مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ٹرائی نے  ‘‘ ٹیلی کمیونی کیشن انٹر کنکشن (ریفرنس انٹر کنیکٹ آفر) (ترمیمی) ضوابط، 2026 ’’ جاری کیے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 4:52PM by PIB Delhi

بھارتی ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی (ٹرائی) نے آج ’’ٹیلی کمیونی کیشن انٹرکنکشن (ریفرنس انٹرکنیکٹ آفر) (ترمیمی) ضوابط، 2026‘‘ جاری کیے ہیں۔ ان ترمیمی ضوابط کے ذریعے ریفرنس انٹرکنیکٹ آفر (آر آئی او) سے متعلق نظام کو جدید بنایا گیا ہے اور اسے موجودہ لائسنسنگ اور اجازت نامے کے نظام سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، اہم مارکیٹ قوت (ایس ایم پی) کے تعین، آر آئی او جمع کرانے اور شائع کرنے، ماڈل آر آئی او اور آر آئی او سے متعلق رہنما خطوط نیز باہمی رابطے کے انتظامات کے نظام کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ ان ضوابط کے تحت مخصوص خلاف ورزیوں پر مالی جرمانے کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ ضوابط یکم  جنوری  ، 2027 ء سے نافذ العمل ہوں گے۔

ٹیلی مواصلات کے شعبے میں باہمی رابطے (انٹرکنکشن) سے مراد وہ تجارتی اور تکنیکی انتظامات ہیں ، جن کے ذریعے مجاز ادارے یا لائسنس یافتہ کمپنیاں اپنے ٹیلی مواصلاتی آلات، نیٹ ورک اور خدمات کو آپس میں جوڑتی ہیں، تاکہ صارفین دیگر مجاز اداروں یا لائسنس یافتہ کمپنیوں کے صارفین، خدمات اور نیٹ ورک تک رسائی حاصل کر سکیں۔ ٹرائی ایکٹ، 1997 کی دفعہ 11 ( 1 ) ( بی ) کی ذیلی شقوں (ii)، (iii) اور (iv) کے تحت دیگر امور کے ساتھ ساتھ ٹرائی کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان باہمی رابطے کی شرائط و ضوابط طے کرے، ان کے درمیان تکنیکی مطابقت اور مؤثر باہمی رابطے کو یقینی بنائے اور ٹیلی مواصلاتی خدمات کی فراہمی سے حاصل ہونے والی آمدنی کی تقسیم کے لیے خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان ہونے والے انتظامات کو منضبط کرے۔

ٹیلی کمیونی کیشن انٹرکنکشن (ریفرنس انٹرکنیکٹ آفر) ضابطے، 2002 کو جولائی 2002 میں نوٹیفائی کیا گیا تھا، تاکہ باہمی رابطے کی شرائط کو شفاف، غیر امتیازی اور یکساں بنایا جا سکے، خاص طور پر ایسے معاملات میں  ، جہاں کسی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کو مارکیٹ میں نمایاں قوت (ایس ایم پی) حاصل ہو۔ اس کے بعد سے ٹیلی کام کے شعبے میں ٹیکنالوجی اور ضابطہ جاتی سطح پر کئی اہم تبدیلیاں آئی ہیں۔ ان میں پرانے سرکٹ سوئچڈ اور ای ون/ٹی ڈی ایم پر مبنی باہمی رابطے کے نظام سے پیکٹ سوئچڈ اور آئی پی پر مبنی نیٹ ورک کی جانب منتقلی اور ایل ایس اے کی سطح پر باہمی رابطے کا آغاز بھی شامل ہے۔

باہمی رابطے سے متعلق موجودہ ضابطہ جاتی نظام کو مؤثر، شفاف اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان بہتر باہمی رابطے کے لیے موزوں اور متعلقہ بنائے رکھنے کے مقصد سے ٹرائی نے  03 اپریل ، 2025 ء  کو  ‘‘ باہمی رابطے سے متعلق ٹرائی کے موجودہ ضوابط کا جائزہ ’’  کے عنوان سے ایک قبل از مشاورت دستاویز جاری کرکے ضابطہ جاتی نظام کا جائزہ لینے کا عمل شروع کیا۔

اس کے بعد، قبل از مشاورت کے عمل کے دوران متعلقہ فریقوں سے موصول ہونے والی آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے اور ضروری پس منظر کی معلومات فراہم کرنے کے لیے 10 نومبر ، 2025 ء  کو  ‘‘ باہمی رابطے سے متعلق ٹرائی کے موجودہ ضوابط کا جائزہ ’’ کے عنوان سے ایک مشاورتی دستاویز جاری کی گئی۔ اس دستاویز کے ذریعے دیگر امور کے ساتھ ساتھ ٹیلی کمیونی کیشن انٹرکنکشن (ریفرنس انٹرکنیکٹ آفر) ضابطے، 2002 کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ فریقوں سے آرا طلب کی گئیں۔ مہلت میں توسیع کے بعد تحریری آرا اور ان پر جوابی آرا جمع کرانے کی آخری تاریخ بالترتیب 15 دسمبر ، 2025 ء  اور  29 دسمبر ، 2025 ء  مقرر کی گئی تھی۔

مشاورتی دستاویز میں اٹھائے گئے امور کے جواب میں 17 متعلقہ فریقوں نے اپنی آرا پیش کیں، جب کہ 9 فریقوں نے ان آرا پر جوابی تبصرے جمع کرائے۔ مشاورتی عمل کے ایک حصے کے طور پر 28 جنوری ، 2026 ء  کو اس دستاویز پر کھلی بحث (اوپن ہاؤس ڈسکشن) کا انعقاد بھی کیا گیا۔ مشاورتی عمل کے دوران متعلقہ فریقوں سے موصول ہونے والی آرا اور اپنے تجزیے کی بنیاد پر ٹرائی نے ٹیلی کمیونی کیشن انٹرکنکشن (ریفرنس انٹرکنیکٹ آفر) (ترمیمی) ضوابط، 2026 کو حتمی شکل دی ہے۔

ترمیمی ضوابط کے اہم نکات درج ذیل ہیں:

1. اہم مارکیٹ قوت (ایس ایم پی) کا وقتاً فوقتاً تعین: کسی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کو اہم مارکیٹ قوت (ایس ایم پی) کی حامل تصور کیا جائے گا، اگر اسے کسی لائسنس یافتہ یا مجاز ٹیلی مواصلاتی سروس کے علاقے میں سرگرمی کے ایک یا ایک سے زیادہ پیرامیٹرز میں 30 فی صد  یا اس سے زیادہ حصہ حاصل ہو۔ یہ چار پیرامیٹرز ہیں: ایڈجسٹڈ گراس ریونیو، صارفین کی تعداد، نیٹ ورک کی وائس کال ہینڈل کرنے کی صلاحیت اور ٹریفک کا حجم۔ ٹرائی، خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کی بنیاد پر، ہر لائسنس یافتہ یا مجاز ٹیلی مواصلاتی سروس کے علاقے میں درج ذیل چار خدمات کے لیے ایس ایم پی کا تعین کرے گی: وائر لائن ایکسیس سروس، وائرلیس ایکسیس سروس، نیشنل لانگ ڈسٹنس سروس اور انٹرنیشنل لانگ ڈسٹنس سروس۔ ہر مالی سال کی پہلی سہ ماہی ختم ہونے کے بعد ایس ایم پی کا تعین گزشتہ مالی سال کے 31 مارچ تک صارفین کی تعداد اور مارچ کے مہینے کے دوران نیٹ ورک کی زیادہ سے زیادہ وائس کال ہینڈل کرنے کی صلاحیت اور ٹریفک کے حجم کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس کے بعد گزشتہ مالی سال کے ایڈجسٹڈ گراس ریونیو کو مدنظر رکھتے ہوئے دوبارہ تعین کیا جا سکتا ہے، تاہم اس سے اسی مالی سال کے لیے پہلے سے طے شدہ ایس ایم پی کی حیثیت متاثر نہیں ہوگی۔ ترمیمی ضوابط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایک بار ٹرائی کی جانب سے کسی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کو ایس ایم پی کا حامل قرار دیے جانے کے بعد وہ اس حیثیت میں برقرار رہے گی، جب تک کہ ٹرائی اس کی ایس ایم پی کی حیثیت میں تبدیلی نہ کرے۔

2.  آر آئی او جمع کرانے اور شائع کرنے کے لیے مقررہ مدت: ایس ایم پی کا حامل قرار دیے جانے والی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی کے لیے لازم ہوگا کہ وہ اس فیصلے کے 30 دن کے اندر منظوری کے لیے اپنا آر آئی او ٹرائی کو پیش کرے اور منظوری ملنے کے 15 دن کے اندر اسے اپنی ویب سائٹ پر شائع کرے۔ اگر ٹرائی کسی شائع شدہ آر آئی او میں ترمیم کرنے کی ہدایت دیتی ہے تو متعلقہ کمپنی کو اس ہدایت کے 15 دن کے اندر ترمیم شدہ آر آئی او ٹرائی کو پیش کرنا ہوگا اور منظوری ملنے کے بعد 15 دن کے اندر اسے شائع کرنا ہوگا۔ اس سے باہمی رابطے کی منظور شدہ شرائط و ضوابط عوام کو بروقت دستیاب ہوں گے اور نئی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو نیٹ ورک کے باہمی رابطے کی منصوبہ بندی کرنے اور غیر ضروری تاخیر کے بغیر بات چیت شروع کرنے میں مدد ملے گی۔

3.  باہمی رابطے کے معاہدوں میں شفافیت اور لچک: باہمی رابطے کے معاہدے شائع شدہ آر آئی او کے مطابق کیے جائیں گے۔ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیاں باہمی رضامندی سے باہمی رابطے کا معاہدہ کرتے وقت شائع شدہ آر آئی او کی شرائط و ضوابط میں ترمیم کر سکتی ہیں۔ شائع شدہ آر آئی او ایک قابل رسائی اور غیر امتیازی بنیادی معیار فراہم کرتا ہے، جب کہ باہمی رضامندی سے کی جانے والی ترامیم تجارتی معاملات میں لچک برقرار رکھتی ہیں اور مذاکرات کے دورانیے اور مختلف آپریٹروں کے درمیان اختلافات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

4.  باہمی رابطے کے لیے روٹنگ کے نظام کو اپ ڈیٹ کرنا: نظرثانی شدہ نظام کے تحت پی ایس ٹی این-پی ایس ٹی این، پی ایس ٹی این-پی ایل ایم این، پی ایل ایم این-پی ایل ایم این، پی ایس ٹی این-این ایل ڈی نیٹ ورک اور پی ایل ایم این-این ایل ڈی نیٹ ورک کے لیے روٹنگ کے آسان انتظامات فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ، ایل ایس اے کی سطح پر باہمی رابطے کی بنیاد پر ایک ہی ایل ایس اے کے اندر، مختلف ایل ایس اے کے درمیان اور بین الاقوامی کالز کے لیے آنے اور جانے والے ٹریفک کی روٹنگ کا نظام بھی وضع کیا گیا ہے۔ پرانے ایس ڈی سی اے/ایل ڈی سی اے پر مبنی روٹنگ نظام کی جگہ ایل ایس اے پر مبنی روٹنگ نظام اختیار کرنے سے نیٹ ورک کی منصوبہ بندی آسان ہوگی، بڑے پیمانے پر آئی پی پر مبنی نظام کو فروغ ملے گا اور خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان ٹریفک کی زیادہ مؤثر ترسیل ممکن ہو سکے گی۔

5.  ماڈل آر آئی او اور آر آئی او سے متعلق رہنما خطوط کو جدید بنانا: پرانے ماڈل آر آئی او اور اس سے متعلق رہنما خطوط کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔ نظرثانی شدہ نظام میں ایل ایس اے کی سطح پر باہمی رابطے کے مقامات، آئی پی پر مبنی باہمی رابطے، موجودہ تکنیکی معیارات اور معیار سے متعلق تازہ ترین تقاضوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس سے باہمی رابطے کے معاہدے کرنے کے لیے ایک جدید اور یکساں رہنما بنیاد فراہم ہوگی۔

6.  مالی جرمانے کے لیے مرحلہ وار نظام: آر آئی او جمع کرانے، اس میں ترمیم کرنے اور اسے شائع کرنے سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی اور ایس ایم پی کے تعین کے لیے خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے اعداد و شمار فراہم نہ کرنے کی صورت میں، ہر خلاف ورزی پر متعلقہ سروس ایریا کے لیے ایک مقررہ حد کے اندر مرحلہ وار مالی جرمانے کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ مالی جرمانہ عائد کرنے سے پہلے متعلقہ کمپنی کو اپنا موقف پیش کرنے کا مناسب موقع بھی دیا جائے گا۔ اس مرحلہ وار نظام میں مختصر تاخیر اور طویل عرصے تک ضوابط کی عدم تعمیل کے درمیان فرق رکھا گیا ہے۔ اس سے بروقت اصلاحی اقدامات کی حوصلہ افزائی ہوگی اور تناسب و طریقۂ کار کے منصفانہ اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے ضوابط پر عمل درآمد کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔

مجموعی طور پر توقع ہے کہ یہ ترمیمی ضوابط باہمی رابطے کے انتظامات میں شفافیت، ضابطہ جاتی یقین دہانی اور عدم امتیاز کو فروغ دیں گے، ساتھ ہی آئی پی پر مبنی اور ایل ایس اے کی سطح کے نیٹ ورک نظام میں مؤثر باہمی رابطے کو بھی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

’’ٹیلی کمیونی کیشن انٹرکنکشن (ریفرنس انٹرکنیکٹ آفر) (ترمیمی) ضوابط، 2026‘‘ کا مکمل متن اور اس کے ساتھ وضاحتی مفاہمت نامہ ٹرائی کی ویب سائٹ www.trai.gov.in پر دستیاب ہے۔

 

****

(ش ح ۔ ا ع خ۔ ع ا)

U.No. 8372

 


(ریلیز آئی ڈی: 2342683) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी