شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

تعلیمی اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایم او ایس پی آئی اور اشوکا یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 NOV 2026 2:52PM by PIB Delhi

شماریات اور پروگراموں کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) اور اشوکا یونیورسٹی کے درمیان 27 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر ایم او ایس پی آئی کے سکریٹری ڈاکٹر سوربھ گرگ؛ وزارت کے ڈائریکٹر جنرل (ڈیٹا گورننس) جناب پورنیندو کشور بنرجی؛ اشوکا یونیورسٹی کی ڈین ڈاکٹر پراچی مشرا اور وزارت کے سینئر افسران موجود تھے۔ مفاہمت کی یادداشت پر وزارت کے صلاحیت سازی ڈویژن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جناب آر راجیش اور اشوکا یونیورسٹی کے رجسٹرار جناب سچن شرما نے دستخط کیے۔ نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے این ایس ایس ٹی اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محترمہ رینا سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اشتراک دو ایسے اداروں کو ایک ساتھ لانے کی بنیاد فراہم کرے گا، جن کا مشترکہ مقصد علم کو فروغ دینا اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے لیے ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔

ڈاکٹر سوربھ گرگ نے اپنے خطاب میں تحقیق کے نتائج کو مؤثر انداز میں دوسروں تک پہنچانے کے لیے ایک جامع اشتراکی لائحۂ عمل تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے تربیت اور عملی تحقیق سے متعلق اقدامات کو فروغ دینے اور اعداد و شمار کے انتظام و حکمرانی کے لیے ایک مربوط اور ہم آہنگ طریقۂ کار وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب مہارتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے، اختراع کو فروغ دینے اور ملک کے شماریاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے سرکاری اداروں اور تعلیمی تنظیموں کے درمیان ہم آہنگی اور اشتراک کو فروغ دینا ضروری ہے۔

اس مفاہمت کی یادداشت کے تحت مختلف شعبوں میں اشتراک کا تصور پیش کیا گیا ہے، جن میں اساتذہ کا تبادلہ، تعلیمی دورے، مشترکہ تحقیق، تعلیمی وسائل اور مطبوعات کا تبادلہ، مشترکہ سیمینار، کانفرنسیں اور ورکشاپس منعقد کرنا، ضرورت کے مطابق مختصر مدتی تعلیمی پروگرام ترتیب دینا وغیرہ شامل ہیں۔ توقع ہے کہ ان اقدامات سے شماریات اور ڈیٹا گورننس کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں علم، مہارت اور خیالات کے باہمی تبادلے کو فروغ ملے گا، ساتھ ہی تحقیق اور شماریات کے اختراعی طریقۂ کار کی تیاری اور انہیں اپنانے کی حوصلہ افزائی بھی ہوگی۔

یہ مفاہمت کی یادداشت ایک مضبوط، جواب دہ، اختراعی اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ قومی شماریاتی نظام کی تشکیل کی کوششوں کے تحت شماریاتی اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط تر ادارہ جاتی روابط قائم کرنے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.8359


(ریلیز آئی ڈی: 2342512) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी