پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 NOV 2026 6:10PM by PIB Delhi
خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر، محترمہ انّ پورنا دیوی اور ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر مملکت برائے تعلیم، حکومت ہند جناب جینت چودھری نے مشترکہ طور پر ہری دوار میں اتراکھنڈ سنسکرت سنستھانم سے ’نویا 2.0‘ کا آغاز کیا۔ نویا (NAVYA) یعنی نوجوان خواتین اور نوعمر لڑکیوں کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے امنگوں کی آبیاری، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت اور ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت کا ایک مشترکہ اقدام ہے۔
نویا 2.0 کے تحت 24 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 100 اضلاع کا احاطہ کیا جائے گا، جس میں ترقی کے خواہش مند اور دشوار گزار علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس پروگرام میں اہلیت کی عمر کی حد 16 سے 18 سال کے بجائے بڑھا کر 16 سے 25 سال کر دی گئی ہے اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ، ابھرتے ہوئے اور روایتی شعبوں سے ہٹ کر روزگار کے مختلف پیشوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ذریعے روزگار، اپرنٹس شپ اور صنعت کاری کے مواقع تک رسائی کے راستے بھی ہموار ہوں گے۔ ضلعی سطح پر اس پروگرام کے نفاذ کے لیے ایک مشترکہ معیاری طریقۂ کار (ایس او پی) رہنمائی فراہم کرے گا، جبکہ اسکل انڈیا ڈیجیٹل ہب امیدواروں کے اندراج سے لے کر سرٹیفکیشن تک معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت میں پیش رفت پر بھی نظر رکھے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر، محترمہ انّ پورنا دیوی نے کہا، ’’ماں گنگا کا ابدی بہاؤ ہمیں مسلسل آگے بڑھتے رہنے کا پیغام دیتا ہے۔ ہری دوار میں یہی جذبہ نویا 2.0 کے ذریعے عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ وکست بھارت 2047 کا تصور خواتین کی مکمل شمولیت کے بغیر نامکمل رہے گا۔ خواتین کو نہ صرف ترقی کے ثمرات سے مستفید ہونا چاہیے بلکہ انہیں اس کی قیادت بھی کرنی چاہیے۔ ہمارے دیہات سے لے کر خلا تک، ہماری بیٹیوں نے ثابت کیا ہے کہ موقع ملنے پر وہ آگے بڑھ کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتی ہیں۔ حکومت مختلف اسکیموں کے ذریعے ایک لڑکی کے سفر کے ہر مرحلے میں اس کی مدد کر رہی ہے اور نویا 2.0 اسی عہد کو آگے بڑھاتا ہے۔ لوگوں کو اس پروگرام سے جوڑنے کا مقصد محض تربیتی بیچوں میں امیدواروں کی تعداد پوری کرنا نہیں ہے بلکہ اندراج سے لے کر روزگار اور ذریعۂ معاش کے حصول تک ہر لڑکی اور اس کے خاندان کے ساتھ مسلسل رابطہ اور تعاون برقرار رکھنا ہے۔ ریاستی نوڈل افسران نفاذ کی قیادت کریں گے اور ایس آئی ڈی ایچ پورٹل ہر لڑکی کی پیش رفت کا جائزہ لے گا، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تربیت حاصل کرنے والی ہر لڑکی کو بامعنی روزگار کے حصول کی راہ پر گامزن کیا جائے۔‘‘
اس پہل کے حوالے سے اپنے ورچوئل پیغام میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جناب جینت چودھری، وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری نیز وزیر مملکت برائے تعلیم، حکومتِ ہند نے کہا، ’’کسی بھی ہنرمندی کے پروگرام کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاتا ہے کہ تربیت کے بعد وہ روزگار کے کتنے مواقع فراہم کرتا ہے۔ نویا 2.0 کے ذریعے ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ نوجوان خواتین، بالخصوص ان اضلاع میں جہاں انہیں مواقع تک رسائی کم حاصل ہے، ایسے پیشوں کو اپنائیں جن کے بارے میں انہوں نے شاید پہلے کبھی سوچا بھی نہ ہو، اپرنٹس شپ کے ذریعے عملی تجربہ حاصل کریں یا اپنے کاروباری ادارے قائم کریں۔ ہندوستان کی افرادی قوت میں زیادہ سے زیادہ خواتین کی شمولیت اور اس کی تشکیل میں ان کے کردار کو ممکن بنانا، وکست بھارت 2047 کے ہمارے تصور کو حقیقت میں بدلنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔‘‘
نویا 2.0 کے ذریعے نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور روایتی شعبوں سے ہٹ کر روزگار کے پیشوں میں تربیت تک رسائی کو وسعت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں اس کے آزمائشی مرحلے کی کامیابی کو آگے بڑھایا جائے گا، جس کے تحت نوعمر لڑکیوں کو ڈرون کی تیاری اور اسمبلی ٹیکنیشن نیز سولر پی وی انسٹالیشن ہیلپر جیسے پیشوں میں تربیت دی گئی تھی۔ نوجوان خواتین کو ابھرتے ہوئے شعبوں کے لیے درکار ہنر سے آراستہ کرنے اور روزگار، اپرنٹس شپ اور صنعت کاری کے مواقع تک رسائی کے راستے کھولنے کے ذریعے اس پہل کا مقصد افرادی قوت میں خواتین کی شمولیت بڑھانا اور وکست بھارت 2047 کے لیے خواتین کی قیادت میں ترقی کے تصور کو آگے بڑھانا ہے۔
اس افتتاحی پروگرام کے دوران اتراکھنڈ میں 477 سکشم آنگن واڑی مراکز اور پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیائے مہا ابھیان (پی ایم-جن من) کے تحت تعمیر کیے گئے پانچ نئے آنگن واڑی مراکز کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس کے علاوہ، پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا (پی ایم کے وی وائی) 4.0 کے تحت تربیت حاصل کرنے والے 10 امیدواروں کو اعزاز سے نوازا گیا۔
اس تقریب میں خواتین کو بااختیار بنانے اور بچوں کی ترقی، حکومت اتراکھنڈ کی کابینہ وزیر محترمہ ریکھا آریہ، خوراک و شہری رسد، کھیل اور نوجوانوں کی بہبود، حکومت اتراکھنڈ؛ جناب مدن کوشک، کابینہ وزیر برائے پنچایتی راج، آفات کے بندوبست اور بازآبادکاری، آیوش اور آیوش تعلیم، تنظیم نو اور مردم شماری، حکومت اتراکھنڈ؛ جناب تریویندر سنگھ راوت، رکنِ پارلیمنٹ، لوک سبھا، اتراکھنڈ؛ محترمہ دیبا شری مکھرجی، سکریٹری، وزارت ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری (ایم ایس ڈی ای)؛ جناب انیل ملک، سکریٹری، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت؛ محترمہ حنا عثمان، جوائنٹ سکریٹری، ایم ایس ڈی ای؛ جناب اجیت کمار، جوائنٹ سکریٹری، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت (ایم ڈبلیو سی ڈی) اور ایم ایس ڈی ای و ایم ڈبلیو سی ڈی کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
نویا کے اگلے مرحلے میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تربیت مکمل ہونے کے بعد کیا مواقع دستیاب ہوں گے، یعنی نئے ہنر کو ملازمت میں بروئے کار لانے، اپرنٹس شپ کے ذریعے تجربہ حاصل کرنے یا اپنا کاروبار شروع کرنے کے مواقع۔ نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کے لیے ان راستوں تک رسائی آسان بنا کر نویا 2.0 کا مقصد ان کی معاشی خود مختاری کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو وکست بھارت 2047 کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
******
ش ح۔ ف ش ع
U: 8426