نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ

نائب صدر افریقہ کے دو ملکوں کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچے


باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے کوموروس اور سیئرا لیون کا دورہ کیا

Posted On: 15 OCT 2019 4:29PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی،15؍اکتوبر،بھارت کی موجودگی کو وسعت دینے اور افریقہ کے ساتھ قریبی تعلقات  مرتب کرنے کی خاطر نائب صدر جمہوریہ ہند جناب ایم  وینکیا نائیڈو کوموروس اور سیئرالیون کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آج نئی دہلی واپس پہنچ گئے ہیں۔

افریقہ کے  جنوب مشرقی  ساحل کے قریب واقع  کوموروس اور سیئرالیون کا  بھارت کی کسی  اتنی اہم شخصیت کا یہ پہلا دورہ تھا۔ جناب نائیڈو  کے ہمراہ  مویشی پروری ، ڈیری اور ماہی پروری  کے وزیر مملکت  جناب سنجیو کمار والیان ، راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ جناب رام وچار نیتم اور دیگر سینئر عہدیدار  بھی  دورے پر  گئے تھے۔

10 اکتوبر  کو  کوموروس کے دارالحکومت مورونی میں  جناب نائیڈو کی آمد پر   یونین آف کوموروس کے صدر  جناب ازالی عثومانی  نے  پروٹوکول کو توڑتے ہوئے ہوائی  اڈے پر  ذاتی طور پر جناب نائیڈو کا خیر مقدم کیا۔

کوموروس  میں  اپنی پہلی مصروفیت کے دوران نائب صدر جمہوریہ نے  بھارتی  برادری سے خطاب کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ تین-ڈی  یعنی  جمہوریت  ، مانگ اور  زیادہ آبادی کے فائدے کے ساتھ  نئے بھارت کی ترقی  کی تاریخ لکھنے میں  شریک ہوں۔ انہوں نے  بھارتی برادری کو 2021 میں ہونے والے پراواسی بھارتی دیوس  میں شرکت کرنے کی بھی دعوت دی۔

 11 اکتوبر  کو  کوموروس کے صدر نے   دوستی کے غیر معمولی اظہار کے لئے  ،  نائب صدر جمہوریہ کو یونین آف کوموروس کے  سب سے بڑے سول اعزاز  ’’دی آرڈر آف دی گرین کریسنٹ‘‘ سے سرفراز کیا۔

ایک  ارب 30 کروڑ  بھارتیوں کی طرف سے  انتہائی  انکساری کے ساتھ  اعزاز  قبول کرتے ہوئے جناب نائیڈو نے  یہ کہا کہ وہ  اس غیر  معمولی اظہار سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک مشترکہ ویژن نے ہمیں  متحد کیا ہے، ایک مشترکہ سمندر  ہمیں جوڑتا ہے – یہ دوستی کا سمندر ہے اور  مل کر  ترقی کرنے کا ویژن ہے۔

اسی دن نائب صدر جمہوریہ نے  وفد کی سطح کی بات چیت کی اور جناب ازالی عثومانی  کے ساتھ  تنہائی میں ملاقات کی۔ دونوں ملکوں نے  دفاع ، صحت  اور ادویات ، آرٹ  اور  کلچر  اور  ٹیلی تعلیم (ای-ودیابھارتی)  اور  ٹیلی میڈیسن ( ای- آروگیہ بھارتی)  سمیت  مختلف شعبوں میں تعاون کے  6 مفاہمت ناموں پر دستخط کئے۔

وفد کی سطح کی بات چیت کے دوران جناب نائیڈو نے  زور دے کر کہا کہ حال ہی میں  جموں وکشمیر ریاست  کی  تنظیم  نو،  بھارت کا خالص اندرونی معاملہ ہے اور اس کی وجہ بہاری سرحدوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ  فیصلہ جموں وکشمیر میں ترقی کو  تیز تر کرنے  پر توجہ مرکوز کرنے کی خاطر کیا گیا ہے۔

نائب صدر جمہوریہ نے بحر ہند میں مشترکہ سکیورٹی ڈھانچے کے طور پر جزیرائی ملک  کوموروس اور  بھارت کے درمیان  بحری شعبے میں دفاعی تعلقات میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ  ’’بحر ہند کے ملکوں کے طور پر ہماری سمندری سکیورٹی  آپس میں مربوط ہے‘‘۔

 جناب نائیڈو نے   دہشت گردی کے خلاف لڑائی اور  اقوام متحدہ سلامتی کونسل  میں بھارت کی  مستقل  رکنیت کی امیدواری  اور  سلامتی کونسل میں اصلاحات کی حمایت  کے لئے  یونین آف کوموروس کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

مورونی میں جناب نائیڈو نے  پارلیمنٹ سے خطاب کیا  جس پر ارکان پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر ان کی ستائش کی۔

سیئرالیون کے  فری ٹاؤن میں آمد کے فورا بعد ہی  وہاں کی  امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون  کی وزیر  محترمہ فریدا  تیونس  نے  نائب صد رجمہوریہ سے ملاقات کی۔

 13 اکتوبر کو  نائب صد رجمہوریہ نے  جمہوریہ سیئرالیون کے صدر  جناب جیولیس  مادابیو  کے ساتھ  تنہائی میں بات چیت کی اور بعد میں ان کے ساتھ وفد کی سطح کی بات چیت کی۔ دونوں لیڈروں نے  معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ دونوں لیڈروں نے  کثیر  جہتی امور پر تبادلہ خیال کیا اور  اقوام متحدہ سلامتی کونسل  اور دیگر  کثیر جہتی فورموں میں  موجودہ تعاون کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات اور  دہشت گردی سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی ضرورت سمیت مختلف بین الاقوامی امور پر یکساں نظریات  کو دیکھتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے بین الاقوامی امور  ، خاص طور پر  اقوام متحدہ سلامتی  کونسل میں اصلاحات سے متعلق  10 ملکوں کی افریقی یونین کمیٹی  کے  صدر کے طور پر  سیئرالیون کے رول کی ستائش کی۔

بھارت اور سیئرالیون نے  مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو توسیع دینے کے لئے 6 معاہدوں پر دستخط کئے اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات پر زور دیا  تاکہ  افریقہ اور  ہندوستان میں رہنے والی ایک تہائی انسانی آبادی کو  اقوام متحدہ  کے  فیصلہ ساز  اداروں میں ان کا  جائز مقام  حاصل ہوسکے۔

سیئرا لیون میں ایک ہائی کمیشن قائم کرنے  کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے نائب صد رجمہوریہ نے کہا کہ  سیئرا لیون کے ساتھ بھارت کے  خصوصی تعلقات ہیں۔ سیئرا لیون کے لئےزراعت ، توانائی ، آبی وسائل اور ٹیلی مواصلات  سمیت  مختلف شعبوں میں    217.5  ملین  امریکی ڈالر  کے برابر  بھارت کی ترقیاتی امداد  کا اعلان کرتے ہوئے  جناب نائیڈو نے  کہا کہ  30 ملین امریکی ڈالر  کا  سلسلے وار قرض  چاول کی پیداوار میں خود کفالت کے لئے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  یہ فیصلہ  پینے کے پانی کے پروجیکٹ  کے لئے  15 ملین امریکی ڈالر  کے قرض کے سلسلے  کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے صدر بائیو کو یہ بھی بتایا کہ بھارت  فری ٹاؤن میں صدر کے نئے  دفتری کمپلیس  کی تعمیر کے لئے  سلسلے وار قرض  دینے میں خوشی محسوس کرے گا۔

نائب صدر جمہوریہ نے  بین الاقوامی شمسی اتحاد میں  سیئرا لیون  کے شامل ہونے پر  خوشی کا اظہار کیا۔ اس اتحاد میں  بھارت  پوری دنیا میں  شمسی توانائی  کو فروغ  دینے  اور ٹیکنالوجی کی منتقلی  میں سہولت پیدا کرنے کی خاطر  ایک قائدانہ رول ادا کررہا ہے۔

جناب نائیڈو نے اسی دن  بھارتی برادری سے خطاب کیا اور  بھارت نژاد افراد پر زور دیا کہ وہ  جموں وکشمیر  کے بارے میں  غلط خبروں سے مؤثر طور پر نمٹے۔ جناب نائیڈو نے کہا کہ  اس طرح کی غلط معلومات کو روکنے کے لئے  یہ  مہم  شروع کرنے کا بہت موزوں وقت  ہے۔

جناب نائیڈو نے کہا کہ  جموں وکشمیر  کی تشکیل نو کا حالیہ فیصلے کا  مقصد  اس خطے کو  تمام قوانین اور ترقیاتی پروگراموں کے فوائد پہنچانا ہے اور  ریاست میں  شمولیت والی  مجموعی ترقی  کو یقینی بنانا ہے۔

جناب نائیڈو نے  بھارت نژاد افراد کو  یاد دلایا کہ بھارت  دنیا میں  سب سے زیادہ  شمولیت والا اور  روا داری  برتنے والا  جمہوری ملک ہے، جس میں  اقلیتوں سمیت تمام فرقوں کے مفادات  کا ہمدردی کے ساتھ  تحفظ کیا جاتا ہے۔

14 اکتوبر کو  سیئرا لیون کی  پارلیمنٹ کے کارگزار اسپیکر  ڈاکٹر میتھیو سحر نیوما  نے  جناب نائیڈو کے  دہلی روانہ ہونے سے پہلے  اُن سے ملاقات کی۔

نائب صدر جمہوریہ ہند کا  افریقہ کا یہ دوسرا دورہ تھا۔ اس سے پہلے نومبر 2018 میں جناب نائیڈو  بوتسوانہ  ، زمبابوے  اور ملاوی  کا دورہ کرچکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۰۰۰۰۰۰۰۰

(م ن-و ا- ق ر)

U-4609



(Release ID: 1588203) Visitor Counter : 98


Read this release in: English , Hindi , Marathi