پوسٹ کرنے کی تاریخ:
29 NOV 2026 1:21PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے ڈیفنس انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی (ڈی آئی اے ٹی)، پونے پر زور دیا ہے کہ وہ جدید دور کے 'تکش شیلا' کے طور پر ابھرے، جو جدید ترین تحقیق، جدت طرازی اور قومی سلامتی کی اہم چنوتیوں کے حل پر مبنی دفاعی ٹیکنالوجی کا ایک عالمی معیار کا مرکزِ فضیلت ہو، اور ساتھ ہی مستقبل کی تکنالوجیوں پر کام کرنے کے لیے بھارت اور بیرونِ ملک سے باصلاحیت محققین اور سائنس دانوں کو اپنی جانب راغب کرے۔ وہ 29 نومبر 2026 کو مہاراشٹر کے شہر پونے میں محکمہ دفاعی تحقیق و ترقی (ڈی ڈی آر اینڈ ڈی) کے زیرِ اہتمام چلنے والے اس ممتاز ادارے ڈی آئی اے ٹی کے 15 ویں جلسۂ تقسیمِ اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر دفاع نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، کوانٹم کمپیوٹنگ، خودکار نظام، جدید مواد، سائبر سیکیورٹی، خلائی صلاحیتوں اور ڈائریکٹڈ انرجی ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت نے جنگ کی نوعیت کو بدل کر رکھ دیا ہے، جس سے نئے امکانات کے ساتھ ساتھ نئے چیلنج بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیلنج محض نئی ٹیکنالوجیز تیار کرنا نہیں ہے بلکہ قومی مفادات کے مطابق انہیں تیزی سے سمجھنا، اپنانا اور بروئے کار لانا بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ڈی آئی اے ٹی کو ان تکنیکی تبدیلیوں میں محض ایک شریک بننے سے آگے بڑھنا ہوگا اور مستقبل کے میدانِ جنگ کے لیے ٹیکنالوجیز تیار کرنے میں ایک قائد کے طور پر ابھرنا ہوگا۔"
جناب راج ناتھ سنگھ نے فوجی طاقت اور سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں کو قومی طاقت کے دو اہم اور باہم منحصر ستون قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جہاں دفاعی افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کرتی ہیں، وہیں سائنس اور ٹیکنالوجی معاشی ترقی، صنعتی فروغ اور خود انحصاری کو آگے بڑھا کر ملک کو اندر سے مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "جو قوم ٹیکنالوجی میں آگے رہتی ہے، وہ سلامتی میں بھی آگے رہتی ہے؛ اور جو قومیں سلامتی میں سبقت لے جاتی ہیں، وہ اپنی آزادی، خودمختاری اور ترقی کا مضبوطی سے دفاع کرنے کے زیادہ قابل ہوتی ہیں۔

دفاعی تحقیق کی وسیع تر اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ فوج کے لیے تیار کی جانے والی ٹیکنالوجیز کا اطلاق اکثر شہری شعبوں جیسے حفظانِ صحت، زراعت، مواصلات اور نقل و حمل میں بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "آج کسی تجربہ گاہ میں شروع کیا جانے والا ایک معمولی تحقیقی اقدام بھی مستقبل میں کسی کسان کو ایک نیا آلہ، کسی ڈاکٹر کو ایک جدید حل، یا کسی فوجی کو جان بچانے والی ٹیکنالوجی فراہم کر سکتا ہے۔ ہمارے محققین کو اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ان کا کام ہماری دفاعی صلاحیتوں اور تکنیکی مہارت دونوں کو مضبوط بنائے۔"
جناب راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ ڈی آئی اے ٹی کو ایسی تحقیق کے لیے پہچانا جانا چاہیے جو سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹے، دفاعی افواج کی اہم ضروریات کو پورا کرے اور ہندوستان کی سائنسی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر شناخت دلائے۔ انہوں نے دفاعی تحقیق کے ماحولیاتی نظام میں مضبوط باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی اے ٹی کو فوج کے ساتھ اپنے روابط کو مزید گہرا کرنے، بین الضابطہ تحقیق کو فروغ دینے، سرکردہ عالمی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور صنعتی تعاون کو نئی رفتار دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ ادارہ اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور قومی سلامتی کو جوڑنے والے ایک مضبوط پُل کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ادارے کو آگے لے جانے کی ذمہ داری صرف اس کے اساتذہ اور انتظامیہ پر ہی نہیں بلکہ اس کے سابق طلبہ پر بھی عائد ہوتی ہے۔ فارغ التحصیل ہونے والے اسکالرز کو اپنے متعلقہ شعبوں میں اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔"
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جیسے جیسے ہندوستان 'وکست بھارت@2047' کے ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے، ملک کے دفاعی تکنالوجی کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور اس کی سائنسی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے میں ڈی آئی اے ٹی کو ایک اہم کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے ڈی آئی اے ٹی میں خواتین کی نمایاں شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید سائنس، انجینئرنگ اور دفاعی ٹیکنالوجی میں ان کی بڑھتی ہوئی موجودگی ہندوستان کے دفاعی تحقیق کے نظام کو مزید مستحکم کرے گی۔


تقریب کے دوران، مجموعی طور پر 518 طلبا کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، اور ڈی آئی اے ٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد میں ڈگریاں تفویض ہوئیں۔ ان میں 27 پی ایچ ڈی اسکالرز، ایک ایم ایس (تحقیق کے ذریعہ) اسکالر، 401 ایم ٹیک گریجویٹس اور 89 ایم ایس سی گریجویٹس شامل تھے۔ ایم ایس سی گریجویٹس میں سے 30 ٹینک ٹکنالوجی میں مہارت رکھتے ہیں، تین فوڈ ٹکنالوجی میں، آٹھ اطلاعاتی تکنالوجی میں اور بقیہ 48 ایم ایس سی کے دیگر پروگراموں میں مہارت رکھتے ہیں۔


جناب راج ناتھ سنگھ نے ڈی آئی اے ٹی میں ایک نئے تعلیمی بلاک کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ یہ کمپلیکس ادارے کی بڑھتی ہوئی تعلیمی، تحقیقی اور تکنیکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے گا اور جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی میں اس کے کردار کو مزید مستحکم کرے گا۔ اس میں جدید اور ورچوئل کلاس رومز، جدید ترین لیبارٹریاں، تحقیقی سہولیات، انکیوبیشن سینٹرز اور 200 طلبہ کی گنجائش والا ایک سیمینار ہال شامل ہوگا۔
اس تقریب میں سیکرٹری دفاع، اور سیکرٹری محکمہ دفاعی تحقیق و ترقی و چیئرمین ڈی آر ڈی او جناب راجیش کمار سنگھ؛ ڈی آئی اے ٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر بی ایچ وی ایس نارائن مورتی؛ اعلیٰ سول اور فوجی حکام؛ اور تعلیمی اداروں و صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔

**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8452