سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

پینتالیسویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026 میں وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے پویلین نے 26 نومبر تک تقریباً 2.07 کروڑ روپے کی فروخت ریکارڈ کی؛ عوام کی بھرپور پذیرائی سے دستکاروں کے روزگار کو تقویت ملی ہے


انیس ریاستوں کے 130 سے زائد دستکار ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے اور روایتی دستکاریوں کی نمائش کر رہے ہیں؛ مارکیٹ روابط، کاروبار اور معاشی خودمختاری کو فروغ ملا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 6:16PM by PIB Delhi

وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں قائم پویلین نے 26 نومبر 2026 تک تقریباً 2.07 کروڑ روپے کی مجموعی فروخت درج کی ہے۔ یہ فروخت مقامی مصنوعات، روایتی دستکاریوں اور ملک بھر کے دستکاروں کی کاروباری صلاحیتوں کے لیے زائرین کی حوصلہ افزا پذیرائی اور صارفین کی بھرپور دلچسپی کی عکاس ہے۔

 

 

نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں آئی ٹی پی او کے گراؤنڈ فلور پر ہال نمبر 5 میں واقع وزارت کا پویلین ہندوستان کے متنوع ثقافتی ورثے، روایتی ہنر اور مقامی دستکاریوں کی نمائش کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم بن کر ابھرا ہے۔ زائرین کی پُرجوش شرکت اور ان کی خریداریوں نے دستکاروں کو براہ راست بازار تک رسائی فراہم کی ہے اور ان کے روزگار کے مواقع کو مستحکم کرنے میں بھی معاونت کی ہے۔

آئی آئی ٹی ایف 2026 میں وزارت کی شرکت جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے، روایتی دستکاریوں کے تحفظ، بنیادی سطح پر کاروباری سرگرمیوں کو مستحکم کرنے اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے، تاکہ وکست بھارت 2047 کے وژن کی تکمیل کی جانب پیش رفت کی جا سکے۔

 

 

وزارت کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا کہ وزارت کے تین اعلیٰ اداروں، یعنی نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی) اور نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) کے ذریعے 19 ریاستوں کے 130 سے زائد دستکار اس میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اعلیٰ اداروں کی شرکت درج فہرست ذاتوں، پسماندہ طبقات، صفائی متروں اور غیر مطلع شدہ، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش قبائل (ڈی این ٹی) سے تعلق رکھنے والے دستکاروں اور کاروباری افراد کے لیے بازار سے روابط مضبوط کرنے، کاروبار کو فروغ دینے اور روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

 

 

عہدیدار نے بتایا کہ پویلین میں روایتی ہینڈ لوم مصنوعات، نہایت نفاست سے تیار کردہ دستکاریوں، ہاتھ سے بنائے گئے زیورات، کپڑوں، جوتوں، دست ساز اشیا اور دیگر مقامی مصنوعات کا وسیع ذخیرہ پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کی منفرد فنکارانہ شناخت اور ثقافتی تنوع کی نمائندگی کرنے والی یہ مصنوعات زائرین کو ہندوستان کی دستکاری کی مالامال روایات سے واقف ہونے اور ان کی قدر و ستائش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

عہدیدار نے کہا کہ فروخت کے حوصلہ افزا نتائج اس بات کو اجاگر کرتے ہیں کہ قومی سطح کی نمائشیں روایتی دستکاروں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر اور نمایاں طور پر پیش کرنے، صارفین سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے، بدلتے ہوئے صارفین کے رجحانات کو سمجھنے، کاروباری روابط قائم کرنے اور بازار کے نئے مواقع تلاش کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے باوقار پلیٹ فارمز میں شرکت سے دستکاروں کو اپنی کاروباری صلاحیتیں مضبوط بنانے، صارفین کی تعداد بڑھانے اور کاروبار کے لیے پائیدار امکانات پیدا کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

 

 

عہدیدار نے مزید کہا کہ وزارت کی شرکت کا ایک اہم پہلو ٹیولپ (روایتی دستکاروں کے فروغ اور ذریعۂ معاش کا پروگرام) کو فروغ دینا ہے، جس کا مقصد دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کے لیے بازار میں ایک منفرد شناخت قائم کرنا اور صارفین کے درمیان ان کی پہچان کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پہل کے ذریعے وزارت روایتی دستکاری اور بازار کی عصری ضروریات کے درمیان فرق کو کم کرنے، اختراع کی حوصلہ افزائی کرنے اور دستکاروں کے لیے آمدنی کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ وزارت کی کوششیں عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس وژن سے ہم آہنگ ہیں، جس کی رہنمائی کا اصول ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس‘ ہے۔ یہ اصول جامع ترقی، معاشی خودمختاری اور منصفانہ ترقی کو فروغ دیتا ہے۔

 

 

عہدیدار نے کہا کہ 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2026 کا افتتاح 13 نومبر کو ہوا تھا۔ اس میلے میں ملک اور بیرونِ ملک سے صنعت کاروں، کاروباری افراد، تاجروں اور صارفین نے شرکت کی، جس سے تجارت، کاروبار، صنعت کاری اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک نمایاں پلیٹ فارم فراہم ہوا۔

وزارت کے پویلین نے شرکت کرنے والے دستکاروں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر اور نمائش کے لیے قیمتی مواقع فراہم کیے، بازار تک ان کی رسائی کو وسعت دی اور صارفین سے رابطہ قائم کرنے کے مواقع بھی مہیا کیے۔

میلے کے دوران ملنے والی حوصلہ افزا پذیرائی اور حاصل ہونے والی فروخت اس اہمیت کی توثیق کرتی ہے کہ روایتی دستکاروں کو ایسے پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں جہاں وہ اپنے ہنر کا مظاہرہ کر سکیں، اپنی مصنوعات کو فروغ دے سکیں اور اپنی معاشی خودکفالت کو مستحکم بنا سکیں۔

 

**************

 

ش ح۔ ف ش ع

27-11-2026

                                                                                                                                       U: 8392

 


(ریلیز آئی ڈی: 2342804) وزیٹر کاؤنٹر : 2
یہ ریلیز پڑھیں: हिन्दी , English