پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 JUN 2019 8:05PM by PIB Delhi
نئی دہلی،یکم جون / نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے مصنفوں اور ادیبوں سے کہا کہ وہ سماج کو آئینہ دکھاتے ہوئے بھی عوام کے درمیان ترقی پسند اور مثبت خیالات کو فروغ دیں۔
آج وہ وشاکھاپٹنم میں معروف سماجی مصلح کنڈوکری ویریسالنگم کی صد سالہ برسی کی تقریب کے اختتام کے موقع پر آندھرایونیورسٹی اور موزیک ساہتیہ سنستھا کے ذریعے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ جناب وینکیا نائیڈو نے کنڈوکری ویریسالنگم، جن کو آندھرا کے راجہ رام موہن رائے کے طور پر شہرت حاصل ہے، کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نائب صدر نے کہا کہ ویریسالنگم آگے کی طرف دیکھتے تھے اور وہ اپنے وقت سے بہت آگے تھے۔ وہ کٹرپنتھ اور اوہام پرستی کے خلاف تھے۔ وہ بیوہ کی شادی کے سخت حامی تھے۔ جہیزاور ذات پات کے نظام کے خلاف تھے، بچوں کی شادی کے بھی خلاف تھے۔ انھوں نے تعلیم کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے جدوجہد کی۔
جناب وینکیا نائیڈو نے کہا کہ آج کے مصنفین، قلمکاروں، شاعروں اور کالم نگاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہماری ثقافت اور وراثت کی حفاظت کرتے ہوئے عوام کے درمیان جدید اور اصلاح کی طرف لے جانے والے خیالات کو فروغ دیں۔ محض معاشرے میں ہونے والے واقعات کا اندراج ہی کافی نہیں ہے ۔ قلمکاروں کو معاشرے کی خامیوں کی بھی نشاندہی کرنی چاہیے اور ان کی اصلاح کے طریقے بھی تجویز کرنے چاہئیں۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ملک میں اگرچہ مختلف شعبوں میں بہت تیزی سے ترقی ہوئی ہے تاہم بہت سے چیلنجز ابھی باقی ہیں۔ سماجی اور صنفی بھید بھاؤ کے واقعات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انھوں نے قلمکاروں سے کہا کہ وہ سماجی برائیوں کے خلاف جنگ میں ہراول دستے میں رہیں اور عوام کے رجحان میں تبدیلی لائیں۔ انھوں نے کہا کہ انھیں سماج کو توڑنے کے لیے نہیں بلکہ جوڑنے کے لیے کام کرنا ہوگا۔
ملک کی زبانوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے دانشوروں ، ماہرین تعلیم اور صحافیوں سے کہا کہ وہ ترقی پسند خیالات کو فروغ دینے اور سماجی برائیوں کو دور کرنے کے لیے عوام کے رجحان میں تبدیلی لانے کے لیے کوشش کریں۔
اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے جناب رائنا گریدھر گوڈ کے ذریعے تیار کی گئی جناب کنڈوکری ویریسالنگم کی ایک پورٹریٹ کی نقاب کشائی کی اور کنڈوکری ستاوردنتی کے کورآڈینیٹر جناب ٹی سنجیوا راؤ کے ذریعے مرتب کی گئی کتاب ‘کنڈوکری اسمرتی لہری’ (صدسالہ برسی ایڈیشن) کا اجرا کیا۔ انھوں نے اس موقع پر جناب ٹی سنجیوا راؤ کو مبارکباد بھی دی۔
آندھرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کرنل پروفیسر جی ناگیشور راؤ، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، وشاکھاپٹنم کے ڈائرکٹر پروفیسر ایم چندرشیکھر، ساہتیہ اکیڈمی کے انعام یافتہ جناب ایل آر سوامی، کنڈوکری ستاوردنتی کے کورآڈینیٹر جناب سنجیوا راؤ اور دیگر معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔
U. No. 2276