پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 NOV 2026 12:09PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے آج کہا کہ عالمی سطح پر غیر یقینی حالات کے باوجود بھارت کی ترقی کا سفر مضبوط، مستحکم اور قابلِ اعتماد ہے اور ملک دنیا کی جانب سے اس پر ظاہر کیے گئے اعتماد پر پورا اتر رہا ہے۔ انڈیا ڈیبٹ کیپٹل مارکیٹ سمٹ 2026 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کی اقتصادی کارکردگی، مسلسل جاری اصلاحات، تجارت کے بڑھتے ہوئے مواقع اور ملک کے ترقیاتی عزائم کی تکمیل میں قرض کی منڈیوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 7.8 فیصد شرحِ نمو درج کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ ملک دوسری سہ ماہی میں بھی ترقی کی اس رفتار کو برقرار رکھنے کی راہ پر گامزن ہے۔ مجموعی مستقل سرمایہ کاری میں تقریباً 12 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ سال کے پہلے سات مہینوں میں برآمدات پہلے ہی 570 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ٹریلین امریکی ڈالر کے برآمداتی ہدف کو حاصل کرنے کی سمت میں پوری طرح آگے بڑھ رہا ہے۔ رواں سال مئی میں جب یہ ہدف مقرر کیا گیا تھا تو اسے ناقابلِ تصور اور بلند عزائم کا حامل سمجھا جا رہا تھا۔ قرض کی فراہمی میں تقریباً 19 فیصد اضافہ بھی ایک مثبت اشارہ ہے، خاص طور پر قرض کی منڈیوں کے لیے۔
جناب گوئل نے کہا کہ بھارت نے جاری دو جنگوں، تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے، محصولات اور عالمی تجارتی مواقع سے متعلق غیر یقینی صورتِ حال، سمندری راستوں میں رکاوٹوں اور ہوائی سفر کو متاثر کرنے والے وقفے وقفے سے ہونے والے حملوں کے باوجود اپنی مضبوطی اور حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان چیلنجوں کے باوجود بھارت کی ترقی کے سفر پر دنیا کا اعتماد برقرار رہا ہے اور ملک اس اعتماد پر پورا اترا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا ہے، نئی پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنایا ہے اور کاروباری اداروں و متعلقہ فریقوں سے رابطے کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں۔ حکومت اگلے 20 سے 25 برسوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ وِکست بھارت 2047 کا تصور نظام میں پوری طرح رچ بس گیا ہے اور 30 ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت بننے کا ہدف بھی پیش نظر ہے۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ملک میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو بہتر معیارِ زندگی، اچھی تعلیم، صحت کی سہولتوں اور زیادہ مواقع تک رسائی حاصل ہو۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کو حتمی شکل دینے اور جی ایس ٹی نظام میں اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ اسے آسان بنایا جا سکے اور ٹیکس کی شرحوں میں کمی لائی جا سکے، جس سے کھپت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جی ایس ٹی کی وصولی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اکتوبر میں اس نے اب تک کی سب سے بلند سطح درج کی۔ اکتوبر میں برآمدات نے بھی ریکارڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک ہی ماہ میں ان کی مالیت 90 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔
انہوں نے کہا کہ کئی اہم آزاد تجارتی معاہدے ابھی نافذ العمل نہیں ہوئے ہیں۔ بھارت اور یوروپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر رواں سال کے آخر میں دستخط ہونے اور اگلے سال مارچ یا اپریل تک اس کے نافذ العمل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی معاہدہ بھی تکمیل کے قریب ہے اور اسے حتمی شکل دینے کے لیے طریقۂ کار اور لائحۂ عمل اب واضح شکل اختیار کرنے لگا ہے۔
قرض کی سرمایہ منڈی کے پورے نظام سے وابستہ تمام فریقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لیے منتظمین کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ سمٹ کا موضوع ’محرکات، عروج اور قرض‘ بھارت کی ترقی کے سفر کے تناظر میں موجودہ دور سے ہم آہنگ اور نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانڈ اور قرض کی منڈیاں اعتماد کی اہمیت کی عکاس ہیں، کیونکہ ان کا انحصار قرض لینے والوں کی ساکھ اور قابلِ اعتماد ہونے پر ہوتا ہے۔
جناب گوئل نے کہا کہ دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ بھارت کی قابلِ اعتماد شراکت داری، ترجیحی تجارتی معاہدوں، دوطرفہ معاہدوں اور آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے روابط قائم کرنے کی بنیاد ہے۔ ملک کی ترقی کا سفر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن، 4 ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت سے حاصل ہونے والے مواقع اور 30 ٹریلین امریکی ڈالر کی معیشت کی جانب پیش رفت، نیز عالمی شراکت داروں کے لیے بھارت کی قابلِ اعتماد شراکت داری پر مبنی ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت اب ایک پسندیدہ شراکت دار، سرمایہ کاری کے لیے پُرکشش مقام اور آئندہ دو سے تین دہائیوں کے لیے ایک قابلِ اعتماد ساتھی کے طور پر ابھرا ہے۔ انہوں نے ملک کی بڑھتی ہوئی مینوفیکچرنگ اور برآمداتی صلاحیتوں، آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے عالمی معیشت میں اس کے انضمام اور بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ 30 برسوں میں بھارت میں اتنی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، جتنی اس وقت ملک میں موجود تمام رہائشی اور تجارتی عمارتوں کی مجموعی تعداد ہے۔ یہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے وسیع پیمانے اور مختلف شعبوں میں پیدا ہونے والے مواقع کی عکاسی کرتا ہے۔
جناب گوئل نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کے معیشت پر نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں، تاہم بھارت کی طویل مدتی ترقی پر اس کے اثرات کا جائزہ ملک کی بدلتی ہوئی اقتصادی بنیادوں کے تناظر میں لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 20 سال پہلے کے مقابلے میں بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر، بیرونِ ملک سے بھیجی جانے والی رقوم اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت 700 ارب امریکی ڈالر سے زائد کی برآمدات کر رہا ہے، جبکہ توقع ہے کہ رواں سال اس کی مجموعی برآمدات ایک ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) 4 ٹریلین امریکی ڈالر ہے، جس کے ساتھ وہ دنیا کی پانچ یا چھ بڑی معیشتوں میں شامل ہے۔ قوتِ خرید کی برابری (پرچیزنگ پاور پیریٹی) کی بنیاد پر بھارت کی جی ڈی پی تقریباً 18 سے 19 ٹریلین امریکی ڈالر ہے۔ یہ ملک کی اشیا اور خدمات کو جذب کرنے اور مسابقتی قیمتوں پر پیداوار کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت کی موجودہ اقتصادی حیثیت کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں چند ڈالر کا اتار چڑھاؤ ملک کے طویل مدتی مستقبل کا تعین نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا قومی قرض دنیا میں اب بھی کم ترین سطح پر ہے اور اس کے مجموعی قرض میں بیرونی قرض کا حصہ بھی نمایاں طور پر کم ہے۔ یہ عوامل بھارت کی ترقی کے سفر کے پائیدار ہونے کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت نے دنیا کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کبھی کوتاہی نہیں کی، حتیٰ کہ کووڈ-19 وبا کے دوران بھی نہیں۔
جناب گوئل نے کہا کہ بھارت میں شرحِ سود معتدل سطح پر برقرار ہے اور انہوں نے ملک کے اقتصادی امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور چھوٹے انفرادی سرمایہ کاروں نے بازار میں اتار چڑھاؤ کے دوران اسے سہارا دیا ہے، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب غیر ملکی سرمایہ کار اپنی رقم نکال رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ترقی کا سفر محفوظ، مضبوط، مستحکم اور قابلِ اعتماد ہے۔
وزیر موصوف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی اقتصادی تبدیلی محض اتفاق یا قسمت کا نتیجہ نہیں، بلکہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران مختلف شعبوں میں مسلسل اصلاحات اور تبدیلی لانے والے اقدامات کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے پر توجہ دے رہی ہے، جن میں خوراک، لباس، رہائش، صحت کی سہولتیں، تعلیم، اچھی سڑکیں، معیاری بجلی اور ڈیجیٹل رابطے کی سہولت شامل ہیں۔
انہوں نے ہر گاؤں کے ہر گھر تک پانی پہنچانے کے لیے جل جیون مشن کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ 12 برسوں میں 50 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ آمدنی میں اضافے اور لوگوں کے نئے متوسط طبقے، متوسط طبقے اور اعلیٰ متوسط طبقے میں شامل ہونے کے ساتھ ہی بازار میں بڑے پیمانے پر نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
جناب گوئل نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی، کھپت اور اقتصادی نمو میں اضافہ، نیز آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے نئی منڈیوں تک رسائی کے مواقع، بھارت کے صنعت کاروں، زرعی اور سمندری مصنوعات کے برآمد کنندگان اور خدمات فراہم کرنے والوں کے لیے نئے امکانات پیدا کریں گے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ بھارت مسلسل اصلاحات اور عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کی مستقل کوششوں کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔
وزیر موصوف نے بھارت کی برآمدات کو اگلی سطح تک لے جانے اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا، تاکہ ’میک اِن انڈیا‘ پہل کو عالمی سطح پر مسابقتی پیداواری مرکز بنایا جا سکے۔ انہوں نے بھارت میں مصنوعات کی قدر میں اضافے اور معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ باصلاحیت افراد کا وسیع تر ذخیرہ تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، تاکہ ملک مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں صفِ اول پر رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے ۔انہوں نے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی اے) کے ذریعے ترجیحی منڈیوں تک اس کی رسائی میں توسیع کو بھی اجاگر کیا۔ 2014 تک بھارت کے آزاد تجارتی معاہدوں میں شامل ممالک کی مجموعی جی ڈی پی تقریباً 10 ٹریلین امریکی ڈالر تھی، جبکہ عالمی جی ڈی پی تقریباً 115 ٹریلین امریکی ڈالر تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار سے پانچ برسوں میں 38 ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ طے پانے والے 9 آزاد تجارتی معاہدوں کے دائرے میں 60 ٹریلین امریکی ڈالر کی جی ڈی پی والی معیشتیں شامل ہیں۔ پہلے سے موجود معاہدوں کو ملا کر اب بھارت کو ایسی معیشتوں کی منڈیوں تک ترجیحی رسائی حاصل ہے، جن کی مجموعی جی ڈی پی 70 ٹریلین امریکی ڈالر ہے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت مزید 8 یا 9 معاہدوں پر بات چیت کر رہا ہے اور توقع ہے کہ ان کے ذریعے منڈیوں تک مزید 15 ٹریلین امریکی ڈالر کی رسائی حاصل ہوگی۔ اس طرح عالمی جی ڈی پی کے 115 سے 120 ٹریلین امریکی ڈالر میں سے بھارت کی ترجیحی منڈیوں تک رسائی کا دائرہ بڑھ کر 85 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا تقریباً ہر ملک بھارت کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ کرنا چاہتا ہے، جو ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر بھارت کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور بھارتی کاروباری اداروں کے لیے دستیاب مواقع کی عکاسی کرتا ہے۔
سمٹ کے موضوع کا حوالہ دیتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبہ مشترکہ طور پر ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے محرک کا کردار ادا کر رہے ہیں، ساتھ ہی دونوں کی جانب سے سرمایہ جاتی اخراجات میں اضافے کی راہیں بھی کھل رہی ہیں۔ قرض کی فراہمی میں اضافے کا رجحان بھارت کی ترقی کے سفر کی کشش اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ یونٹس، بجلی کے گرڈ، ڈیٹا سینٹرز اور ممبئی کے قریب ودھاون میں قائم ہونے والی نئی بندرگاہ کی توسیع سے معیشت میں قرض کی بڑے پیمانے پر ضرورت پیدا ہوگی۔ وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت کی ترقی کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے میں قرض کی منڈیاں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کا مالیاتی نظام آئندہ دو سے تین دہائیوں کے دوران سامنے آنے والے مواقع کے حجم، تنوع اور مدت کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے معیشت کی قرض سے متعلق ضروریات پوری کرنے کے لیے تیز رفتار اور زیادہ مؤثر مالیاتی نظام کے ساتھ ساتھ پُرکشش اور اختراعی مالیاتی ذرائع کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں نجی سرمایہ، سرمایہ فراہم کرنے کا ایک زیادہ اہم ذریعہ بن جائے گا۔ عالمی بانڈ اشاریوں میں بھارت کی شمولیت بھی قرض کی منڈیوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیر موصوف نے قرض کی سرمایہ منڈی کے پورے نظام کے لیے پانچ اہم ترجیحات کا خاکہ پیش کیا:
اول، انہوں نے بڑے کارپوریٹ اداروں، سرکاری شعبے کے اداروں اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تیار کرنے والوں سمیت بانڈ جاری کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ سرمایہ جاتی اخراجات، بالخصوص طویل مدت میں مکمل ہونے والے منصوبوں کے لیے سرمایہ حاصل کرنے کی غرض سے سب سے پہلے بانڈ مارکیٹ سے رجوع کریں۔ انہوں نے ان کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے اختراعی حل تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دوم، انہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ طویل مدتی قرض اور قرض کی فراہمی کے وسیع تر نظام کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیمہ کمپنیاں، پنشن کمپنیاں، پنشن فنڈز، پروویڈنٹ فنڈز اور میوچل فنڈز تیزی سے طویل مدتی سرمایہ کاری کی صلاحیت رکھنے والے اداروں کے طور پر ابھر رہے ہیں۔ انہوں نے ان اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ صرف اے اے اے درجہ بندی والے مالیاتی ذرائع تک محدود نہ رہیں۔
سوم، انہوں نے بازار سے اپیل کی کہ بانڈز کی خرید و فروخت کو آسان بنایا جائے اور حصص بازار کی طرز پر لین دین فوری طور پر ممکن بنایا جائے۔
چہارم، انہوں نے برآمد کنندگان اور انہیں مالی وسائل فراہم کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ آزاد تجارتی معاہدوں کے ذریعے پیدا ہونے والے مواقع کو سرمایہ کاری کے فیصلوں میں تبدیل کریں اور کھلنے والی نئی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی صلاحیت میں اضافہ کریں۔
پنجم، انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور اس شعبے سے مزید اصلاحات اور بہتری کے لیے تجاویز اور خیالات پیش کرنے کی اپیل کی۔
وزیر موصوف نے بھارت کی مسلسل ترقی اور حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بات ختم کی۔ انہوں نے ملک کے اقتصادی عزائم کی تکمیل کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
****
(ش ح ۔رک)
U. No.8350