ٹیکسٹائلز کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

جوٹ کمشنر نے بیلرز، ذخیرہ اندوزوں، تاجروں اور جوٹ ملوں کے لیے خام جوٹ پر ذخیرہ کرنے کی حدیں مقرر کیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 NOV 2026 4:55PM by PIB Delhi

وزارت ٹیکسٹائل، حکومت ہند کے جوٹ کمشنر نے 27 نومبر 2026 کو ایک حکم جاری کیا ہے، جس کے تحت کسی بھی شخص کے لیے کسی بھی وقت اپنے حساب سے یا فریق ثالث کے حساب سے خام جوٹ ذخیرہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ مقدار مقرر کی گئی ہے۔ یہ حکم جوٹ اور جوٹ ٹیکسٹائل کنٹرول آرڈر، 2016 کی شق 5 اور شق 6(i)(iii) کے تحت جاری کیا گیا ہے۔

خام جوٹ کی دستیابی کو متعلقہ فریقوں کے لیے بہتر بنانے کی غرض سے ذخیرہ کرنے کی حدیں مقرر کرنا ضروری سمجھا گیا ہے۔

 

جوٹ کے ذخیرے کی حدیں

 

  • ایک ہی احاطے میں بیلنگ پریس مشین رکھنے والے خام جوٹ کے بیلر (جوٹ کمشنر کے دفتر میں رجسٹرڈ ہوں اور جوٹ اسمارٹ پورٹل پر ذخیرے کی تفصیلات جمع کر رہے ہوں، یا نوٹیفکیشن کی تاریخ تک رجسٹریشن کے لیے درخواست دے چکے ہوں): کسی بھی وقت زیادہ سے زیادہ 1,000 کوئنٹل خام جوٹ ذخیرہ کر سکتے ہیں۔
  • دیگر تمام ذخیرہ کنندگان (جو رجسٹرڈ ہوں اور جوٹ اسمارٹ پورٹل پر ذخیرے کی تفصیلات جمع کر رہے ہوں، یا نوٹیفکیشن کی تاریخ تک رجسٹریشن کے لیے درخواست دے چکے ہوں): کسی بھی وقت زیادہ سے زیادہ 100 کوئنٹل خام جوٹ ذخیرہ کر سکتے ہیں۔
  • وہ ذخیرہ کنندگان/بیلرز جو نوٹیفکیشن کی تاریخ تک رجسٹرڈ نہیں ہیں اور نہ ہی رجسٹریشن کے لیے درخواست دی ہے، نیز وہ رجسٹرڈ ذخیرہ کنندگان/بیلرز جو جوٹ اسمارٹ پورٹل پر ذخیرے کی تفصیلات جمع نہیں کر رہے ہیں: زیادہ سے زیادہ 5 کوئنٹل خام جوٹ ذخیرہ کر سکتے ہیں۔
  • جوٹ ملیں/خام جوٹ سے جوٹ کی مصنوعات تیار کرنے والے صنعتی یونٹ: موجودہ پیداواری شرح کے مطابق زیادہ سے زیادہ 90 دن کی کھپت کے برابر خام جوٹ ذخیرہ کر سکتے ہیں۔

 

ضابطہ جاتی ہدایات

 

  • مقررہ حد سے زیادہ خام جوٹ کا ذخیرہ رکھنے والے اداروں کو اضافی مقدار فروخت کرکے 10 دسمبر 2026 یا اس سے پہلے خریدار کو اس کی باقاعدہ جسمانی حوالگی کرنی ہوگی۔
  • فوری اثر سے تازہ ذخیرے کی تمام خریداری اس وقت تک روک دی جائے گی، جب تک موجودہ ذخیرہ مقررہ حد کے اندر نہیں آ جاتا۔
  • اس حکم کے دائرے میں آنے والے تمام افراد کو جوٹ اسمارٹ پورٹل (https://smart.jutecomm.gov.in) پر ہر پندرہ دن بعد ذخیرے کی تفصیلات جمع کر کے اپنے ذخیرے کی تازہ صورت حال ظاہر کرنا اور اسے اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔
  • ایک ہی احاطے میں ذخیرہ کیے گئے خام جوٹ کو ایک ہی ذخیرہ تصور کیا جائے گا، خواہ وہ مختلف تاجروں، ذخیرہ کنندگان یا بیلروں کے نام پر رکھا گیا ہو۔ اگر مختلف ادارے مشترکہ گودام یا بیلنگ پریس مشین استعمال کرتے ہیں، تو اس احاطے میں رکھے گئے خام جوٹ کی مجموعی مقدار مقررہ حد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
  • اگر خام جوٹ کی فروخت کا معاہدہ ہو چکا ہے، تب بھی اسے فروخت کنندہ کے ذخیرے میں شمار کیا جائے گا، جب تک کہ اسے خریدار کے حوالے نہیں کر دیا جاتا۔

 

نفاذ اور تعمیل

 

  • جوٹ کمشنر کے مجاز نمائندے اور ریاستی پولیس کے اہلکار احاطوں، بشمول گوداموں میں داخل ہوکر تلاشی لے سکتے ہیں، حساب کتاب کی کتابوں اور ریکارڈ کا معائنہ کر سکتے ہیں تاکہ ذخیرے کی درست تفصیلات ظاہر کیے جانے کی تصدیق کی جا سکے، اور ایسے خام جوٹ کو ضبط کر سکتے ہیں جس کے بارے میں معقول شبہ ہو کہ اسے حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ذخیرہ کیا گیا ہے۔
  • خام جوٹ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے اداروں کے خلاف نفاذی کارروائی میں تعاون کے لیے متعلقہ ریاستی حکومتوں سے درخواست کی جائے گی۔
  • اس حکم کی کسی بھی خلاف ورزی پر جوٹ اور جوٹ ٹیکسٹائل کنٹرول آرڈر، 2016 کی شق 11، قانونِ ضروری اشیاء، 1955 کی دفعہ 7 کے ساتھ پڑھی جائے گی، کے تحت سزا دی جائے گی، جس میں قید اور جرمانے کی گنجائش ہے۔
  • حکم کی خلاف ورزی پر ضبطی کی دفعات قانون ضروری اشیاء، 1955 کی دفعہ 6 میں بیان کی گئی ہیں، جبکہ غلط بیانات دینے پر سزا اسی قانون کی دفعہ 9 کے تحت مقرر ہے۔

 

خام جوٹ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور قیاس آرائیوں کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافے سے جوٹ کی صنعت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اور صنعت میں پیداوار و روزگار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ان اقدامات کا مقصد جوٹ کی فراہمی کو مستحکم کرنا، بازار میں ناجائز مداخلت اور قیمتوں میں مصنوعی اتار چڑھاؤ کو روکنا، اور ملک بھر میں کسانوں، صنعت کاروں اور صارفین کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔

******

 

ش ح۔ ف ش ع

U: 8421


(ریلیز آئی ڈی: 2343174) وزیٹر کاؤنٹر : 11
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Tamil