بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے موقع پر آج ’ورچوئل بھارت‘ کے موضوع پر ایک پینل مباحثے میں ہندوستان کی متنوع داستان گوئی کی روایات، تخلیقی آزادی اور سنیما کے بدلتے ہوئے منظرنامے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس نشست میں معروف فلم ساز بھارت بالا اور بھارتی اطلاعاتی سروس (آئی آئی ایس) کے افسر دھیرج سنگھ نے شرکت کی، جو اس وقت پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے وائس چانسلر اور نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر (اضافی چارج) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس مباحثے کی نظامت اداکارہ، پروڈیوسر اور مصنفہ وانی ترپاٹھی ٹیکو نے کی۔

’’فلم سازوں کو سب سے پہلے اپنے ہی ملک کی کہانیوں کو پہچاننا اور سامنے لانا چاہیے‘‘
اپنے تخلیقی نظریے پر بات کرتے ہوئے بھارت بالا نے کہا کہ وہ میوزک ویڈیوز، مختصر فلموں، فیچر فلموں، افسانوی اور غیر افسانوی فلموں کے درمیان کوئی فرق نہیں کرتے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر فارمیٹ میں کہانی بیان کرنے اور تخلیقی اظہار کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے۔
گزشتہ پانچ برسوں کے دوران اپنے کام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ کیمرے لے کر ملک کے دور دراز علاقوں تک پہنچے، وہاں حقیقی لوگوں سے ملاقات کی، ان کا اعتماد حاصل کیا اور انہیں اپنی کہانیاں خود بیان کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ فلم سازی کی اصل روح پہلے سے طے شدہ بیانیے مسلط کرنے کے بجائے انسانی تجربات کو ان کی حقیقی صورت میں پیش کرنے میں مضمر ہے۔
’ورچوئل بھارت‘ پہل کا ذکر کرتے ہوئے، جس کے تحت کلاؤڈ پر مبنی پلیٹ فارم پر 143 فلموں کو یکجا کیا گیا ہے، بھارت بالا نے ہندوستان کے غیر معمولی ثقافتی اور جغرافیائی تنوع کو ایسی کہانیوں کا ایک وسیع ذریعہ قرار دیا، جو ابھی تک سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بامعنی موجودگی قائم کرنے کے لیے فلم سازوں کو سب سے پہلے اپنے ہی ملک کی کہانیوں کو پہچاننا اور سامنے لانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’بھارت ہی نیا عالمی منظرنامہ ہے‘‘ اور اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے حقیقی تجربات سے جڑی مستند کہانیاں دنیا بھر کے ناظرین کے دلوں تک پہنچ سکتی ہیں۔

’’فنکارانہ اظہار انسانی تجربات سے قوت حاصل کرتا ہے‘‘
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ملک میں ناظرین کی ایک وسیع تعداد اور کہانیوں کا غیر معمولی ذخیرہ موجود ہے، دھیرج سنگھ نے عالمی سطح پر کہانی بیان کرنے کے میدان میں ہندوستان کے ایک مضبوط آواز بن کر ابھرنے کے امکانات پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ ہندوستانی سنیما کو بیرونی تصورات اور اثرات تک محدود رہنے کے بجائے اپنی ثقافتی اقدار سے جڑنا چاہیے۔ سنیما، فن اور حقیقت کے باہمی تعلق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنکارانہ اظہار انسانی تجربات سے قوت حاصل کرتا ہے اور بالآخر اپنی ایک الگ دنیا تخلیق کرتا ہے۔
سنگھ نے کہا کہ فلمی میلوں کا مقصد محض فلموں کی نمائش تک محدود نہیں ہے۔ ان کے مطابق، یہ میلے ناظرین کو سنیما کی وسیع دنیا سے متعارف کراتے ہیں، فلموں کے تئیں ان کی سمجھ اور ذوق کو فروغ دیتے ہیں اور ابھرتے ہوئے فلم سازوں کو سیکھنے، تبادلۂ خیال کرنے اور اپنا کام پیش کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان صلاحیتوں کو شامل کرنے کے لیے آئی ایف ایف آئی کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا، جن میں پونے کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) اور اروناچل پردیش کے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ (ایف ٹی آئی) کے طلبہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو فلمی دنیا سے واقفیت، تخلیقی مواقع اور سنیما سے وابستہ برادری کے ساتھ تبادلۂ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا فلمی تعلیم کا ایک اہم پہلو ہے۔
مباحثے میں تخلیقی صنعتوں پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بھی بات کی گئی۔ اے آئی کے ذریعے تخلیقی شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کی جگہ لیے جانے سے متعلق خدشات کا جواب دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ تخلیق کاروں کو تشویش میں مبتلا ہونے کے بجائے تکنیکی پیش رفت سے باخبر رہنا چاہیے اور بروقت اپنی حکمت عملی میں ضروری تبدیلیاں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انسانی تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ اظہار کی جگہ نہیں لی جا سکتی، کیونکہ فن کی تخلیق بالآخر انسانی تخیل اور تجربات سے ہوتی ہے۔
_20261127183512_3dd5c4.jpeg)
بھارت بالا نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک ایسی ترقی پذیر ٹیکنالوجی قرار دیا جو تخلیقی امکانات کو وسعت دے سکتی ہے اور فلم سازوں کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کہانی بیان کرنے کا عمل بنیادی طور پر انسانی تخلیقی صلاحیتوں اور انفرادیت سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی ترقی کو تخلیق کاروں کو مزید اختراعی بننے اور اصل کہانیوں کو نئے انداز میں پیش کرنے کی حدود کو وسعت دینے کی ترغیب دینی چاہیے۔
مباحثے میں ہندوستان کی متنوع اور مستند کہانیوں کو نمایاں طور پر سامنے لانے میں ’ورچوئل بھارت‘ جیسے پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، ساتھ ہی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے، تخلیقی تبادلے کی حوصلہ افزائی کرنے اور عالمی سنیما کے منظرنامے میں ہندوستان کی موجودگی کو مستحکم بنانے میں فلمی میلوں کے کردار کی بھی توثیق کی گئی۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8386 )