نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جمہوریہ نے نئی دہلی میں ہولی فیملی اسپتال کے نئے سپر اسپیشلٹی بلاک کا افتتاح کیا


نائب صدر جمہوریہ نے کینسر کے علاج اور تحقیق کو مستحکم بنانے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں پر زور دیا

طبی تحقیق کے فوائد سبھی افراد تک پہنچنے چاہئیں، نہ کہ صرف چند لوگوں تک محدود رہیں: نائب صدر جمہوریہ

طبی اداروں کو طبی مہارت کے ساتھ ہمدردی اور کفایتی علاج کی سہولت کو بھی یکجا کرنا چاہیے: نائب صدر جمہوریہ

صحت مند ہندوستان، وکست بھارت @2047 کی بنیاد ہے: نائب صدر جمہوریہ

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 2:01PM by PIB Delhi

ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ جناب سی  پی رادھا کرشنن نے آج نئی دہلی کے اوکھلا میں ہولی فیملی اسپتال کے نئے سپر اسپیشلٹی بلاک کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ہولی فیملی اسپتال سووینئر 2026 کا اجراء بھی کیا اور نئے بلاک کی تعمیر سے وابستہ افراد کو اعزاز سے نوازا۔

اسپتال کی تاریخی وراثت کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ اس کا سنگ بنیاد 1953 میں ہندوستان کے اُس وقت کے نائب صدر جمہوریہ ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن نے رکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وراثت کا تسلسل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ نیک مقاصد کے تحت قائم کیے گئے ادارے نسل در نسل معاشرے کی خدمت انجام دیتے رہے ہیں۔

ذات، عقیدے، مذہب یا معاشی حیثیت سے قطع نظر سب کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے اسپتال کے عزم کو سراہتے ہوئے جناب سی  پی  رادھا کرشنن نے کہا کہ ہندوستانی تہذیبی اقدار کا فلسفہ باہمی احترام اور ہر فرد کو اپنے عقیدے پر عمل کرنے کی آزادی دینے پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اقدامات اور بے لوث خدمت کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے اور ان کی ستائش کی جانی چاہیے۔

کینسر کے خلاف جدوجہد میں مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ملک بھر کے کینسر کے علاج کے اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی اپیل کی، تاکہ وہ تحقیق، معلومات اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طبی تحقیق اور اختراع کے فوائد سبھی طبقات تک پہنچنے چاہئیں اور انہیں صرف چند ممالک یا مراعات یافتہ طبقوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے اس طرح کے اشتراک کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کرنے پر اپنی آمادگی کا اظہار کیا۔

نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ نئے سپر اسپیشلٹی بلاک سے خصوصی طبی سہولیات تک لوگوں کی رسائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سہولیات کی کامیابی کا انحصار بالآخر اس بات پر ہوگا کہ وہ جدید طبی علاج کو کم خرچ ، ہمدردی اور انسانی جذبے کے ساتھ کس طرح یکجا کرتی ہیں۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ہندوستان کے طبی بنیادی ڈھانچے میں توسیع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اور پی ایم جن آروگیہ یوجنا جیسی پہل سے معاشی طور پر کمزور کنبوں پر اسپتال میں داخلے کے اخراجات کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ایمس اداروں، میڈیکل کالجوں اور ایم بی بی ایس و پوسٹ گریجویٹ طبی نشستوں میں نمایاں اضافے کو بھی اجاگر کیا، جس سے ملک بھر کے لوگوں کو خصوصی طبی سہولیات اور طبی تعلیم تک زیادہ آسانی سے رسائی حاصل ہوئی ہے۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وکست بھارت @2047 کے تصور کے تحت اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ ترقی کے فوائد ہر شہری تک پہنچیں، جن میں دیہات اور چھوٹے شہروں میں رہنے والے لوگ بھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے طبی نظام کو مضبوط بنانے میں فلاحی اسپتال اور رضاکارانہ تنظیمیں اہم شراکت دار ہیں۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صرف بنیادی ڈھانچہ اور جدید آلات ہی کسی اسپتال کی صلاحیت کا تعین نہیں کر سکتے، جناب سی  پی رادھا کرشنن نے کہا کہ اس کی اصل طاقت اس کے طبی عملے کی لگن، مہارت اور انسانی جذبے میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ ملک کی تعمیر کے لیے صحت مند معاشرہ ناگزیر ہے اور پائیدار و جامع ترقی کے لیے اجتماعی کوششوں کی اپیل کی۔

جناب آندریا فرانسیا، ہندوستان میں اپوسٹولک نونشیچر کے ناظم الامور؛ ریورنڈ آرچ بشپ انیل جے ٹی کوٹو، صدر، نئی دہلی ہولی فیملی اسپتال سوسائٹی؛ ریورنڈ دیپک ویلیرین ٹورو، آرچ ڈایوسیس آف دہلی کے معاون بشپ؛ فادر جارج پی۔ اے۔، ڈائریکٹر، ہولی فیملی اسپتال اور دیگر معزز شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔

*****************

ش ح۔ش ب ۔ م الف

U N-8357


(ریلیز آئی ڈی: 2342515) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati