پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 5:26PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور سی ایس آئی آر کے نائب صدر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج سی ایس آئی آر-سینٹرل ڈرگ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ڈی آر آئی)، لکھنؤ میں جدید ترین بایو سیفٹی لیول-3 (بی ایس ایل-3)/اینیمل بایو سیفٹی لیول-3 (اے بی ایس ایل-3) سہولت اور ڈاکٹر بی۔ مکھرجی لیکچر تھیٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحت کے شعبے میں ہندوستان کی اختراعات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جدید ادویات کی دریافت اور تیاری کا عالمی مرکز بننے کی جانب گامزن ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ اب ملک کو جنرک ادویات کے ایک بڑے عالمی سپلائر کے طور پر اپنی قائم شدہ حیثیت سے آگے بڑھ کر علاج کے اختراعی طریقے دریافت کرنے اور تیار کرنے والے ملک کے طور پر ابھرنا ہوگا۔ اس تبدیلی میں مقامی تحقیق، طبی ترقی اور صنعتی شراکت داری اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی ہندوستان کی دواسازی کے شعبے میں قیادت کو مضبوط بنانے اور وکست بھارت 2047 کے وژن کو حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے۔
اس پروگرام میں سی ایس آئی آر-سی ڈی آر آئی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رادھا رنگراجن؛ سی ایس آئی آر-سی آئی ایم اے پی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پرابودھ کے تریویدی؛ سی ایس آئی آر-سی ڈی آر آئی کی سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر مدھو دکشت؛ آئی سی ایم آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اِن ٹرائبل ہیلتھ، جبل پور؛ اتر پردیش یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز، سیفئی اور میڈانتا اسپتال، لکھنؤ کے نمائندوں کے علاوہ سائنس دانوں، محققین، طلبہ، تکنیکی اور غیر تکنیکی عملے اور صنعتی شعبے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
نئی افتتاح شدہ بی ایس ایل-3/اے بی ایس ایل-3 سہولت سائنسی مطالعات کے لیے اعلیٰ حفاظتی انتظامات سے لیس تحقیقی بنیادی ڈھانچہ فراہم کرے گی، جس کے تحت مائیکوبیکٹیریم ٹیوبرکلوسس اور نان ٹیوبَرکولَس مائیکوبیکٹیریا (این ٹی ایم) پر تحقیق کی جا سکے گی۔ اس سے پیچیدہ متعدی بیماریوں پر تحقیق کرنے کی ادارے کی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آئی سی ایم آر-نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اِن ٹرائبل ہیلتھ، اتر پردیش یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز اور میدانتا اسپتال کے ساتھ اشتراک کے تحت کیے گئے معاہدوں پر سی ایس آئی آر-سی ڈی آر آئی کو مبارک باد بھی دی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داریاں نتیجہ خیز مشترکہ تحقیقی پروگراموں کا باعث بنیں گی، طبی تحقیق کے نتائج کو عملی طور پر علاج میں استعمال کرنے کے عمل کو تیز کریں گی اور معاشرے کو وسیع فوائد فراہم کریں گی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع ہندوستان کی قومی ترقی کا اہم حصہ بن چکے ہیں، جس میں ایسی تحقیق پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جو عوام کی ضروریات کو پورا کرے اور ٹھوس حل فراہم کرے۔ انہوں نے سی ایس آئی آر-سی ڈی آر آئی کے سفر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ادویات کی دریافت اور طبی ترقی سے لے کر تشخیصی سہولیات، پروسیس ٹیکنالوجیز اور کفایتی طبی سہولیات تک اس ادارے کی پیش رفت اس بات کی مثال ہے کہ سائنسی تحقیق کس طرح عوام کے لیے بامعنی فوائد میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
سی ایس آئی آر-سی ڈی آر آئی نے 13 ایسی ادویات تیار کی ہیں جو بازار میں دستیاب ہو چکی ہیں، 80 سے زائد پروسیس ٹیکنالوجیز اور چھ تشخیصی ٹیکنالوجیز کے لائسنس جاری کیے ہیں، 12,000 سے زیادہ تحقیقی مضامین شائع کیے ہیں اور 456 سے زائد بین الاقوامی پیٹنٹ اور ہندوستان میں 586 پیٹنٹ دائر کیے ہیں۔ اس کے تحقیقی بنیادی ڈھانچے میں تقریباً 90,000 مرکبات پر مشتمل لائبریری، جانوروں پر تجربات کے 50 سے زیادہ ماڈل اور اِن وٹرو اسکریننگ کے 30 سے زائد نظام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جدید تجزیاتی آلات، جی ایل پی سے تصدیق شدہ زہریلے اثرات اور حفاظتی فارماکولوجی کی سہولیات اور دل کی حفاظت کے جائزے کے لیے خصوصی بنیادی ڈھانچہ بھی موجود ہے۔
صحت عامہ کے شعبے میں سی ڈی آر آئی کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سینٹ کرومین کا حوالہ دیا، جسے اورمیلوکسیفین بھی کہا جاتا ہے۔ یہ ادارے کی ملک میں تیار کردہ ایک غیر اسٹیرائڈل مانعِ حمل دوا ہے، جسے ہفتے میں ایک بار منہ کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے۔ سال 2016 میں اسے قومی خاندانی منصوبہ بندی پروگرام میں شامل کیا جانا، مقامی سائنسی تحقیق کو صحت عامہ کے عملی اقدام میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل تھا۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران آشا کارکنوں کے ذریعے ملک بھر کی خواتین میں اس دوا کی 350 لاکھ سے زیادہ پٹیاں مفت تقسیم کی گئی ہیں، جبکہ اس وقت پانچ لاکھ سے زیادہ خواتین اسے استعمال کر رہی ہیں۔
وزیر موصوف نے سی ڈی آر آئی میں ادویات کی تیاری کے امید افزا سلسلے کا بھی ذکر کیا، جس میں غیر الکوحلک فیٹی لیور بیماری کے علاج کے لیے پیکروہائزا کورووا کا معیاری عرق شامل ہے۔ اس مرض کو اب میٹابولک ڈس فنکشن سے وابستہ اسٹیٹوٹسک لیور ڈیزیز (ایم اے ایس ایل ڈی) کہا جاتا ہے اور اس عرق کے فیز-3 کے کلینیکل ٹرائل مکمل ہو چکے ہیں۔ سی ڈی آر آئی میں دریافت کیے گئے دو دیگر مرکبات، مانعِ حمل کے لیے ایل-اورمیلوکسیفین اور ہڈیوں کے فریکچر کے بھرنے کے لیے ایس 007-1500، فیز-1 کے کلینیکل ٹرائلز میں داخل ہو چکے ہیں۔ یہ ادارہ ملیریا، کینسر، اعصابی درد اور عمر سے متعلق میکیولر ڈی جنریشن کے شعبوں میں جدید تحقیق کے امکانات پر بھی کام کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کینسر اور پارکنسنز کی بیماری کے علاج کے لیے نباتاتی ادویات کے امیدوار مرکبات پر بھی تحقیق جاری ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ادویات کی پیداوار کے حجم کے لحاظ سے عالمی سطح پر تیسرے اور مالیت کے لحاظ سے 11ویں مقام پر ہے۔ ہندوستان دنیا میں جنرک ادویات فراہم کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں شامل ہے اور افریقہ کی جنرک ادویات کی 50 فیصد سے زیادہ ضروریات اور امریکہ میں جنرک ادویات کی تقریباً 40 فیصد مانگ پوری کرتا ہے۔ ہندوستانی ادویہ سازی کی صنعت کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی کے اگلے مرحلے میں ویلیو چین کے لحاظ سے آگے بڑھنا ہوگا، یعنی بنیادی طور پر جنرک ادویات تیار کرنے کے بجائے جدید اور اختراعی علاج دریافت کرنے اور تیار کرنے پر توجہ دینی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ادویات کی دریافت اور تیاری ایک پیچیدہ، مہنگا اور زیادہ خطرات والا عمل ہے، جس کے لیے مسلسل سرمایہ کاری اور طویل مدتی عزم ضروری ہے۔ قومی تحقیقی اداروں کو جدید ترین سائنسی تحقیق کرنی چاہیے، نئے اہداف اور طریقۂ کار تلاش کرنے چاہئیں اور تصور کی افادیت کے ٹھوس شواہد فراہم کرنے چاہئیں۔ دوسری جانب، ادویہ ساز کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کہ وہ امید افزا دریافتوں کو مزید ترقی، طبی جانچ اور تجارتی سطح تک پہنچانے کے لیے آگے بڑھائیں۔ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مؤثر طریقۂ کار اور صنعت کی ابتدائی مرحلے سے شمولیت کے ذریعے تجربہ گاہوں میں ہونے والی تحقیق کو مریضوں تک پہنچانے کا ایک مؤثر راستہ ہموار کیا جا سکتا ہے۔
زیڈس، سیپلا، ڈاکٹر ریڈی لیبارٹریز، ہمالیہ، تھیمس میڈی کیئر اور کئی اسٹارٹ اپس کے ساتھ سی ڈی آر آئی کے جاری اشتراک کو سراہتے ہوئے وزیر موصوف نے ادارے کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ادویہ سازی کی صنعت کے لیے تحقیق اور اختراع کے شراکت دار کے طور پر اپنے رول کو مزید مستحکم بنائے۔
ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو زیادہ سے زیادہ اپنانے پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حیاتیات، کیمیا، کمپیوٹیشنل سائنسز اور مصنوعی ذہانت کو یکجا کرنے سے ادویات کی دریافت کے عمل میں انقلابی تبدیلی لانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے سائنس دانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ تحقیق کے لیے بلند حوصلہ اہداف مقرر کریں، روایتی انداز سے ہٹ کر نئے خیالات اپنائیں اور ڈاکٹروں ، اسپتالوں اور صنعتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کریں، تاکہ تحقیق حقیقی طبی ضروریات کے مطابق ہو۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی دریافت اور تیاری کے ہر مرحلے پر مریض ہی اصل مستفید ہونے والا ہونا چاہیے۔
وزیر موصوف نے سائنسی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں سی ڈی آر آئی کی خدمات کو بھی سراہا۔ اس ادارے نے اب تک 2,000 سے زیادہ پی ایچ ڈی محققین اور 10,000 سے زائد تربیت حاصل کرنے والوں کو تربیت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اختراعی نظام کے لیے تربیت یافتہ محققین، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور ضابطہ جاتی امور کے ماہرین ناگزیر ہیں۔ علمی اداروں، اسٹارٹ اپس، صنعت اور تحقیقی اداروں میں سی ڈی آر آئی سے تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات ملک کے لیے ایک قیمتی سرمایہ کاری کی حیثیت رکھتی ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سی ایس آئی آر-سی ڈی آر آئی مقامی طور پر ادویات کی دریافت کے شعبے میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بناتا رہے گا اور وِکست بھارت 2047 کے قومی وژن کی تکمیل میں نمایاں تعاون کرے گا۔ سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا قول دوہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’خواب دیکھو، خواب دیکھو، خواب دیکھو۔ خواب خیالات میں ڈھلتے ہیں اور خیالات عمل کی صورت اختیار کرتے ہیں۔‘‘ انہوں نے سائنسی برادری کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بڑے خواب دیکھے، سائنسی خیالات کو دریافتوں میں تبدیل کرے اور ایسی ادویات تیار کرے جو زندگیوں کو بہتر بنانے اور بچانے میں مددگار ثابت ہوں۔
***************************************
ش ح۔ش ب ۔ م الف
U N-8377