وزارت دفاع
بی ای ایل نے حکومت کو مالی سال19-2018کے لئے231.69کروڑ روپے کا منافع دیا
Posted On:
24 OCT 2019 2:53PM by PIB Delhi
نئی دہلی،24؍ اکتوبر، دفاع کے سرکاری سیکٹر کی کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹڈ (بی ای ایل) نے مالی سال 19- 2018 کے لئے حکومت کو 170 فیصد منافع ادا کیا ہے جو 231.69 کروڑ روپے ہے۔ وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں بی ای ایل کے چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر ایم وی گوتم سے اس رقم کا چیک وصول کیا۔ یہ رقم صدر جمہوریہ کے نام حصص پر قابل ادائیگی ہے۔

اس کے ساتھ ہی بی ای ایل نے مالی سال 19- 2018 کے لئے حکومت کو کُل 340 فیصد منافع ادا کیا ہے۔
170 فیصد کا عبوری منافع ( ایک روپے کی فیس ویلیو کے فی شیئر پر ) فروری اور مارچ 2019 میں ادا کیا گیا تھا۔
بی ای ایل ایک نورتن سرکاری سیکٹر کی کمپنی ہے اور بھارت کی اہم دفاعی الیکٹرانکس کمپنی ہے۔ بی ای ایل کثیر مصنوعات والی ، کثیر ٹیکنالوجی والی اور کثیر یونٹوں والی ایک اہم کمپنی ہے جو راڈار ، میزائل سسٹم ، ملٹری مواصلات وغیرہ جیسی دفاعی مصنوعات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین ، ووٹر ویریفائ ایبل پیپر آڈٹ ٹرائل ( وی وی پیٹ) اور شمسی مصنوعات جیسی غیر دفاعی مصنوعات میں 350 سے زیادہ اشیاء سپلائی کرتی ہے۔
اگرچہ بی ای ایل خاص طور پر دفاعی مصنوعات تیار کرتی ہے لیکن کمپنی نے شمسی ٹریفک سگنل اور ای وی ایم جیسی مختلف مصنوعات کے ذریعے شہری روز مرہ کی زندگی پر بھی اثر ڈالا ہے۔ فوج ، بحریہ ، فضائیہ ، نیم فوجی دستے ، کوسٹ گارڈ ، پولیس ، ٹیلی مواصلات کا محکمہ اور الیکشن کمیشن آف انڈیا بی ای ایل کے اہم صارفوں میں شامل ہیں۔ بی ای ایل میں 3سطحی تحقیق وترقی کا ڈھانچہ موجود ہے جس میں اس کے 9 یونٹوں میں ڈیولپمنٹ اور انجینئرنگ کے ڈویژن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پروڈکٹ ڈیولپمنٹ اینڈ انوویشن سینٹر ، نئی مصنوعات کے لئے ایک مرکزی سہولت اور مرکزی ریسرچ لیب بینگلورو اور غازی آباد میں موجود ہیں۔
بی ای ایل نے 19- 2018 کے دوران 11789 کروڑ روپے کا لین دین کیا جو پچھلے سال کے مقابلے 17 فیصد زیادہ ہے۔ ٹیکس کی ادائیگی سے پہلے کمپنی کا منافع 2703 کروڑ روپے رہا جبکہ ٹیکس کی ادائیگی کے بعد یہ منافع 1927 کروڑ روپے ہے۔ کمپنی نے 153 کروڑ روپے کی بر آمد کی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(م ن-و ا- ق ر)
U-4752
(Release ID: 1589079)
Visitor Counter : 107