وزارت دفاع
بی ای ایل نے براہِ راست ہوا سے محفوظ پینے کے پانی کے لئے ماحولیاتی آبی جنریٹر لانچ کیا
Posted On:
21 FEB 2019 4:31PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 21 فروری / محکمۂ دفاع کی نو رتن سرکاری کمپنی بھارت الیکٹرانکس لمیٹیڈ ( بی ای ایل ) نے اپنا ایک نیا پروڈکٹ ‘‘ ماحولیاتی آبی جنریٹر ( اے ڈبلیو جی ) ’’ کی آج ایرو انڈیا – 2019 میں نقاب کشائی کی ہے ، جو پوری دنیا میں پینے کے پانی کی مسلسل بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کا ایک اختراعی حل ہے ۔
فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے بی ای ایل کے چیئرمین اور مینجنگ ڈائریکٹر جناب ایم وی گوتم ، ڈائریکٹروں اور دیگر سینئر عہدیداروں کی موجودگی میں اے ڈبلیو جی کا افتتاح کیا ۔
بی ای ایل کا ماحولیاتی آبی جنریٹر ماحول میں موجود رطوبت سے براہ راست پانی پیدا کرنے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ وہ دن دور نہیں ، جب پینے کا پانی کرۂ ارض پر سب سے قیمتی شے بن جائے گا ۔ زیر زمین پانی ، جو پینے کے پانی کا موجودہ اہم ذریعہ ہے ، بہت تیزی کے ساتھ کم ہو رہا ہے ، جب کہ پانی کے متبادل ذرائع کی تلاش کے لئے تحقیق کی جا رہی ہے ۔
بی ای ایل کا ماحولیاتی آبی جنریٹر ماحول میں موجود رطوبت سے پانی حاصل کرنے اور اسے صاف کرنے کے لئے ایک نئی ٹیکنا لوجی کا استعمال کرتا ہے ۔ یہ صاف ، محفوظ پینے کا پانی پیدا کرنے کے لئے ماحولیاتی رطوبت کو جمع کرنے کے لئے تمازت کو استعمال کرتا ہے ۔ اے ڈبلیو جی میں ایک معدنیاتی یونٹ بھی ہے ، جو پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لئے اس میں ضروری معدنیات کو حل کرتا ہے ۔ اے ڈبلیو جی ایک جگہ نصب ہونے والے اور موبائل دو طرح کے ڈیزائن میں تیار کیا گیا ہے اور یہ 30 لیٹر یومیہ ، 100 لیٹر یومیہ ، 500 لیٹر یومیہ اور 1000 لیٹر یومیہ کی صلاحیت میں دستیاب ہے ۔
ماحولیاتی آبی جنریٹر کو عوامی مراکز اور عوامی مقامات پر پینے کے پانی کی فراہمی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ جیسے حفظانِ صحت کے مراکز ، اسکول ، کالج ، دفاتر ، ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹینڈ ، ہوائی اڈے ، بندر گاہ ، سمندر میں تیل کے کارخانے ، فوجی تنصیبات ، دور دراز کے علاقے ، دور دراز قائم تنصیبات اور رہائشی کمپلیکس وغیرہ ۔
ماحولیاتی آبی جنریٹر سی ایس آئی آر – آئی آئی سی ٹی اور حیدر آباد کی ایک اسٹارٹ اَپ کمپنی میتری کے اشتراک سے بی ای ایل کے ذریعے تیار کیا گیا ہے ۔ اسے ایرو انڈیا – 2019 کے ہال – ای میں بی ای ایل کے اسٹال پر نمائش کے لئے رکھا گیا ہے ۔ بی ای ایل حکومتِ ہند کی اسٹارٹ اَپ انڈیا پہل کے تحت اسٹارٹ اَپ کمپنیوں کو امداد فراہم کر رہی ہے ۔
KIKI.JPG)
( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ) ( 21 – 02 – 2019 )
U. No. 1173
(Release ID: 1565875)