خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ خواتین و اطفال کی ترقی اور وزارتِ ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری کی جانب سے 28 نومبر 2026 کو ہریدوار میں ’نویا 2.0‘ کا مشترکہ آغاز


24 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے 100 اضلاع میں ہنرمندی، اعتماد سازی اور روزگار کے مواقع کے ذریعے نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدام

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 9:13PM by PIB Delhi

وزارتِ خواتین و اطفال کی ترقی اور وزارتِ ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری، مشترکہ طور پر 28 نومبر 2026 کو سہ پہر 3:30 بجے اتراکھنڈ سنسکرت اکیڈمی آڈیٹوریم، ہریدوار میں نویا کے دوسرے مرحلے کا آغاز کریں گی۔ نویا کا مکمل نام نوجوان خواتین اور نوعمر لڑکیوں کے لیے پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے امنگوں کی پرورش (نویا 2.0) ہے۔ آزمائشی مرحلے سے حاصل ہونے والے تجربات کی بنیاد پر نویا 2.0 کا مقصد نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کی امنگوں کو پروان چڑھاتے ہوئے، ان کی صلاحیتوں کو مستحکم کرکے اور انہیں زیادہ اعتماد، خود انحصاری اور معاشی خود مختاری حاصل کرنے کے قابل بنا کر خواتین کی قیادت میں ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔

اس پروگرام میں محترمہ انّپورنا دیوی، مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال کی ترقی؛ جناب جینت چودھری، وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری اور وزیر مملکت برائے تعلیم، حکومتِ ہند؛ محترمہ ریکھا آریہ، وزیرِ کابینہ برائے خواتین کو بااختیار بنانے اور اطفال کی ترقی، خوراک و شہری رسد، کھیل اور نوجوانوں کی بہبود، حکومتِ اتراکھنڈ؛ جناب مدن کوشک، وزیرِ کابینہ برائے پنچایتی راج، آفات کے انتظام اور بازآبادکاری، آیوش اور آیوش تعلیم، تنظیمِ نو اور مردم شماری، حکومتِ اتراکھنڈ؛ اور جناب تریویندر سنگھ راوت، رکنِ پارلیمنٹ، لوک سبھا، اتراکھنڈ، شرکت کریں گے۔

افتتاحی پروگرام میں مرکزی وزرا نویا 2.0 کا باضابطہ آغاز کریں گے۔ اس موقع پر اتراکھنڈ میں پی ایم جن من کے تحت تعمیر کیے گئے سکشم آنگن واڑی مراکز اور نئے آنگن واڑی مراکز کا افتتاح بھی کیا جائے گا، نیز پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا (پی ایم کے وی وائی) کے تحت تربیت حاصل کرنے والے امیدواروں میں اسناد تقسیم کی جائیں گی۔

نویا: امنگوں کی پرورش اور بااختیاری کی راہ ہموار

نویا، وزارتِ خواتین و اطفال کی ترقی اور وزارتِ ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری کا ایک مشترکہ اقدام ہے، جو نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خواتین و اطفال کی ترقی اور ہنرمندی کی ترقی کے شعبوں کی صلاحیتوں کو یکجا کرتا ہے۔ یہ اقدام اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ بااختیاری محض تربیت تک محدود نہیں، بلکہ اس میں امنگوں کی پرورش، اعتماد سازی، صلاحیتوں کی نشوونما اور مستقبل کے بارے میں باخبر فیصلے کرنے کے قابل بنانا بھی شامل ہے۔

اس اقدام کے آزمائشی مرحلے کا آغاز 24 جون 2025 کو اتر پردیش کے سون بھدر میں کیا گیا تھا، جس کے تحت 19 ریاستوں کے 27 امتیازی اضلاع کا احاطہ کرنے کا منصوبہ تھا۔ تقریباً 1,200 نوعمر لڑکیوں کو صنعت سے متعلق روزگار کے مختلف شعبوں میں تربیت دی گئی، جن میں ڈرون سازی اور اسمبلنگ ٹیکنیشن، شمسی فوٹو وولٹک (پی وی) تنصیب معاون اور فیشن ڈیزائنر شامل ہیں۔ اس اقدام میں ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی، پیشہ ورانہ زندگی کے لیے تیاری اور کاروبار کے فروغ پر بھی زور دیا گیا، تاکہ ان کے اعتماد اور سماجی و اقتصادی خود مختاری کو مستحکم کیا جا سکے۔

نویا 2.0: بااختیاری کے دائرۂ کار میں توسیع

آزمائشی مرحلے کے تجربات کی بنیاد پر نویا 2.0 کا دائرۂ کار بڑھا کر 24 ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے 100 اضلاع تک وسیع کیا جائے گا، جس میں بالخصوص امتیازی اور دشوار گزار علاقوں پر توجہ دی جائے گی۔ اس اقدام کے لیے اہل عمر کی حد بھی 16 سے 18 سال کے بجائے 16 سے 25 سال کر دی گئی ہے، تاکہ نوعمر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کی ایک بڑی تعداد اس کے دائرے میں آ سکے۔

اس توسیع شدہ اقدام کے تحت صنعت سے متعلق، جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اور روایتی طور پر غیر مانوس روزگار کے شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت تک زیادہ رسائی فراہم کی جائے گی، جبکہ روزگار، عملی تربیت اور کاروبار کے مواقع تک رسائی کے راستوں کو بھی مستحکم کیا جائے گا۔ اس میں ادارہ جاتی اشتراک، ضلع کی سطح پر مربوط نفاذ اور نتائج پر مبنی معاونت پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ ضلع کی سطح پر مؤثر تال میل اور نفاذ کو آسان بنانے کے لیے ایک منظم معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پی) بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

ٹیکنالوجی کے ذریعے نفاذ

اسکل انڈیا ڈیجیٹل ہب (ایس آئی ڈی ایچ) ہنرمندی کے مواقع تک رسائی فراہم کرنے اور اندراج سے لے کر تربیت اور اسناد کے حصول تک امیدواروں کے پورے سفر میں معاونت کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔ یہ مستفیدین کے اندراج، حاضری، تربیت میں پیش رفت اور اسناد کے اجرا کی حقیقی وقت میں نگرانی بھی ممکن بنائے گا، جس سے شفافیت اور جواب دہی کو تقویت ملے گی۔ ڈیجیٹل طور پر قابلِ تصدیق اسناد امیدواروں کو اپنی مہارتوں اور صلاحیتوں کا ثبوت پیش کرنے میں مزید مدد دیں گی۔

خواتین کی قیادت میں ترقی کو آگے بڑھانا

وزارتِ خواتین و اطفال کی ترقی اور وزارتِ ہنرمندی کی ترقی و صنعت کاری کے باہمی اشتراک سے نویا 2.0 ایک ایسا سازگار ماحول تشکیل دینے کا خواہاں ہے، جہاں نوعمر لڑکیاں اور نوجوان خواتین، بالخصوص امتیازی اور محروم علاقوں سے تعلق رکھنے والی، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں، اپنی امنگوں کی تکمیل کے لیے آگے بڑھ سکیں اور معاشی و سماجی ترقی میں بامعنی کردار ادا کر سکیں۔

نویا 2.0 امنگوں کو مواقع اور مواقع کو بااختیاری میں تبدیل کرنے کی سمت ایک قدم ہے، جو ہر نوجوان خاتون کو اپنا مستقبل خود سنوارنے اور ترقی یافتہ ہندوستان کے تصور میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8403


(ریلیز آئی ڈی: 2342967) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी