صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزارت صحت و خاندانی بہبود کے ہیلتھ پویلین میں آئی آئی ٹی ایف 2026 کے دوران تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد کی آمد، احتیاطی صحت نگہداشت اور صحت مند طرز زندگی کے ذریعے ’یوا بھارت، سواستھ بھارت‘ کو فروغ


زائرین کو صحت کی مفت جانچ، تشخیصی ٹیسٹ، طبی مشاورت اور جسمانی و ذہنی صحت سے متعلق رہنمائی کی سہولت فراہم کی گئی

آیوشمان آروگیہ مندر کے اسٹال میں جامع بنیادی صحت نگہداشت کی خدمات پیش کی گئیں، جن میں بیماریوں کی جلد تشخیص، روک تھام اور قابل رسائی طبی سہولیات پر زور دیا گیا

آبھا، ای سنجیونی، یو وِن اور ٹیلی مانس سمیت ڈیجیٹل صحت کے اقدامات کے ذریعے زائرین کو ٹیکنالوجی پر مبنی صحت نگہداشت کی خدمات سے روشناس کرایا گیا

سی پی آر کے عملی مظاہروں، تپ دق سے متعلق بیداری کے نکڑ ناٹکوں، ڈاکٹروں کے ٹاک شو اور باہمی دلچسپی پر مبنی سرگرمیوں کے ذریعے صحت سے متعلق بیداری اور احتیاطی تدابیر کو فروغ دیا گیا

بچوں کے لیے مخصوص زون میں جسمانی سرگرمیوں، اسکرین سے پاک تفریح اور صحت مند عادات کو فروغ دیا گیا

ہیلتھ پویلین میں آئین کے دیباچے کو اجتماعی طور پر پڑھنے کے ساتھ یوم آئین منایا گیا اور آئینی اقدار سے وابستگی کا اعادہ کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 5:38PM by PIB Delhi

وزارت صحت و خاندانی بہبود کے ہیلتھ پویلین میں نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) کے دوران تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد کی آمد درج کی گئی۔ بچوں، نوجوانوں اور خاندانوں نے مفت صحت خدمات سے استفادہ کرنے، صحت نگہداشت کے پیشہ ور افراد سے بات چیت کرنے اور حکومت کے صحت سے متعلق پروگراموں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے پویلین کا دورہ کیا۔ ’یوا بھارت، سواستھ بھارت‘ (نوجوان ہندوستان، صحت مند ہندوستان) کے موضوع پر مبنی اس پویلین میں باہمی دلچسپی پر مبنی نمائشوں، عملی مظاہروں اور موقع پر فراہم کی جانے والی خدمات کے ذریعے احتیاطی صحت نگہداشت اور روزمرہ زندگی کی صحت مند عادات کو فروغ دیا گیا۔

اس پویلین کا افتتاح نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر ایم سری نواس نے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سکریٹری صحت محترمہ پُنیا سلیلا سریواستو بھی موجود تھیں۔ ہیلتھ پویلین میں 24 قومی صحت پروگراموں، پروگرام ڈویژنوں اور شریک تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے 39 اسٹال قائم کیے گئے تھے، جن کے ذریعے زائرین کو حکومت کے صحت سے متعلق اقدامات کے بارے میں جاننے اور صحتِ عامہ کی مختلف خدمات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

 

 

آیوشمان آروگیہ مندر کے اسٹال میں احتیاطی اور بنیادی صحت نگہداشت کی خدمات کو اجاگر کیا گیا

 

اس پویلین کی ایک اہم کشش آیوشمان آروگیہ مندر کا اسٹال تھا، جہاں زائرین نے صحت کی بنیادی جانچ کی سہولت سے استفادہ کیا اور احتیاطی نگہداشت کے بارے میں رہنمائی حاصل کی۔ اس اسٹال کے ذریعے زائرین کو اپنی برادریوں میں واقع آیوشمان آروگیہ مندروں میں دستیاب بنیادی صحت نگہداشت کی خدمات سے روشناس کرایا گیا اور انہیں باقاعدگی سے صحت کی جانچ کو اپنے معمولاتِ زندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب دی گئی۔

 

 

زائرین نے صحت کی مفت جانچ، ٹیسٹ اور طبی مشاورت کی سہولیات سے استفادہ کیا

 

پویلین کے مختلف اسٹالوں پر زائرین کو باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کی جانچ، خون میں شکر کی سطح کی جانچ، بلڈ گروپ کی شناخت، آنکھوں کا معائنہ، منہ کی صحت کی جانچ اور سماعت کی جانچ سمیت مفت خدمات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ انہیں ذہنی صحت، غذائیت اور تمباکو نوشی ترک کرنے کے سلسلے میں مشاورت بھی دی گئی، نیز ماں اور بچے کی صحت، ٹیکہ کاری اور بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔

 

 

زائرین کو ای سنجیونی کے ذریعے ٹیلی کنسلٹیشن کی سہولت حاصل کرنے، آبھا آئی ڈی بنانے اور آیوشمان بھارت-پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کے تحت اپنی اہلیت جانچنے کا طریقہ بتایا گیا۔ شریک اسٹالوں کے ذریعے زائرین کو یو وِن ٹیکہ کاری پلیٹ فارم اور ٹیلی مانس کی ذہنی صحت سے متعلق معاونتی خدمات سے بھی روشناس کرایا گیا۔

 

عملی مظاہروں اور باہمی دلچسپی کی سرگرمیوں کے ذریعے صحت سے متعلق بیداری کو فروغ

 

قلبی و تنفسی احیا (سی پی آر) کے براہ راست مظاہروں کے ذریعے زائرین کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بنیادی مہارتوں سے روشناس کرایا گیا۔ ’ٹی بی مکت بھارت ابھیان‘ کے تحت پیش کیے گئے نکڑ ناٹکوں میں علامات کی شناخت اور بروقت تشخیص و علاج حاصل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے ٹاک شو، معلوماتی کوئز، جادو کے مظاہروں اور ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں سے متعلق سرگرمیوں کے ذریعے زائرین کو سوالات پوچھنے اور احتیاطی صحت تدابیر کے بارے میں جاننے کے مواقع فراہم کیے گئے۔

 

 

بچوں کے لیے مخصوص زون میں کھیل کود کے ذریعے صحت مند عادات اپنانے کی ترغیب

 

بچوں کو روایتی کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں میں مشغول کرنے کے لیے ایک مخصوص زون قائم کیا گیا۔ اس اقدام کے ذریعے اسکرین سے دور رہ کر سرگرمیوں میں حصہ لینے، جسمانی ورزش اور سماجی میل جول کو فروغ دیا گیا، ساتھ ہی بچوں کو کھیل کود کے ذریعے صحت مند عادات اپنانے کی ترغیب دی گئی اور خاندانوں کو پویلین میں خوش گوار وقت گزارنے کا موقع فراہم کیا گیا۔

 

 

ہیلتھ پویلین میں یوم آئین منایا گیا

 

یوم آئین کے موقع پر ہیلتھ پویلین میں شرکت کنندگان نے اجتماعی طور پر آئینِ ہند کی تمہید کی قرأت کی اور انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کی آئینی اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔

 

 

ہیلتھ پویلین میں صحت کی مفت خدمات، قومی صحت پروگراموں سے متعلق معلومات اور صحت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے والی باہمی دلچسپی کی سرگرمیوں کو یکجا کیا گیا، جس سے زائرین کو حکومت کے صحت عامہ سے متعلق اقدامات میں براہِ راست حصہ لینے کا موقع ملا۔ ’یوا بھارت، سواستھ بھارت‘ (نوجوان ہندوستان، صحت مند ہندوستان) کے موضوع کے ذریعے پویلین نے احتیاطی صحت نگہداشت، صحت مند طرزِ زندگی اور ایک صحت مند ملک کی تعمیر میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی اہمیت کو مزید تقویت بخشی۔

******

ش ح۔ ف ش ع

U: 8425


(ریلیز آئی ڈی: 2343213) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil