پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 5:07PM by PIB Delhi
وزارتِ آیوش کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں اختتام پذیر ہونے والے 45ویں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں عوامی ابلاغ اور رسائی کے زمرے میں طلائی تمغے سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز ہندوستان کے روایتی طریقہ علاج کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی خاطر پرکشش، انٹرایکٹو اور زائرین کی دلچسپی کو مرکز میں رکھ کر تیار کیے گئے پویلین کے ذریعے وزارت کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

آیوش پویلین کا موضوع ’’آیوش کی وراثت سے صحت مند ہندوستان کی تعمیر‘‘ تھا، جو ’’وکاس اور وراثت‘‘ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ اس میں صحت، تندرستی اور عوامی بیداری کے فروغ میں ہندوستان کے روایتی نظام طب کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔ پویلین میں آیوروید، یوگا، نیچروپیتھی، یونانی، سدھ، سووا- رگپا اور ہومیوپیتھی کو انٹرایکٹو ڈسپلے، نمائشوں اور عملی مظاہروں کے ذریعے پیش کیا گیا۔
وزارتِ آیوش کے تحت کام کرنے والے مختلف اداروں، بشمول سی سی آر اے ایس، سی سی آر یو ایم، سی سی آر ایس، سی سی آر ایچ، سی سی آر وائی این، این آئی اے، این آئی یو ایم، این آئی ایس، این آئی ایچ، اے آئی آئی اے، ایم ڈی این آئی وائی، این ایم پی بی، پی سی آئی ایم اینڈ ایچ اور آر اے وی ، کی شرکت سے ایک ہی پلیٹ فارم پر مختلف طرح کی معلومات، تحقیقی اقدامات اور تجرباتی سرگرمیوں کو یکجا کیا گیا۔
پندرہ روزہ میلے کے دوران آیوش پویلین میں زائرین اور متعلقہ فریقوں کی حوصلہ افزا شرکت دیکھنے میں آئی۔ اس کی انٹرایکٹو نمائشوں اور ابلاغ کے اختراعی طریقوں نے مختلف طبقوں کے لوگوں کے لیے آیوش نظام طب سے متعلق معلومات کو قابلِ فہم اور دل چسپ بنانے میں مدد دی۔ طلائی تمغہ ان کوششوں کا اعتراف ہے اور مؤثر ابلاغ اور عوامی رسائی کے ذریعے عوامی بیداری کو مضبوط بنانے کے لیے وزارت کے طریقۂ کار کو تسلیم کرتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ م ش ع۔ ن م۔
U- 8375