سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کو اسٹیل سلیگ روڈ ٹیکنالوجی اور ایکوفکس میں نمایاں اختراعات کے لیے باوقار سی آئی آئی 4 آر ایوارڈز 2026 سے نوازا گیا؛ بھارت کے کچرے کو قیمتی اور کارآمد وسائل میں تبدیل کرنے  والے30 سرکردہ اداروں میں بھی  شامل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 4:58PM by PIB Delhi

نئی دہلی میں واقع سی ایس آئی آر-  سینٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی) کو‘تحقیقی تجربہ گاہوں/تعلیمی اداروں کے ذریعے پائیدار کچرے کے انتظام کے لیے اختراعی حل میں نمایاں کارکردگی’ کے زمرے میں باوقار سی آئی آئی 4 آر ایوارڈز 2026 سے نوازا گیا ہے۔ اس ادارے کو اپنی اختراعی اسٹیل سلیگ روڈ® ٹیکنالوجی اور ایکوفکس® (لوہے اور اسٹیل کی سلیگ سے تیار کردہ گڑھوں کی فوری مرمت کا آمیزہ) کے لیے بھارت کے کچرے سے دولت بنانے والے 30 سرکردہ  اداروں میں  شامل کیا گیا ہے۔ یہ ٹیکنالوجیز اسٹیل صنعت سے پیدا ہونے والے صنعتی کچرے کو پائیدار سڑکوں کی تعمیر اور دیکھ بھال کے لیے قیمتی مواد میں تبدیل کرتی ہیں۔

یہ ایوارڈز 26 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے ہوٹل دی للت میں منعقدہ ‘ویسٹ ٹو ورتھ ٹیکنالوجیز’ سے متعلق 11ویں بین الاقوامی کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سی ایچ روی شیکھر اور ادارے کے سائنس داں جی اور  فلیگ زیبل پیومنٹ ڈویژن کے  سربراہ جناب ستیش پانڈے نے ادارے کی جانب سے یہ ایوارڈ حاصل کیا۔ انہیں یہ ایوارڈ زمینی سطح پر اختراعات کے معروف بھارتی ماہر اور ہنی بی نیٹ ورک کے بانی پروفیسر انل گپتا نے پیش کیا۔

اس موقع پر سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے سائنس داں جی اور فلیگ زیبل پیومنٹ ڈویژن سربراہ اور اسٹیل سلیگ روڈ® اور ایکوفکس® ٹیکنالوجیز کے موجد جناب ستیش پانڈے نے بھارت کی اسٹیل صنعتوں سے پیدا ہونے والے صنعتی کچرے کے چیلنج سے نمٹنے میں ان اختراعات کی زبردست صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیل صنعت سے تقریباً 3 کروڑ ٹن اسٹیل سلیگ پیدا ہوتی ہے اور سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی ٹیکنالوجیز کے ذریعے اسٹیل سلیگ کو سائنسی طریقے سے پراسیس کرکے پائیدار سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے تیار کردہ مجموعوں (ایگریگیٹس) کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ اختراعات بڑے پیمانے پر پیدا ہونے والے صنعتی کچرے کو مفید تعمیراتی مواد میں تبدیل کرنے، روایتی قدرتی تعمیراتی مواد پر انحصار کم کرنے اور سڑکوں کے شعبے میں سرکلر اکانومی کے طریقوں کو فروغ دینے کا ایک مؤثر راستہ فراہم کرتی ہیں۔

صنعتی کچرے کو پائیدار بنیادی ڈھانچے میں تبدیل کرنا

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی تیار کردہ اسٹیل سلیگ روڈ® ٹیکنالوجی سڑکوں کی تعمیر میں سائنسی طریقے سے پراسیس کیے گئے اسٹیل سلیگ مجموعوں کے استعمال کی ایک نمایاں مثال ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اسٹیل صنعت سے حاصل ہونے والے ضمنی مواد کو سڑکوں کی تعمیر کے قیمتی مواد میں تبدیل کرنے کا ایک پائیدار راستہ فراہم کرتی ہے۔ اس سے وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ ملتا ہے اور صنعتی کچرے کو ٹھکانے لگانے اور قدرتی تعمیراتی مواد کے حصول سے ماحول پر پڑنے والے بوجھ میں کمی آتی ہے۔

اسی طرح، ایکوفکس® لوہے اور اسٹیل کی سلیگ سے تیار کردہ گڑھوں کی فوری مرمت کا آمیزہ ہے، جو صنعتی ضمنی مواد کے مفید استعمال کے ذریعے سڑکوں کی دیکھ بھال کے لیے ایک اختراعی حل فراہم کرتا ہے۔ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی سے ٹیکنالوجی کا لائسنس حاصل کرکے راموکا گلوبل سروسز کی جانب سے اس کی تجارتی سطح پر تیاری اور فروخت اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح تحقیقی اداروں اور نئے کاروباری اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کے ذریعے ملک میں کی جانے والی تحقیق کو بازار میں استعمال کے لیے تیار حل میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

یہ دونوں ٹیکنالوجیز مل کر سرکلر اکانومی کے اصولوں کی عملی مثال پیش کرتی ہیں، جن کے تحت صنعتی کچرے کو بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے قیمتی وسائل میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ چونکہ اسٹیل صنعت ہر سال بڑی مقدار میں سلیگ پیدا کرتی ہے، اس لیے ایسی ٹیکنالوجیز کو وسیع پیمانے پر اپنانے سے وسائل کی بازیافت، پائیدار تعمیرات اور ماحول دوست بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے اہم مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی نے نمائش میں دنیا کی پہلی اسٹیل سلیگ سڑک کا نمونہ پیش کیا

کانفرنس کے تحت منعقدہ نمائش میں سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی نے دنیا کی پہلی اسٹیل سلیگ سڑک کا ایک نمونہ بھی پیش کیا۔ یہ سڑک گجرات کے سورت میں واقع ہزارہ میں سائنسی طریقے سے پراسیس کیے گئے اسٹیل سلیگ  کے استعمال سے تعمیر کی گئی تھی۔ نمائش میں پیش کیے گئے اس نمونے نے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں اسٹیل صنعت کے کچرے کے اختراعی استعمال کو اجاگر کیا اور یہ دکھایا کہ کس طرح ملک میں کی جانے والی تحقیق اور تکنیکی اختراعات کے ذریعے صنعتی ضمنی مواد کو قیمتی تعمیراتی مواد میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس نمائش کے ذریعے نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں پائیدار سڑکوں کی تعمیر، صنعتی کچرے کے استعمال اور سرکلر اکانومی کے طریقوں کو فروغ دینے کے لیے سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کی کوششوں کو خاص توجہ حاصل ہوئی۔

سی آئی آئی 4 آر ایوارڈز پائیدار کچرے کے انتظام، وسائل کے مؤثر استعمال اور کم کرنے، دوبارہ استعمال، ری سائیکلنگ اور مرمت کے اصولوں پر مبنی اختراعی حل کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیے جاتے ہیں۔ سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی اور راموکا گلوبل سروسز کو یہ اعزاز ملنا اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ بھارت میں صنعتی کچرے کے انتظام سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے میں سائنسی تحقیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی، کاروباری سرگرمیوں اور تجارتی سطح پر ٹیکنالوجی کے استعمال کا ایک دوسرے سے مربوط اور تکمیلی رول ہے۔

یہ کامیابی قومی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ملک میں تیار کردہ پائیدار اور بڑے پیمانے پر قابل استعمال ٹیکنالوجیز وضع کرنے کے سلسلے میں سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کے سرکلر اکانومی، وسائل کے مؤثر استعمال اور وِکسِت بھارت 2047 کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں تحقیقی اداروں اور ٹیکنالوجی پر مبنی نئے کاروباری اداروں کا تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔

سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی کے بارے میں

سی ایس آئی آر- سینٹرل روڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آر آئی)، نئی دہلی، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، حکومتِ ہند کے تحت سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) کی ایک ذیلی تجربہ گاہ ہے۔ یہ ادارہ سڑک اور نقل و حمل کی انجینئرنگ اور اس سے متعلق دیگر شعبوں میں تحقیق و ترقی کا کام انجام دیتا ہے۔ سائنسی تحقیق، اختراعات اور تکنیکی پیش رفت کے ذریعے یہ محفوظ، پائیدار، مؤثر اور مضبوط بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اپنا تعاون فراہم کرتا ہے۔

*****

 (ش ح – م ع –م ذ)

U. No.8373


(ریلیز آئی ڈی: 2342718) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English