.3) اور کوریا (4.2) جیسے ملکوں کے خرچ سے بہت کم ہے اور حکومت اور صنعت کو آر اینڈ ڈی میں اور زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

کامرس اور صنعت کے وزیر نے کہا کہ حکومت صنعت کو ان کے کاروبار کے ہر ایک پہلو کے لئے ہر طرح کی مدد فراہم کرانے کے لئے تیار ہے، جس کے لئے ایسے نظام سے متعلق حل نافذ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جن سے کہ مقدمے کم ہوسکیں، پیٹنٹ رجسٹریشن میں تیزی لائی جاسکے، تجارتی مسائل کو تیزی سے حل کیا جاسکے اور قانونی ماحول کو بہتر بنایا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ وزیر کامرس کے طور پر انھوں نے ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدوں کا جائزہ لینے کی پہل کی ہے اور ان کی وزارت ہندوستان سے برآمدات کو روکنے کے لئے ممالک کے ذریعے جو رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، ان نان ٹیرف بیریئرس کی جانچ کررہی ہے۔ کامرس اور صنعت کے وزیر نے نوے برسوں تک ہندوستانی صنعت کی خدمت کرنے اور حکومت اور صنعت کے درمیان ایک پل کا کام کرنے اور ہندوستان کی ترقی کی کہانی کو آگے بڑھانے میں فکّی کے رول کی ستائش کی۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 


م ن۔  ا گ۔ م ر

UN-5959


(Release ID: 1597125) Visitor Counter : 134


Read this release in: English , Hindi