سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان مقامی تحقیق، اختراعات، اور سستی جدید علاج کے ذریعے عالمی صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ایک طاقتور قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طبی ادویات اور ٹکنالوجی پر مبنی طریقوں کے درمیان دانشمندانہ توازن برقرار رکھنے پر زور دیا


ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتیں، جینومک تنوع اور طبی تحقیق کے میدان میں مقامی کامیابیاں عالمی صحت کے شعبے میں نئے امکانات کے دروازے کھول رہی ہیں

انڈین جینوم پروگرام، مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی بایوٹکس، ایچ پی وی ویکسینیشن، جین تھراپی اور سی اے آر۔ٹی سیل علاج جدید طبی تحقیق کے میدان میں ملک کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتے ہیں

وزیر نے گلوبل ہیلتھ کیئر کانکلیو 2026 کا باضابطہ سووینئر (یادگاری مجلہ) جاری کیا؛ نوجوان میڈیکل طلباء سے بات چیت کی اور انہیں ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی ترغیب دی

وکست بھارت 2047 کی جانب بھارت کے صحت کے سفر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، درست ادویات (پریسیژن میڈیسن) اور احتیاطی صحت کی دیکھ بھال فیصلہ کن کردار ادا کریں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 3:51PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات و پنشن، ایٹمی توانائی اور خلاء کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج کہا کہ ہندوستان صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے۔ مقامی تحقیق، طبی اختراعات اور کفایتی جدید علاج کے ذریعے ملک عالمی سطح پر ایک اہم مقام حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے۔

کلینیکل میڈیسن (طبی علاج) اور ٹیکنالوجی پر مبنی طریقوں کے ساتھ طبی فیصلے کے درمیان مناسب توازن برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کوانٹم ٹیکنالوجیز اور جدید تشخیصی آلات صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں نمایاں تبدیلیاں لا رہے ہیں، تاہم ٹیکنالوجی ڈاکٹر کے لیے ضروری بنیادی طبی فہم و فراست کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ طبی تعلیم میں مریضوں کے پاس رہ کر سیکھنے، ان سے براہِ راست بات چیت، طبی معائنے اور عملی تجربے پر بدستور زور دیا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جو ملک کبھی غیر ملکی طبی تکنیکوں اور جدید علاج کی سہولیات پر کافی حد تک منحصر تھا، وہ اب ویکسین، اینٹی بایوٹکس، جین تھیراپی اور کینسر کے علاج میں دیسی (مقامی) حل تیار کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، بھارت معیاری صحت کی دیکھ بھال کے لیے ایک سستے (کم خرچ) مرکز کے طور پر بھی ابھر رہا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں، جینوم کے حوالے سے اس کے منفرد تنوع اور درست ادویات(انفرادی نوعیت کا مخصوص طبی علاج)  (پریسیژن میڈیسن) کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت نے عالمی صحت کے شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کے بے مثال مواقع پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں کی نئی نسل کو جدید طب کے بدلتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تکنیکی ترقی کو مضبوط طبی فہم و فراست کے ساتھ ہم آہنگ کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ گلوبل ہیلتھ کیئر کانکلیو 2026 سے خطاب کر رہے تھے۔ اس کانکلیو کا اہتمام گلوبل ایسوسی ایشن آف انڈین میڈیکل اسٹوڈنٹس (جی اے آئی ایم ایس) نے کیا تھا۔ اس موقع پر نوجوان طبی طلبہ، شعبۂ صحت کے پیشہ ور افراد اور طبی برادری کے اراکین نے شرکت کی اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں ہونے والی نئی پیش رفت، مواقع اور چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کیا۔ نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشنز اِن میڈیکل سائنسز (این بی ای ایم ایس) کی نائب صدر ڈاکٹر مینو بھاجپائی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ جی اے آئی ایم ایس کے قومی چیئرمین ڈاکٹر شبھم آنند اور تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ وزیر موصوف نے گلوبل ہیلتھ کیئر کانکلیو 2026 کا سرکاری سووینئر (یادگاری مجلہ )جاری کیا اور نوجوان طبی طلبہ سے بات چیت بھی کی۔

گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران ہندوستان کے نظامِ صحت میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ طبی سائنس نے روایتی ایکسرے پر مبنی تشخیص سے آگے بڑھ کر الٹراساؤنڈ، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی جیسی جدید ٹیکنالوجیز تک ترقی کی ہے۔ اس دوران علاج اور امراض کے انتظام کے شعبوں میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جہاں متعدی امراض بیماریوں اور اموات کی بڑی وجہ تھے، وہیں اب ہندوستان کو متعدی اور غیر متعدی دونوں طرح کی بیماریوں کے دوہرے بوجھ کا سامنا ہے۔ ٹائپ 2 ذیابیطس، قلبی امراض، ہائی بلڈ پریشر، خون میں چکنائی کی غیر معمولی سطح (ڈسلیپیڈیمیا) اور جگر میں چربی جمع ہونے کی بیماری (فیٹی لیور) صحتِ عامہ کے بڑے چیلنجوں کے طور پر سامنے آ رہی ہیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان کا غیر معمولی جینیاتی اور آبادیاتی تنوع طبی تحقیق کے لیے ایک منفرد وسیلہ ہے۔ ملک کے مختلف آبادیاتی گروہ جینیاتی تغیرات اور بیماریوں کے رجحانات کو سمجھنے کے لیے تحقیق کے قیمتی مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ہندوستانی جینوم پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک 84 مختلف آبادیاتی گروہوں کے تقریباً 10,000 سے 15,000 افراد کے جینوم کی ترتیب بندی کی جا چکی ہے، جبکہ اس پروگرام کا ابتدائی ہدف 10 لاکھ افراد تک پہنچنا ہے۔ جینومک ڈیٹا کا یہ وسیع ذخیرہ ہندوستان میں درست اور انفرادی نوعیت کے علاج (پریسیژن میڈیسن) کی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے ساتھ ایسا سائنسی علم پیدا کرنے میں مدد دے سکتا ہے، جس سے دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال سے متعلق تحقیق کو فائدہ پہنچے گا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جینومکس، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا امتزاج انفرادی ضرورت کے مطابق اور مخصوص ہدف پر مرکوز علاج کے نئے امکانات پیدا کر رہا ہے۔ جاری سائنسی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ایسی تحقیق کا حوالہ دیا، جس میں جینیاتی تبدیلیوں کے ذریعے ای کولی (ای کولائی) کو جی ایل پی اینالاگ تیار کرنے کے قابل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس سے انسولین کے خلاف مزاحمت اور اس سے وابستہ میٹابولک مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تحقیق ہندوستان کو درپیش مخصوص طبی چیلنجوں کے سائنسی حل تیار کرنے پر بڑھتی ہوئی توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔

وزیر موصوف نے ملک میں بیماریوں کے بدلتے ہوئے رجحانات، بالخصوص نوجوانوں میں میٹابولک عوارض کے بڑھتے ہوئے واقعات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائپ 2 ذیابیطس، قلبی امراض اور فیٹی لیور جیسی بیماریوں کی تشخیص اب کم عمر افراد میں بھی تیزی سے ہو رہی ہے۔ اس صورتِ حال کے پیش نظر میٹابولک عوارض کے باہمی تعلق کو سمجھنے کے لیے تحقیق کو مزید مضبوط بنانے اور ان کی روک تھام اور علاج کے لیے زیادہ مؤثر اور ہدف پر مرکوز طریقے وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان نے صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں اختراعات کے عالمی مرکز کے طور پر اپنی شناخت قائم کرنے کی سمت میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ملک اب صرف ان طبی مصنوعات کی تیاری تک محدود نہیں رہا، جنہیں بنیادی طور پر دوسرے ممالک میں تیار کیا جاتا ہے، بلکہ خود طبی اختراعات اور تحقیق کے میدان میں بھی آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ویکسین کی تیاری میں ہندوستان کی کامیابیوں اور عالمی سطح پر ٹیکہ کاری کی کوششوں میں ملک کے بڑھتے ہوئے تعاون کا ذکر کیا۔ انہوں نے ایچ پی وی (ہیومن پیپیلوما وائرس) ویکسینیشن پروگرام کا بھی حوالہ دیا، جس کے تحت اب تک 50 لاکھ سے زیادہ نوعمر لڑکیوں کو ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ ہندوستان نے مقامی سطح پر اینٹی بایوٹکس کی تیاری کے میدان میں بھی نمایاں پیش رفت کی ہے۔ گزشتہ دخو برسوں کے دوران دو مقامی طور پر تیار کردہ اینٹی بایوٹکس سامنے آئی ہیں، جن میں سے ایک کی مارکیٹنگ ووکارڈٹ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت ملک کی تحقیق کرنے، نئے مالیکیولز تیار کرنے اور ان بیماریوں کے علاج کے لیے حل پیش کرنے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتی ہے، جن سے نمٹنے کے لیے پہلے بڑے پیمانے پر درآمد شدہ ٹیکنالوجیز اور مصنوعات پر انحصار کیا جاتا تھا۔

جدید طبی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کا ذکر کیا، جس میں کرسچن میڈیکل کالج (سی ایم سی)، ویلور میں ہیموفیلیا کے علاج کے لیے جین تھراپی کی کامیاب آزمائش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی جدید طبی تحقیق میں حصہ لینے اور پیچیدہ بیماریوں کے علاج کے لیے نئے حل تیار کرنے کی ہندوستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔

وزیر موصوف نے کار ٹی سیل تھراپی (سی اے آر-ٹی سیل تھراپی) اور ممبئی کے ٹاٹا میموریل سینٹر میں کینسر کے شعبے میں ہونے والی تحقیق کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت کینسر کے جدید علاج کو زیادہ کفایتی بنانے کی سمت میں ہندوستان کی کامیابی کی ایک اہم مثال ہے۔ اس طرح کی مقامی اختراعات جدید طبی سہولیات کے شعبے میں ہندوستان کی پوزیشن کو مضبوط بنا رہی ہیں اور ہندوستانی طبی ماہرین اور محققین کے لیے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ عالمی سطح پر ہندوستانی طبی ماہرین کے تئیں تصور میں بھی نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ہندوستانی ڈاکٹروں اور محققین کو طبی سائنس کے میدان میں ان کی صلاحیتوں، علم اور گراں قدر خدمات کے لیے اب پہلے سے زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین، اینٹی بایوٹکس، کینسر کے جدید علاج اور طبی تحقیق کے شعبوں میں ملک کی کامیابیوں نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ اس سے نوجوان ہندوستانی ڈاکٹروں کو عالمی صحت کے شعبے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم ملا ہے۔

ایک معالج کی حیثیت سے اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے یاد دلایا کہ ڈاکٹروں کی گزشتہ نسلوں نے اسپتالوں میں وسیع عملی تجربے اور مریضوں سے براہِ راست رابطے کے ذریعے طبی مہارت حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ علامات کی شناخت، مریض کی طبی حالت کا جائزہ لینے اور مشاہدے و تجربے کی بنیاد پر مرض کی تشخیص تک پہنچنے کی صلاحیت طبی پریکٹس کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے تشخیصی جانچ پر حد سے زیادہ انحصار کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جانچ کے نتائج کی تشریح طبی تشخیص کے تناظر میں کی جانی چاہیے، نہ کہ انہیں طبی تشخیص کا متبادل سمجھا جائے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے طبی طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سیکھنے کا شوق برقرار رکھیں اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)، کوانٹم ٹیکنالوجیز، جینومکس اور درست و انفرادی نوعیت کے علاج (پریسیژن میڈیسن) جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں اپنے علم کو مسلسل تازہ کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجیز علاج کے زیادہ ہدف پر مرکوز طریقوں اور تشخیص کی بہتر صلاحیتوں سمیت کئی نئے امکانات فراہم کرتی ہیں، تاہم ڈاکٹروں کو ان کے استعمال کے دوران دانش مندی اور طبی صوابدید سے کام لینا چاہیے۔

وزیر موصوف نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ پوسٹ گریجویٹ طبی تعلیم کے لیے تربیت اور انتخاب کے عمل میں طبی مہارت اور عملی تجربے کو زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طبی فہم و فراست (کلینیکل سینس) پیدا کرنے کے لیے مریضوں سے مسلسل رابطہ اور عملی تجربہ ضروری ہے۔ ایک ڈاکٹر کو ایسے حالات میں بھی مریضوں کا علاج کرنے کے قابل ہونا چاہیے، جہاں جدید طبی آلات اور تشخیصی سہولیات دستیاب نہ ہوں۔

سستی اور قابلِ رسائی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ آیوشمان بھارت جیسے اقدامات کے ذریعے مریضوں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔ اس میں پہلے سے موجود بیماریوں کے علاج کے اخراجات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام ضلعی اسپتالوں میں ڈائیلاسز کی سہولیات کی توسیع کو صحت کی ضروری خدمات تک عوام کی رسائی بہتر بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ آنے والے برسوں میں احتیاطی تدابیر اور بیماریوں کی روک تھام صحت کی دیکھ بھال کے شعبے کی نمایاں خصوصیات میں شامل ہوں گی، خاص طور پر اس لیے کہ طرزِ زندگی سے متعلق بیماریاں اور میٹابولک عوارض نوجوانوں کو بھی تیزی سے متاثر کر رہے ہیں۔ ہندوستانی آبادی میں پیٹ کے گرد چربی جمع ہونے (مرکزی موٹاپے) کے مخصوص رجحان کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ بظاہر دبلے پتلے نظر آنے والے افراد کے جسم میں بھی اندرونی اعضا کے گرد خاصی مقدار میں چربی جمع ہو سکتی ہے۔ یہ چربی میٹابولک اور قلبی امراض کا ایک آزاد  خطرے کا عنصر ہے۔ انہوں نے بیماریوں کے ان مخصوص رجحانات کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان سے نمٹنے کے لیے موزوں اقدامات وضع کرنے کی غرض سے ہندوستان کے مخصوص طبی اعداد و شمار تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ جی اے آئی ایم ایس جیسی صحت سے متعلق تنظیموں کے پاس روایتی طبی تعلیم سے آگے بڑھ کر تحقیق، طبی خدمات کی فراہمی، صحتِ عامہ کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے اور نجی شعبے کے ساتھ اشتراک کے ذریعے فعال کردار ادا کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے نوجوان طبی ماہرین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ہندوستان کے سائنسی اور طبی نظام میں پیدا ہونے والے نئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کو صحت کے شعبے میں درپیش نئے چیلنجوں سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اپنے شعبۂ صحت کی ترقی کے سفر میں ایک نہایت امید افزا مرحلے سے گزر رہا ہے۔ مقامی تحقیق، تکنیکی ترقی، وسعت پذیر سائنسی نظام اور عالمی سطح پر شناخت حاصل کرنے والے طبی ماہرین نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ نوجوان ڈاکٹر تحقیق، اختراعات اور مریضوں کی دیکھ بھال کے شعبوں میں اپنی خدمات کے ذریعے ہندوستان کی طبی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور وکست بھارت 2047 کے وژن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

***

UR-8416

(ش ح۔اس ک  )


(ریلیز آئی ڈی: 2343178) وزیٹر کاؤنٹر : 16
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil