مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 4:51PM by PIB Delhi
ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا (ٹی آر اے آئی) نے آج ایک ہدایت جاری کرتے ہوئے 1601 سیریز کے استعمال کو مزید وسعت دے دی ہے۔ اس سیریز کو محکمۂ ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) نے بینکنگ، مالیاتی خدمات اور بیمہ (بی ایف ایس آئی) کے شعبے اور سرکاری اداروں کے علاوہ دیگر شعبوں کے اہل اداروں کو مختص کیا ہے، تاکہ وہ اسے خصوصی طور پر اپنے صارفین کو خدمات اور لین دین سے متعلق وائس کالز کرنے کے لیے استعمال کر سکیں۔
1601 سیریز کے نفاذ کے دوسرے مرحلے کے تحت درج ذیل شعبوں کے ادارے مقررہ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے کی صورت میں اس سیریز سے نمبر حاصل کرنے کے اہل ہوں گے:
- ریٹیل چینز، ای کامرس، اسپتال، تشخیصی لیب، ٹیلی کام خدمات فراہم کرنے والے ادارے، انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے والے ادارے (آئی ایس پیز)، آٹوموبائل کی فروخت، آٹوموبائل کی مرمت اور دیکھ ریکھ، ٹریول ایجنسیاں، کمرشیل ایئرلائنز، فوڈ ایگریگیٹرز، رائیڈ ہیلنگ ایگریگیٹرز اور قرض فراہم کرنے والے ادارے (ایل ایس پیز) اس میں شامل ہیں۔ صرف وہی ادارے اس سہولت کے اہل ہوں گے جن کا گزشتہ تین مالی سالوں میں سے کم از کم ایک سال کا سالانہ کاروبار 500 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ ہوگا۔
- ڈسٹری بیوشن پلیٹ فارم آپریٹرز (ڈی پی اوز)، جیسے ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ)، ہیڈ اینڈ اِن دی اسکائی (ہِٹس)، انٹرنیٹ پروٹوکول ٹیلی ویژن (آئی پی ٹی وی) سروس فراہم کرنے والے ادارے اور ملٹی سسٹم آپریٹرز (ایم ایس اوز)، جن کے صارفین کی تعداد گزشتہ بارہ مہینوں کے دوران کسی بھی ایک ماہ میں 10 لاکھ یا اس سے زیادہ رہی ہو۔
- 1601 سیریز کے نمبر صرف ان کمپنیوں کو مختص کیے جائیں گے جو متعلقہ قوانین کے تحت ہندوستان میں رجسٹرڈ ہوں۔
اس سے قبل، نفاذ کے پہلے مرحلے کے تحت، ٹی آر اے آئی نے 10 اگست 2026 کو جاری کردہ اپنی ہدایت کے ذریعے یوٹیلٹیز، لاجسٹکس اور کورئیر سروسز کے شعبوں کو 1601 سیریز کے نمبر مختص کرنے کی اجازت دی تھی۔
صارفین کے لیے ایک قابل اعتماد نمبر فراہم کرنے کی سیریز
1601 سیریز کو بینکنگ، مالیاتی خدمات اور بیمہ (بی ایف ایس آئی) کے شعبے اور سرکاری اداروں کے علاوہ دیگر شعبوں کے اداروں کی جانب سے صرف خدمات اور لین دین سے متعلق وائس کالز کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، جبکہ اس کا استعمال تشہیری وائس کالز کرنے کے لیے سختی سے ممنوع ہے۔ ایک قابل اعتماد ذریعہ ہونے کے ناطے، اس سیریز کے نمبر صرف تصدیق شدہ اداروں کو ہی مختص کیے جاتے ہیں، جس سے صارفین کے لیے خدمات اور لین دین سے متعلق مستند کالز کی آسانی سے شناخت کرنا ممکن ہوتا ہے۔ یہ اقدام ان دھوکے بازوں کی جعل سازی سے نمٹنے کا ایک اہم ذریعہ ہے جو عام 10 ہندسوں والے نمبروں کا استعمال کرکے خود کو مستند کاروباری اداروں کا نمائندہ ظاہر کرتے ہیں۔
مقررہ مدت میں رجسٹریشن اور رپورٹنگ
رسائی فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہدایت جاری ہونے کی تاریخ سے 180 دن کے اندر تمام اہل اداروں کی رجسٹریشن اور منتقلی کا عمل مکمل کریں۔ انہیں اہل اداروں کے درمیان اس سیریز کی دستیابی کے بارے میں تشہیر کرنی ہوگی، ہر پندرہ دن بعد ٹی آر اے آئی کو پیش رفت کی رپورٹ جمع کرانی ہوگی اور 180 دن کی نفاذی مدت ختم ہونے کے بعد پندرہ دن کے اندر حتمی تعمیلی رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ نفاذ کے جائزے کی بنیاد پر اتھارٹی وقتاً فوقتاً مزید شعبوں یا اہل اداروں کو اس میں شامل کرنے کا اعلان کر سکتی ہے۔
****************
ش ح۔ش ب ۔ م الف
U N-8374