وزارت ماہی پروری، مویشی پروری و ڈیری
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی سکریٹری ڈاکٹر ابھلکش لیکھی کا کالج آف فشری سائنس، ناگپور کا دورہ؛ ماہی گیری کے طلباء سے تبادلۂ خیال، ماہی گیری، ایکوا کلچر ، کاروبار اور  بحری معیشت میں ابھرتے ہوئے مواقع کو اجاگر کیا


ماہی گیری کے شعبے میں کلسٹر پر مبنی ترقی اور تکنیکی اقدامات پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 4:14PM by PIB Delhi

ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری کے محکمے، حکومتِ  ہند کے سکریٹری ڈاکٹر ابھلکش لیکھی نے مہاراشٹر کے ناگپور میں واقع کالج آف فشری سائنس کا دورہ کیا۔ انہوں نے ‘ ماہی گیری اور  ایکوا کلچر کے شعبے میں بھارت کے اقدامات ’کے موضوع پر ایک پریزنٹیشن پیش کی، جس میں اس شعبے کی اہم پیش رفت اور ابھرتے ہوئے مواقع کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے طلباء کے ساتھ بھارت کے ماہی گیری کے شعبے کی ترقی، نئے مواقع اور مستقبل کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

یہ کالج مچھلیوں کی افزائش، ہیچری اور مچھلی فارم کے انتظام اور قدر افزا مصنوعات کی تیاری جیسے شعبوں میں عملی تربیت کے ساتھ جدید  کلاس  روم ٹیچنگ کے ذریعے تجرباتی تعلیم کو فروغ دیتا ہے۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261127161537_fd8d36.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261127161543_33b7aa.jpg

 

اس شعبے کی اہم کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے  ، ڈاکٹر لیکھی نے بتایا کہ 25-2024 ء  میں بھارت میں مچھلی کی مجموعی پیداوار بڑھ کر 198 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ بھارت  ، دنیا میں ایکوا کلچر کا دوسرا سب سے بڑا پیداوار  کرنے والا ملک ہے اور مچھلی کی عالمی  پیمانے پر پیداوار میں اس کا حصہ  8 فی صد  ہے۔ اندرونِ ملک ماہی گیری اور ایکوا کلچر کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ درج کیا گیا ہے اور 25-2024 ء  میں یہ بڑھ کر 153 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ مالی سال 26-2025 ء  میں  ، بھارت سے سمندری خوراک کی برآمدات بھی اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 73,890.46 کروڑ روپے (8.45 ارب امریکی ڈالر ) ہو گئی ہیں، جب کہ برآمدات کا حجم 19.32 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گیا ہے۔ سمندری  اشیاء  کی برآمدات میں بھی ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا ہے۔ یہ شعبہ 3 کروڑ سے زیادہ ماہی گیروں اور مچھلی پالنے والے کسانوں کے روزگار کا ذریعہ ہے۔

اپنی پریزنٹیشن میں مرکزی سکریٹری نے ماہی گیری کے شعبے کی پوری ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کلسٹر پر مبنی ترقی کا طریقہ کار بڑے پیمانے پر پیداوار کے فوائد حاصل کرنے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور پیداوار، پروسیسنگ، مارکیٹنگ اور برآمدات کے تمام مراحل میں مربوط مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ  ہند نے  ، ملک بھر میں ماہی گیری اور ایکوا کلچر کے 34 خصوصی کلسٹروں کو منظوری دی ہے۔ ان کلسٹروں میں پیداوار سے لے کر منڈی تک پوری  ویلیو چین کے حل پر توجہ دی گئی ہے اور ٹونا، جھینگا، پرل اسپاٹ، مرل، پینگاسیئس، تلپیا، ٹراؤٹ،  سی - ویڈ ، آرائش کے لیے  پالی جانے والی  مچھلیوں ، آبی ذخائر میں ماہی گیری، سرد پانی میں ماہی گیری،  کیج کلچر، نامیاتی ماہی گیری اور دریائی ماہی گیری سمیت مچھلیوں کی مختلف اقسام اور شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کلسٹروں کو مربوط ترقی کے مراکز کے طور پر قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے، جہاں پیداوار سے پہلے کے مراحل، پیداوار اور بعد از برداشت سرگرمیوں میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے ساتھ ٹیکنالوجی کے استعمال، منڈیوں سے رابطے اور مصنوعات کی قدر میں اضافے کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، کلسٹر پر مبنی طریقہ کار کے تحت نبارڈ جیسے اداروں سے مالی معاونت حاصل کی جائے گی اور نجی کاروباری افراد سمیت دیگر متعلقہ فریقوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ماہی گیری اور ایکوا کلچر کے شعبے کو جدید، زیادہ پیداوار اور تجارتی اعتبار سے پائیدار بنانے میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی خصوصی توجہ دی۔ انہوں نے پردھان منتری متسیہ سمپدا یوجنا (پی ایم ایم ایس وائی) کے تحت جدید ایکوا کلچر کی ٹیکنالوجیز، جیسے پانی کو دوبارہ گردش میں لانے والے آبی نظام (آر اے ایس)، بایوفلاک، آبی ذخائر اور سمندر میں کیج  کلچر، ریس ویز، پین کلچر اور ہیچری کے بہتر نظام اور سیڈ پروڈکشن سسٹم کے طریقوں کو اپنانے کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے پانی کے معیار کی نگرانی، مچھلیوں کی صحت کے انتظام، خوراک دینے کے طریقوں، بیماریوں کی نگرانی اور کام کاج کی کارکردگی بہتر بنانے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انٹرنیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی)، مشین لرننگ اور ڈرون کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رول پر بھی زور دیا۔

کاروبار کو فروغ دینے اور ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے  ،انہوں نے بتایا کہ مختلف اقدامات، بشمول پی ایم ایم ایس وائی اور پردھان منتری متسیہ کسان سمردھی سہ یوجنا (پی ایم-ایم کے ایس ایس وائی) کے ذریعے ماہی گیری کے شعبے میں نئے کاروباری اداروں، نوجوان کاروباری افراد، ماہی پرور کسان پروڈیوسر تنظیموں (ایف ایف پی اوز)، کوآپریٹیو اور خود امدادی گروپوں (ایس ایچ جیز) کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ماہی گیری سے وابستہ کوآپریٹیو اور ایف ایف پی اوز کو مضبوط بنانے، انہیں ادارہ جاتی قرض، مالی امداد اور صلاحیت سازی کی سہولتوں تک بہتر رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس (او این ڈی سی) جیسے ڈیجیٹل مارکیٹ پلیٹ فارمز سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے قومی ماہی گیری ڈیجیٹل پلیٹ فارم (این ایف ڈی پی) کے کردار کو بھی اجاگر کیا، جو اس شعبے کو باضابطہ بنانے اور قرض، بیمہ اور دیگر سرکاری اسکیموں کے فوائد تک رسائی آسان بنانے میں مددگار ہے۔

انہوں نے پوری  ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے جدید ماہی گیری کے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس میں اسمارٹ اور مربوط ماہی گیری کی بندرگاہیں، مچھلی اتارنے کے جدید مراکز، تھوک اور خردہ مچھلی منڈیاں،  کولڈ چین کی سہولتیں، نقل و حمل اور رسد کے نیٹ ورک، پروسیسنگ یونٹس اور قدر افزا مصنوعات کی تیاری شامل ہیں۔ انہوں نے ماہی گیری کے متنوع شعبوں، جیسے سمندری گھاس کی کاشت، آرائش کے لیے مچھلیوں کا پالا جانا ، موتیوں کی پیداوار اور سمندر میں ایکوا کلچر کی دیگر سرگرمیوں میں ابھرتے ہوئے مواقع کو بھی اجاگر کیا، جن سے خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزگار اور کاروبار کے اضافی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے ماہی گیروں اور مچھلی پالنے والے کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور سمندری خوراک کی عالمی منڈیوں میں بھارت کی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے مچھلی پکڑنے کے بعد  ، اس کے بہتر انتظام، پروسیسنگ اور قدر میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261127161601_77f6f6.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261127161606_91fadd.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261127161611_2f857c.jpg

 

ملک بھر کے مختلف ماہی گیری کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء، کرشی وگیان کیندروں (کے وی کیز)، بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) کے اداروں اور مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ماہی گیری کے محکموں کے نمائندوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے  ، اس پروگرام میں شرکت کی۔ سکریٹری نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ روزگار کے روایتی ذرائع سے آگے بڑھ کر ماہی گیری اور ایکوا کلچر کے مختلف شعبوں میں ابھرنے والے نئے مواقع تلاش کریں۔ اس موقع پر کالج آف فشری سائنس کے طلباء نے اس شعبے سے متعلق اپنے خیالات اور نقطۂ نظر پیش کیے اور انٹرن شپ اور روزگار کے مواقع تک رسائی آسان بنانے کے لیے معلومات کے تبادلے کا ایک پلیٹ فارم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ماہی گیری کے شعبے میں خود روزگاری اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے حکومتِ ہند کی مختلف اسکیموں اور اقدامات کے بارے میں جاننے میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔

ڈاکٹر لیکھی نے مہاراشٹر کے ناگپور میں واقع کالج آف فشری سائنس کی مختلف سہولتوں کا بھی دورہ کیا، جن میں  فِش سیڈ یونٹ ، ہیچریاں، نمائش اور عجائب گھر شامل ہیں۔ انہوں نے فشریز ٹیکنالوجی کمپلیکس کا بھی دورہ کیا، جسے اندرونِ ملک ماہی گیری کے لیے ایک جامع اور ہمہ گیر مرکز کے طور پر قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے، جہاں تحقیق، تربیت، تشخیص اور عملی مظاہرے کی سہولتیں ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی۔ یہ کمپلیکس حکومتِ ہند کی فشریز اینڈ ایکوا کلچر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ فنڈ (ایف آئی ڈی ایف) اسکیم کے تحت قائم کیا جا رہا ہے، جس پر 19.69 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔


https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image006_20261127161657_93a46e.jpg https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image007_20261127161703_3b04dc.jpg

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔

(ش ح ۔ ا ع خ۔ ع ا)

U.No. 8366


(ریلیز آئی ڈی: 2342677) وزیٹر کاؤنٹر : 2
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी