57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

میں جیوری ممبر بن کر آیا تھا، لیکن سنیما کا طالب علم بن گیا: 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں گولڈن پیکاک جیوری کے تجربے پر آنند ایل رائے کے خیالات


فلم سازوں کو سنیما کی زبان اور اسلوب میں آنے والی تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالتے رہنا چاہیے، قطع نظر اس کے کہ وہ کس زبان میں کام کر رہے ہیں: 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں انٹرنیشنل کمپٹیشن کے جیوری چیئرپرسن آنند ایل رائے کا اظہارِ خیال

ایوارڈ کے انتخاب پر غور و خوض فطری اور بے ساختہ رہا، اور تمام فیصلے متفقہ طور پر کیے گئے: افی انٹرنیشنل کمپٹیشن جیوری

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 7:26PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2342837Views: 2

بین الاقوامی جیوری کے چیئرپرسن اور بھارتی فلم ساز آنند ایل رائے نے جیوری کے دیگر اراکین کے ہمراہ آج گوا میں 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) کے موقع پر پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ 'گولڈن پیکاک ایوارڈ' کے لیے مدِمقابل 15 فیچر فلموں کو پرکھنے کے اپنے تجربے پر روشنی ڈالتے ہوئے، جیوری اراکین نے سنیما کے متنوع انداز، ثقافتی نقطہ ہائے نظر کے تبادلے اور سنیما کی ارتقاء پذیر زبان پر گفتگو کی۔

اس تجربے کو سیکھنے کا ایک سنہری موقع قرار دیتے ہوئے، رائے نے کہا کہ مختلف ممالک اور ثقافتوں کی فلمیں دیکھنے اور اس کے بعد جیوری اراکین کے درمیان ہونے والی گفتگو نے ہر تخلیق کے پیچھے کارفرما تخلیقی فیصلوں اور ثقافتی پس منظر کو سمجھنے کی گہری بصیرت فراہم کی۔ انہوں نے کہا، ’میں جیوری ممبر بن کر آیا تھا، لیکن فلمیں دیکھتے ہوئے سنیما کا طالب علم بن گیا۔‘

جیوری کی مشاورت کی وضاحت کرتے ہوئے، رائے نے کہا کہ انتخاب کا عمل فلموں کے متعلقہ ممالک یا کسی پہلے سے طے شدہ سوچ کے بجائے کھلی اور بے باک گفتگو کے ذریعے طے پایا۔ انہوں نے اس عمل کو فطری اور بے ساختہ قرار دیا، جس میں اراکین نے آزادانہ طور پر اپنے تاثرات اور نقطہ ہائے نظر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، ’دراصل، میرے لیے یہ سب بہت فطری انداز میں ہوا۔ میں واقعی نہیں جانتا کہ اسے الفاظ میں کیسے بیان کروں، بس ہم نے اپنے دل کی بات کھل کر کہہ دی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مباحثے نہایت مثبت اور فکر انگیز رہے، جہاں اراکین نے سنیما کے ایک ہی جیسے لمحات پر مختلف زاویہ ہائے نگاہ پیش کرنے کے باوجود اکثر مشترکہ رائے قائم کر لی۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ سنیما ایک مسلسل ارتقاء پذیر فن ہے، رائے نے کہا کہ فلم سازوں کو سنیما کی زبان اور اسلوب میں آنے والی تبدیلیوں کے مطابق خود کو ڈھالتے رہنا چاہیے، قطع نظر اس کے کہ وہ کس زبان میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’فلم ایک تجربہ ہے—کسی جذبے کا تجربہ یا اس کا اظہار۔ ہر فلم کو آپ کے اندر کچھ نہ کچھ اثر چھوڑنا چاہیے۔ اسے دیکھنے کے بعد آپ پہلے جیسے نہ رہیں؛ اسے آپ کے اندر کچھ نہ کچھ تبدیل کرنا چاہیے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ سنیما کی گرامر بالآخر زبانوں کے بجائے خود فلم ساز تشکیل دیتے ہیں۔

تھائی فلم ساز رچاپوم بون بونچاچوک، جن کی واپسی افی میں گزشتہ ایڈیشن کی اختتامی فلم کے طور پر ان کی فلم کی نمائش کے بعد ہوئی ہے، نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جیوری اراکین کے متنوع پس منظر نے ان کی گفتگو کو کس طرح مزید ثمر آور اور پُراثر بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کسی فلم کا جذباتی اثر محض تکنیکی مہارت سے کہیں زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ’اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ فلم ساز نے ناظرین پر جذباتی اثر ڈالنے کے لیے تکنیک کا استعمال کس طرح کیا ہے۔‘

کولمبیا سے تعلق رکھنے والی ساؤنڈ ڈیزائنر ماریا الیجینڈرا روخاس نے پوسٹ پروڈکشن کے شعبے سے وابستہ ایک پیشہ ور ماہر کی نظر سے اس تجربے کو نہایت بامعنی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیوری کے مباحثے ذہنی اور فکری طور پر بہت اثر انگیز رہے، اور فلمیں دیکھنے کے بعد طاری ہونے والی خاموشی کے لمحات نے بھی گفتگو کو مزید گہرائی بخشی۔

ارجنٹینا کی فلم ساز اور اسکرین رائٹر سول بیروئزو پشون-ریویئر نے فیسٹیول کے انتخاب میں شامل متنوع آوازوں اور خیالات کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ افی نے مختلف ممالک، ثقافتوں اور چھوٹے یا بڑے بجٹ کی فلموں کو ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا، جن میں وہ تخلیقات بھی شامل ہیں جنہیں شاید بڑے بین الاقوامی فلمی میلوں میں نمایاں جگہ نہ مل سکی ہو۔

رومانیہ کے مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسر بوگدان موریسانو نے فیسٹیول کے مجموعی انتخاب کو غیر معمولی طور پر مضبوط قرار دیا اور دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے جیوری اراکین کے ذوق میں پائی جانے والی غیر معمولی ہم آہنگی کو سراہا۔ فلموں کی نمائش کے بعد ہونے والی گفتگو کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ہم ہر فلم کے فوراً بعد اس بارے میں بات کرتے تھے کہ ہمیں کیا پسند آیا اور کیا ناپسند۔ ہم اس وقت بھی ان کہانیوں میں کھوئے ہوئے ہوتے تھے اور اگلے سفر کی طرف بڑھنے سے پہلے کچھ دیر مزید اسی کیفیت میں رہنے کا لطف اٹھاتے تھے۔‘ انہوں نے جیوری کے ساتھی اراکین کی بات سننے اور فلموں کے حوالے سے مختلف نقطہ ہائے نظر دریافت کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

جیوری اراکین کے ان خیالات نے مختلف سنیمائی روایات کو آپس میں جوڑنے اور باہمی طور پر سیکھنے اور فن کی قدر دانی کے مواقع پیدا کرنے میں بین الاقوامی فلمی میلوں کے کردار کو اجاگر کیا۔

پریس کانفرنس کی نظامت جناب رجیت چندرن نے کی

اِفی لوئیڈ یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1&reg=48

 

**********

 

(ش ح –ا ب ن)

U.No:8396


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2342837
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026